Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Kitabon Ka Zauq e Mutalia

Kitabon Ka Zauq e Mutalia

کتابوں کا ذوق مطالعہ

کتابوں کا ذوق مطالعہ ہو تو گھر میں از خود ہی ادبی ماحول پروان چڑھتا ہے۔ ہم میاں بیوی میں نوک جھونک بھی انتہائی ادب کے لہجے میں ہوتی ہے۔ بیگم نے مجھے کبھی تم، تو، تیری، تیرا نہیں کہا۔ وہ جب بھی لڑتی ہے ادب کا پہلو ملحوظ خاطر رکھتی ہے اور "آپ آپ" کہہ کر ایسے زہریلے طعنے دیتی ہے کہ بغل کے بال جھڑ جاتے ہیں۔ اس کو کئی بار سمجھایا کہ دیکھو یار یا تو لڑا نہ کرو یا پھر پورا لڑا کرو۔ یہ جو تم آپ آپ کہہ کر جلالی لہجے میں مجھے گولڈن فرائی طعنے دیتی ہو اس سے مجھے زیادہ بیزاری ہونے لگتی ہے۔

مثال کے طور پر اک بار میں اس کے لیے اس کی سالگرہ پر ایک بہترین سا لاکٹ بہترین فینسی باکس پیکنگ میں دبئی سے تحفہ لیا۔ اب نہ اس نے پوچھا کہ گولڈ کا ہے تو نہ میں نے بتایا۔ اس نے ازخود ہی سمجھ لیا کہ گولڈ ہوگا۔ کچھ دنوں بعد گرمیاں آئیں تو کچن میں کام کرتے اس کی چیخ سنائی دی۔ چیخ کے فوری بعد وہ برآمد ہوئی اور لاکٹ میری نظروں کے سامنے لہراتی بولی " اس کا تو پسینے سے رنگ اُتر گیا ہے۔ "۔ میں نے کہہ دیا کوئی بات نہیں پھر لا دوں گا۔ بولی " یہ سونے کا نہیں تھا۔ آپ انتہائی چیپسٹر انسان ہیں۔ چیپسٹر" اور پھر روہانسی ہوگئی۔ اس کی آنکھوں کی نمی رات گئے تک سُوکھی جب اسے نفسیاتی طور پر یقین آ گیا کہ اب رونے سے کیا حاصل ہونے والا ہے۔

میں جب جب اسے تسلی دینے اور نارمل کرنے کو آگے بڑھتا وہ الاؤ کی مانند بھڑک اُٹھتی " چپ کر جائیں آپ بس چپ کر جائیں۔ آپ چیپسٹر نکلے ہیں۔ "۔ اب آپ ہی بتائیں کہ چیپسٹر کے ساتھ "آپ" کس قدر اضافی محسوس ہوتا ہے۔ علمِ لسان کی رُو سے بھی غلط ہے۔ جب آپ کسی کو سستا انسان کہتے ہیں تو اس کا مطلب انتہائی غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ اور جب سامنے والے پر انتہا درجے کا غصہ آئے تو اس کے واسطے لفظ "تم" کا استعمال ہی بامعنیٰ معلوم ہوتا ہے۔ مگر بات وہی کہ کتابوں کے سبب ادب کا پہلو مدنظر رہا کرتا ہے۔

نوک جھونک میں ہوتا بھی یوں ہے وہ مجھے چھیڑنے کو دور سے کبھی پنسل میری جانب اچھال دے گی، کبھی ربڑ، کبھی کامن پِن۔ جواباً میں ساکت رہتا ہوں کہ اگر میں چڑ گیا تو وہ زیادہ چھیڑے گی۔ مگر ابھی تو میرا ضبط بھی جواب دے گیا۔ کچھ دیر پہلے اس نے یونہی چھیڑنے کو پنسل مجھ پر پھینک دی۔ میں نے بھی آج جواب دے دیا ہے۔ اسے کہا کہ اب باز نہ آئی تو میں نے انعام رانا بھائی کی کتاب اُٹھا کے مارنی ہے۔ اس کے بعد سے وہ سیٹ ہے۔ اسے اچھی طرح معلوم ہے میری ساری بک کولیکشن میں سے یہی ایک کتاب ہو سکتی ہے۔ جس کو دے مارنے سے پہلے یہ رتی بھر نہیں سوچے گا۔

Check Also

Gold Jiska Hai, Wo Bhi Hamara Larka Hai

By Asif Masood