Wednesday, 08 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Butt Sahab

Butt Sahab

بٹ صاحب

میرے ہمسائے میں اک شغل مزاج بٹ صاحب رہتے ہیں۔ عمر بزرگوں والی ہے، مگر حرکات سے ابھی بھی بچے ہی لگتے ہیں۔ بٹ صاحب ہر سال محرم میں نیاز بانٹتے ہیں۔ پانچ سال مسلسل میرے گھر آ کر سوجی کا حلوہ اور تل والے نان دیتے رہے۔ آج صبح بیگم نے نوید سنائی کہ آج شاید بٹ صاحب نیاز کا مینو تبدیل کریں، کیونکہ چچی بٹ جو ہیں، وہ اس بابت گفتگو فرماتی سنی گئی ہیں۔

میں نے بیگم کو کہا کہ دعا کرو اس بار حلیم بنے۔ شام کو بٹ صاحب تشریف لائے اور حسب معمول نان حلوہ تھال میں تھمانے لگے۔ یہ دیکھ کر نجانے کیوں دل بیٹھ سا گیا۔ نیاز گھر منتقل کر کے ان کو خالی تھال تھمانے گیا تو از رہ مزاح میں نے عرض کی " بٹ صاحب اک گل تے دسو، بٹ صاحب نے عینک درست کی اور سنجیدگی کے ساتھ بولے " کی گل شاہ جی؟

میں نے ہنستے ہوئے کہا " بٹ صاحب تواڈا کی خیال اے کہ مولا نوں صرف نان حلوہ ہی پسند اے؟ بٹ صاحب نے سن کر قہقہہ لگایا اور میرے ہاتھ پر ہاتھ مارتے بولے " شاہ جی اگلی واری مینو لازمی بدلے گا، پر تسی اک گل تے دسو؟ اب میں قدرے سنجیدہ ہوا اور بولا کہ جی فرمائیں۔ بٹ صاحب بولے " اے تسی چمٹا وجا وجا کے تے شاہ نئیں بن گئے۔ جگت کتھوں سکھی؟

اب کے میں نے قہقہہ بلند کر کے بٹ صاحب کے ہاتھ پر ہاتھ مارا اور بولا " جاو بٹ صاحب مولا قبول فرماوے۔ ٹر جاؤ ہون" یارو، ایک بات اور کہنا چاہوں گا کہ بیشک اک دوجے کو دائرہ اسلام سے خارج کر دو مگر ظالمو لنگر میں مسلکی تفریق تو بند کرو۔ سنی حلیم ہو یا شیعہ نان حلوہ۔ بسم اللہ۔ سبحان اللہ۔ جزاک اللہ۔ بھلا نعمت خداوندی سے کاہے کا بیر؟

بٹ صاحب کی آمد سے ذرا پہلے آج شام ہی گھر کی بیل بجی۔ میں نے نکل کر دیکھا تو دو خواتین نقاب کیئے اور ہاتھ میں تھال اٹھائے کھڑی تھیں۔ ان کو دیکھ کر میں واپس پلٹا اور بیگم کو کہا کہ باہر جا کر دیکھو دو خواتین ہیں۔ وہ گئی اور واپس آ کر بولی کہ وہ پوچھ رہی ہیں کہ آپ شیعہ ہیں یا سنی ہیں؟ یہ سن کر مجھے تعجب ہوا تو میں باہر نکلا۔

ان سے پوچھا کہ جی بولیئے کیا مسئلہ ہے؟ ایک خاتون بولی " بھائی یہ نیاز دی تھی۔ بس پوچھ رہی تھی کہ آپ لوگ کھا لیتے ہیں کیا؟ یہ سن کر میں نے کہا کہ باجی وہ تو ٹھیک ہے، مگر نیاز کا مسلک جاننے سے کیا تعلق ہوا؟ آپ نے دینی ہے تو بلاتفریق دیجیئے۔ بولی " بھائی کئی لوگ برا منا جاتے ہیں اس لئے پوچھ رہی تھی۔ میں نے از رہ مزاح انہیں کہا " شکل سے کافر لگتا ہوں مگر یقین مانیئے ہر شے کھا لیتا ہوں بس مزیدار ہو سہی۔

ان دونوں کا ہاسا نکلا اور اب میں بٹ صاحب کے نان حلوے کے بعد ان کا دیا اعلی قسم کا دیگی متنجن کھانے لگا ہوں۔ مجھے معلوم نہیں کہ متنجن شعیہ ہے یا سنی۔ گمان غالب ہے کہ متنجن سنی ہے۔ اس میں سبز، پیلا اور براون رنگ تو ہے۔ مگر کالے رنگ کا ایک دانہ بھی نہیں۔ فبائی آلاء ربکما تکذبان۔

Check Also

Uljhe Log

By Saira Kanwal