Tuesday, 21 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Wajood Aur Ikhtitam

Wajood Aur Ikhtitam

وجود اور اختتام

لاشیں مٹی کے سپرد کرنا، آگ لگا دینا یا کسی بلڈنگ کی چھت پر بغیر کسی مذہبی ریچوئل کے رکھ دینا یہ سب عمل ایک جیسے ہی ہیں۔ مردے کو کچھ فرق نہیں پڑتا کہ مرنے کہ بعد اسے جلایا گیا دفنایا گیا یا کہیں بغیر کفن دفن اور اگنی دیے پھینک دیا گیا۔ مرنے کے بعد ہر لاش عمل بوسیدگی کے حوالے ہوتی ہے۔ ایک وقت میں جو آرگن جاندار کی بقا اور اُس کے جسم کو بچانے کے لیے متحرک ہوتے تھے۔

اب وہ محض بہتّر گھنٹے کے اندر اُس میں سانس کی عدم موجودگی سے اُکتا کر ایسے مادے جسم میں خارج کرنے لگتے ہیں۔ جن سے باڈی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر جلد از جلد ہڈیوں سے ماس ذائل کرکے کاربن مٹی ہوا اور پانی کے سپرد کرنے لگتی ہے۔ یہی حقیقت ہے۔ جیتے جی جو کاربن جتنی مقدار میں ہوا پانی اور مٹی سے کشید کی وہ سب واپس لوٹانا ہوتی ہے، قدرت اس لین دین کا مکمل حساب رکھتی۔

ہم قرض لیے مادوں پر جیتے ہیں۔ جن پر موت کا ٹیکس لاگو ہوتا، خالی ہاتھ قبر میں کوئی نہیں جاتا۔ زمین کے لیے بےجان جسم وصولی کے لیے آیا مال ہوتا، جس کے ذرے ذرے سے قرض وصول کیا جاتا ہے۔ زمین پر ایک سانس لی یا سو سال تک سانسیں میسر آئیں، آپ کا وجود مٹی ہوا پانی کا قرض دار ٹھہرا، جس سے فرار اور انکار ممکن نہیں۔

زمین پر جابجا کھلتے پھولوں کے ان گنت رنگوں میں، شیریں اور خوش ذائقہ پھلوں کے رس میں، بیج سے بنے تن آور شجر میں لامحدود حدوں تک پھیلے سبزہ زاروں کی حیات میں نجانے کتنے ہی مردہ جسموں کے ٹوٹے ذرے شامل ہوں یہ کوئی نہیں جانتا۔ مٹی جانتی ہے، مگر خاموش ہے، کوئی زمین پر رہتے ہوئے کتنا مصروف رہا خاص رہا نامور ہوا یا تنگی حیات میں پسا رہا، کسی کام آیا یا بند کمرے میں گمنام رہا۔

کسی کے وجود کی موجودگی سے عمر دراز تہذیبوں نے جنم لیا، تاریخ نے نئی کروٹ لی، کسی نے قانون بنائے، انسانیت کو ایجاد اور دریافت کی معراج پر لاکھڑا کیا مٹی کی روشنی میں کسی کے لیے کسی بھی بنا پر کوئی تمیز نہیں۔ ہٹلر اور راسپوتین پیغمبر اور بدھا کا جسم مٹی کے لیے کسی بھی طور مختلف نہیں، قابل تکریم نہیں قابلِ نفرت اور عقیدت نہیں۔

زمین تلے کوئی سزا و جزا نہیں۔ مٹی کو دیے اُن اجزاء کی وصولی سے غرض و مطلب ہے۔ جو اس نے ہر صورت میں ہر وقت مہیا کیے رکھے، ہم ستاروں کی باقیات اور دھول ہو سکتے ہیں، ہم کروڑوں ناممکنات سے پیدا ہوئی ایک ممکن صورت ہوسکتے ہیں، مرکبات کی خاص ترکیب سے وجود میں آیا ایک عجوبہ ہو سکتے ہیں، انفرادی طور پر ہم کسی بھی حد تک حیران کن ہوسکتے ہیں۔

مگر بطور مجموعی ہم کسی طور بھی اپنے جیسے کسی اور سے وجود اور اختتام کے کسی ایک پہلو پر بھی کچھ خاص نہیں ہیں، زرا حیران کن نہیں ہیں۔

Check Also

The Girl With The Needle

By Mansoor Nadeem