State Of The Art Studio
سٹیٹ آف دی آرٹ سٹوڈیو
میں نے کوشش کی ہے کہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ سٹوڈیو بنا پاؤں جہاں کچھ لوگوں کو ریکارڈ کر سکوں جس کی آرکائیول ویلیو ہو۔ یہ شوبز ستاروں، سیاستدانوں اور ٹک ٹاکروں سے ہٹ کر ان لوگوں کے ساتھ نشست رکھی جائے جو اپنے شعبہ جات کے قابل لوگ ہیں۔ عام سادہ گفتگو ہو۔ بناوٹ سے پاک۔ میں جانتا ہوں کہ جب تک پوڈ کاسٹ سنسنی خیز یا ٹُچی یا ڈرامائی نہ ہو وہ چسکے کے ماحول میں نہیں چل سکتی۔ مجھے ویسی چلانی بھی نہیں۔ میرا مقصد ہی کچھ اور ہے۔
اب جب میں پروفیشنل گریڈ ایکوپمنٹ (جو کہ آدھا تو میرے پاس پہلے سے تھا کیمرے وغیرہ) پر لاکھوں لگا چکا ہوں تو یہ بس برائے شوق لگائے ہیں۔ ہاں یہ سب یوٹیوب پر پوسٹ کرنے کی سوچی ہے اس کی دو اہم وجوہات ہیں۔
-اول، فیسبک ویڈیو کا پروفیشنل فورم نہیں۔ یہاں پوسٹس کی بھیڑ میں ویڈیو نیچے دب جاتی ہے اور کسی کو کسی ٹاپک سے متعلقہ ویڈیو دیکھنا ہو تو وہ سرچ کرتا ہی رہ جاتا ہے۔ یوٹیوب ایک پروفیشنل سٹریمنگ پلیٹ فارم ہے جس پر صرف ویڈیوز ہی چینل پر موجود ہوتیں ہیں۔
۔ دوم، میں نے سوچ بچار کے بعد فیصلہ لیا کہ اگر کل کو یوٹیوب سے کوئی آمدن ہونے لگتی ہے تو وہ کسی فلاحی کام میں صرف کروں گا۔ یہ میرا خود سے اور اپنے خدا سے وعدہ ہے کہ اس کمائی کی مجھے ضرورت نہیں۔ میرے وسائل ہیں تو شوق کے لیے یہ سب بنا دیا ہے۔ نہ ہوتے تو کیسے بنتا۔ جب تلک خدا نے میرے دیگر انکم وسائل بحال رکھے تب تلک اس چینل کی ساری کمائی (صرف معمولی رینٹ اور بجلی کے بل نکال کر) کسی فلاحی کام میں استعمال کی جائے گی۔ میں چاہتا ہوں کہ ایسا سیلف سپورٹ سیٹ آپ بن پائے کہ کچھ لوگوں کی مدد کا سلسلہ بن جائے۔
یہ شوق تھا اور شوق کا مول نہیں ہوتا۔ یہ انویسٹمنٹ نہیں ہے۔ میں نے یہ جانتے ہوئے سٹیپ لیا کہ اس پر آنے والی لاگت کھوہ میں ڈال رہا ہوں اور بس۔ اب جب ڈال دی ہے تو پھر اس سے مجھے کیا فرق پڑتا ہے کہ یہ چلے یا نہ چلے۔ بس چند ہزار ماہانہ میری جیب سے اس کا رینٹ اور بجلی بل ہی جائے گا ناں وہ میں افورڈ کر سکتا۔ رینٹ اس کا معمولی ہے کیونکہ جگہ خوش بختی سے ایسی مل گئی جو گھر سے چند قدموں پر ہے اور مدت سے خالی پلازہ تھا کوئی کمرشل سرگرمی ایسی یہاں ڈویلپ نہیں ہو سکی۔ مالک بس کسی طرح دینے پر تُلا تھا کہ کچھ تو آئے اور مجھے یہ موقع اچھا لگا۔ بجلی کا بل کتنا آ جانا چوبیس گھنٹے میں دو گھنٹے ہی تو چلنا یہ وہ بھی جب مجھے فرصت ہو۔ جاب سے آ کر رات کو ہی وہاں بیٹھ سکتا ہوں ایک دو گھنٹے یا پھر ویک اینڈ پر۔ ہاں چل جائے تو کچھ لوگوں کی زندگی کو فرق پڑ سکتا ہے۔ یہ سب اس سے کما کر تھوڑی بنایا یہ تو جیب سے بنایا اور جب بنا لیا تو کسی کے کام آ سکے تو کیا حرج ہے۔
مکمل ہوتا ہے تو آپ کو تفصیلی ٹور کرواؤں گا۔ دکھاؤں گا۔ چونکہ یہ میری فیلڈ ہے اس لئے ایسے تمام فالورز جو فوٹوگرافی یا ویڈیوگرافی کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ان کو متبادل ایکوپمنٹ بھی بتاؤں گا ساتھ ساتھ تاکہ وہ محدود یا قلیل بجٹ میں اپنا ہوم سٹوڈیو یا سیٹ آپ بنا سکیں۔ ان کو لائٹنگ سے لیکر آڈیو ایکوپمنٹ اور کیمرا ریکارڈنگ سے لیکر لمبی ریکارڈنگ کرنے میں آنی والی تکنیکی مشکلات کا حل بھی بتاؤں گا (کوئی بھی کیمرا تیس منٹ سے زیادہ 4K ریکارڈنگ نہیں کرتا ماسوائے سینما کیمروں کے جو بنے ہی اسی مقصد واسطے ہیں اور ظاہر ہے وہ بہت بہت مہنگے ہیں۔ باقی تمام ہائبرڈ کیمرے تیس منٹ بعد ہیٹ آپ ہو کر ریکارڈنگ بند کر دیتے ہیں یا ان میں کمپنی کی جانب سے ہی تیس منٹ ریکارڈنگ کی لمٹ لگی ہوتی ہے۔ اور ظاہر ہے اگر آپ پوڈ کاسٹ ریکارڈ کر رہے ہیں تو وہ گفتگو پینتالیس منٹ سے لے کر ڈیڑھ گھنٹہ تک طویل ہو سکتی ہے)۔