Thursday, 09 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Shadi Ki Salgirah

Shadi Ki Salgirah

شادی کی سالگرہ

آج نو جولائی میری شادی کی سالگرہ ہے۔ یہ دن مجھے نہیں بھولتا اور بیگم کو سارا سال اسی دن کا انتظار رہتا ہے۔ جوں جوں یہ دن قریب آنے لگتا ہے۔ اس کے اندر بے چینی و کھلبلی مچنے لگتی ہے۔ صرف یہ سوچ سوچ کر کہ آیا میں یہ دن بھول تو نہیں گیا۔ اور اگر بھول گیا ہوں تو پھر اس دن ملنے والے تحفے کا کیا ہو گا۔ لہذا وہ جولائی کا ماہ شروع ہوتے ہی گاہے گاہے اشاروں کنایوں میں مجھے یاد کرواتی رہتی ہے، جیسے کہ۔

" آج یکم جولائی ہے ناں "

"ہاں، ہو گی۔ کیوں "

آپ کو یاد ہے چھ سال قبل آج کے دن آپ کو میں نے پہلی بار سامنے دیکھا تھا۔ وہ جب آپ نکاح کے معاملات طے کرنے ہمارے گھر آئے تھے۔ دُنیا میں ہر رشتے کے عالمی دن منائے جاتے ہیں۔ صرف میاں بیوی کا عالمی دن نہیں منایا جاتا۔ اس کی وجہ صرف و صرف یہ کہ یہ وہ رشتہ ہے۔ جس میں دونوں افراد روز ہی آپس میں یہ دن منا لیتے ہیں۔

گئے زمانے بھی کیا خوب تھے۔ بیویاں مروّت کی مورتیاں ہوتیں اور شوہر انا کے دیوتا۔ کبھی شوہر کہ منہ سے ایسی بات نکل جاتی کہ " فرزانہ، اگر مجھے کچھ ہو گیا تو تم۔ جملہ مکمل ہونے سے قبل ہی بیوی شوہر کے منہ پر ہاتھ رکھ کر بولتی " ہائے، اللہ نہ کرے امجد، کیسی بات کر رہے ہیں۔ اکیسویں صدی میں بہت سے حادثات ہوئے اور ان میں ایک حادثہ یہ ہے کہ اب زمینی حقائق کا زمانہ ہے۔

ایک روز میں نے بھی برائے دل لگی بیگم کے ہمراہ کھانا کھاتے کہنا چاہا " بینش، اگر مجھے کچھ ہو گیا تو تم کیسے گذارہ کرو گی۔ اُس نے نوالہ منہ میں ڈالتے کہا " اسی لئے تو کہتی ہوں کہ تین چار بلینک چیک پر سائن کر کے رکھ دیں اور اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ بھی بتا دیں، آج ہمارے رشتے کو قائم ہوئے چھ سال مکمل ہو گئے اور ان چھ سالوں میں بیگم نے زندگی کی ہر اونچ نیچ میں میرا ساتھ مکمل جانفشانی سے نبھایا ہے۔

نوک جھونک کی صورت تو گھر میں رونق رہا کرتی ہے۔ مگر بات کبھی اس سے آگے بڑھ کر تکرار میں نہیں بدل پائی۔ کبھی وہ مجھے معاف کر دیتی ہے اور کبھی میں اس سے معذرت کر لیتا ہوں۔ زندگی کا یہی سبھاؤ ہے۔ لوگ کہتے ہیں دنیا کا کامیاب ترین شادی شدہ جوڑا ایک گونگی اور ایک بہرے کا ہوتا ہے۔ لیکن حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا کے مصداق، اگر یہ دونوں جزوی اندھے بھی ہوں، تو کامیاب ہوں گے۔

کیونکہ دو "اپنی دانست میں " کامل اور بہترین لوگوں کی شادی پنپ نہیں سکتی۔ میرے غیر نوبل انعام یافتہ ذہن نے کچھ رموزِ ہستی کو قبل از وقت ہی آشکار کر لیا تھا۔ کامیاب شادی ایک ایسا اشتہار ہے۔ جس میں برگر کے اندر کھیرا، ٹماٹر، یلاپینو اور سلاد پتہ الگ الگ نظر آرہے ہوتے ہیں۔ مگر برگر کا عمومی ذائقہ اچھا ہو سکتا ہے۔ بڑے بوڑھے فرما گئے کہ "پُتر، کوئی تیاری کام نہ آوے ہے، سوائے دو ہتھیاروں کے، اور وہ ہیں صبر و درگزر۔

ذیل میں آپ کو اپنی ناپختہ دانش سے وضع کیے ہوئے کامیابی کے چند اصول بتاتا ہوں۔

۱- شادی کو کامیاب بنانے کا بہترین نسخہ یہ ہے کہ شادی کو سسرال اور اپنے خاندان دونوں سے دور رکھیں۔ گو کہ یہ بہت مشکل ہو گا، مگر یقین مانئیے اس سے آپ دونوں آپس میں ایزی رہ سکتے ہیں۔ ہاں، دونوں خاندانوں کے گلے شکوں بھرے فون آپ کو برداشت کرنے ہوں گے۔

۲۔ ایک دن کی ناراضگی یا بات کو دوسرے دن تک نہ لے جائیں۔

۳- ماضی کا بوجھ اٹھا کر نہ چلیں۔ آج کے جھگڑے میں شادی کے اوائل دنوں یا سالوں کی مثالیں نہ ایک دوسرے کو دیجئیے۔

۴- عزیز و اقارب، مہمانوں، دوستوں، تقریبات اور بچوں کی موجودگی میں ایک دوسرے کو سب سے زیادہ اہمیت اور عزت دیجئیے۔ دنیا کا کوئی اور شخص، رشتہ، تعلق آپ دونوں سے زیادہ قابلِ تکریم و لائق عزت نہیں۔ والدین اور شریک حیات میں بیلنس رکھئیے۔ دونوں کو ان کا جائز مقام دیں، لیکن کسی کو کسی پر سبقت نہ دیں۔

۵۔ صبر کیجیے۔ ہر بات پر ردعمل دینا ضروری نہیں۔ اور صبر کرنے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ تلخ رہیں، طنز و تشنیع سے کام لیں بلکہ واقعتاً صبر کیجیے، ہر وقت غصے کا اظہار نہ کیجیے۔

۶۔ در گزر کیجیے۔ بھول جائیے، جیسے اکثر مرد شادی کی سالگرہ بھول جاتے ہیں یا جیسے اکثر خواتین ماہانہ اخراجات میں سے بچی رقم واپس کرنا بھول جاتی ہیں۔ آپ کی باتیں بھی در گزر کی جائیں گی۔

۷۔ صبر کریں۔

۸۔ درگزر کریں۔

۹۔ صبر کریں۔

۱۰۔ درگزر کریں۔

اور آخر میں اپنی زوجہ مقدسہ ماجدہ طاہرہ کے نام ایک پیغام

بیگم، سدا سہاگن رہو۔ ادارہ آپ کی چھ سالہ رفاقت مکمل ہونے پر آپ کا انتہائی مشکور ہے۔ امید ہے کہ آپ کا اب تک کا سفر تسلی بخش اور آرام دہ گزرا ہو گا۔ ہماری رفاقت میں اس دوران پیش آنے والے معاشی، اخلاقی اور جذباتی پیش وخم اور نشیب و فراز کے لیے ہم انتہائی معذرت خواہ ہیں۔ ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ قدرتی آفات اور اچانک سے پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات میں۔

ادارے کا بالواسطہ یا بلا واسطہ بالکل بھی کوئی عمل دخل نہیں ہوتا اور نا ہی ہم اس طرح کے کسی بھی عمل میں براہ راست شریک ہوتے ہیں۔ ہم آپ کے تعلق کی دل سے قدر کرتے ہیں لہذٰا ماضی میں پیش آنے والی ہر تکلیف کے لیے معافی کے طلب گار ہیں۔ ادارہ اس موقع پر آپ کو یقین دلاتا ہے کہ ہم آپ کے آنے والے ہر ماہ و سال کو مزید بہتر بنانے کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔

آپ کے ساتھ کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے شبانہ روز محنت کے ساتھ ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تا کہ آپ کو ہمارے انتخاب پر مزید اعتماد، اطمینان اور خوشی محسوس ہو۔ آپ کے تعاون کا شکریہ البتہ حفاظتی بندھ باندھے رکھیئے۔ کیونکہ پرواز لمبی ہے اور کبھی بھی اچانک ناہموار ہو سکتی ہے۔ گھٹن کے احساس پر ماسک خود کار سسٹم کے تحت آپ کے سامنے آن گرے گا۔

Check Also

Aqal o Be Aqli Do Kinare, Aik Darya

By Muhammad Saqib