Saturday, 27 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Syed Mehdi Bukhari/
  4. Aman, Sakoon, Shanti

Aman, Sakoon, Shanti

امن، سکون، شانتی

بیرون و اندرون ملک دوروں کا بہت سا کام پینڈنگ پڑا رہتا ہے۔ وقت ہی نہیں ملتا کہ اپنی فوٹوگرافی خود دیکھوں۔ بس ڈیٹا جمع ہوتا رہتا ہے۔ ٹورز کے بعد ہارڈ ڈسک بھرتی جاتی ہے اور پھر روزگار کے دھندے مہلت ہی نہیں دیتے کہ ان کو دیکھا جائے۔ کافی عرصے بعد میں اپنے سسٹم پر بیٹھا اور ڈیٹا فولڈرز دیکھنے لگا۔ بیگم از خود کافی بنا کر لائی ساتھ کیک لائی اور کرسی ساتھ لگا کر بیٹھ گئی۔ میں کام میں مگن ہوں تو پھر میرا فوکس سکرین پر ہی ہوتا ہے باقی ساری دنیا بھولی ہوتی ہے۔

کچھ دیر گزری کہ بیگم کی آواز آئی"کافی تو پی لیں ٹھنڈی ہو گئی ہے"۔ میرا دھیان ٹوٹا تو میں نے کافی کا مگ اٹھاتے کہا "خیر ہو آج تو بڑی خدمتیں ہو رہی ہیں"۔ بولی "میں ویسے بطور آرٹسٹ آپ کی عزت کرتی ہوں"۔ میں نے سن کر کہا "اور بطور شوہر؟" اس نے تورنت جواب دیا "بطور شوہر یہ حال ہے کہ آج دو ہفتے گزر گئے مگر کچن کی کیبنٹ ٹھیک نہیں کروا سکے۔ وہ بند ہی نہیں ہوتی۔ جسٹ شیم آن یو"۔

اس سے قبل کہ پورا ریکارڈ چلنا شروع ہو جاتا میں نے کافی کا مگ اسے تھماتے کہا "ٹھنڈی برف ہو گئی۔ گرم کر دو"۔ اس نے مگ تھاما اور کچن کی جانب جاتی بولی "میرا ہی قصور ہے کہ کافی بنا دی تھی۔ پتا نہیں مجھے کیا ہوا تھا۔ " اس سے قبل کہ وہ کچھ اور کہتی میں نے اسے ٹوکتے ہوئے خود ہی کہہ دیا "ہاں مجھے معلوم ہے شیم آن می"۔ اس کے بعد وہ ایک گھنٹہ غائب رہی۔

پھر اسے نجانے کیسے یاد آیا وہ سر پر آن کھڑی ہوئی اور بولی "میری تصویریں تو آپ سے نکالی نہیں جاتیں۔ شاراں فارسٹ کی تھیں، ہنزہ کی تھیں، ترکی کی تھیں۔ گھر کی مرغی دال برابر۔ اگر آج مجھے میری تصویریں نہ ملیں تو بھاڑ میں جائیں آپ۔ آئے بڑے فوٹوگرافر۔ میری سہیلیاں مجھے کہتی ہیں تمہارا شوہر فوٹوگرافر ہے اور تمہارے پاس تمہاری اچھی تصویریں ہی نہیں ہوتیں۔ مجھے اتنی شرمندگی ہوتی ہے۔ تنگ آ کر میں نے ان سب کو کہہ دیا تھا کہ ان کو کوئی کام ڈھنگ سے کرنا نہیں آتا۔ "

یہ سن کر میرے طوطے اڑ گئے۔ اسی پر اکتفا نہیں کیا۔ رخصت ہوتے پھر بولی "اگر رات تک میری کم از کم دس تصویریں نہ ملیں تو کچن سے کھانا خود ڈال کر کھا لیجئیے گا میں نہیں دوں گی نہ خود کھاؤں گی۔ " اب ایسی سخت دھمکی کون برداشت کرتا؟ رات نو بجے اسے اس کی تصاویر دی ہیں اور پھر دونوں نے ہنسی خوشی کھانا کھایا ہے۔ شکر الحمدللہ۔

ابھی کچھ دیر قبل یہ ہوا کہ اس نے اپنی بچپن کی دوست جو کراچی میں رہتی ہے اسے تصاویر بھیجیں۔ پھر مجھے کہنے لگی " کنول کہہ رہی تھی کہ میں جب لاہور آئی تو اپنے ہسبنڈ کو کہنا میری بھی دو چار تصاویر کھینچ لیں"۔ کنول بیگم کی واحد سہیلی ایسی بچی ہوئی ہے جس کی تاحال شادی نہیں ہوئی۔ میں نے اسے جواب دیا "لاہور کیوں؟ اسے کہو میں جب کراچی آیا وہیں کر دوں گا"۔

بیگم نے سن کر قدرے غصہ فرمایا اور بولی "خبردار جو اسے آپ کراچی جا کر ملے۔ وہ یہیں لاہور آئے گی اور ویسے بھی میرے بنا وہ کبھی نہیں ملنے والی"۔ میں نے بس اتنا ہی کہا "یہ تمہارا خیال ہے یا تمہیں یقین ہے؟ ایک بار کنول سے پوچھ کر تو دیکھ لو"۔ بیس منٹ ہوئے ہیں بیگم نے بات چیت منقطع کر رکھی ہے۔ امن امان ہے۔ شانتی ہے۔ سکون ہے۔

Check Also

Hojamalo

By Rao Manzar Hayat