Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Samay Ki Vibes

Samay Ki Vibes

سمے کی وائبز

سمے کی وائبز ہوتی ہیں جو سمے میں موجود لوگوں سے بنتی ہیں۔ وائبز کی بھاری اردو ارتعاش اور ہلکی اردو احساس ہے۔ ہمیشہ ہلکی اُردو چنیں ارتعاش زدہ اردو ہو یا لوگ موقع ہو یا ضرورت کوئی عذر بنا لیں جھوٹ بول دیں مگر یہ نہ چنیں۔

شدید کوشش کے باوجود کچھ لوگوں کے ساتھ وقت گزاری کے احساس میں شامل اکتاہٹ اور بے سکونی ذائل نہیں ہوتی سمے کے ساتھ سنگین ہوتی جاتی ہے۔ قصور نہ ان کا ہے نہ آپکا بس وائبز میچ نہیں ہوتی۔ ایگو میں کم اور زیادہ فرق کی فریکوئنسی وائبز طے کرتی ہے۔ دو ایک جیسی ایگو رکھنے والے لوگ کسی تیسرے کی موجودگی میں ایک ساتھ ٹرین میں سفر نہیں کرسکتے ایک ساتھ کوکنگ نہیں کرسکتے ایک کمرے میں تین گھنٹے اکھٹے بیٹھے نہیں رہ سکتے ان دو تیزابی وائبز کو پیندے میں رکھنے کے لیے بفر سلوشن کے طور پر تیسرا آدمی لگتا ہے۔

وائبز پہلی ملاقات میں ہی طے ہوجاتی ہیں دوسری ملاقات رکھ لینی چاہیے مگر بات کو بے وجہ بڑھانے کی ضرورت کیا ہے! آپ ایک شخص سے ملتے ہیں کلاس میں محلے میں نئے کرائے دار کے طور پر آفس میں کولیگ کی صورت میں اپارٹمنٹ میں نچلے کمرے میں رہنے والے کسی مکین کے طور پر اور آپ جان جاتے ہیں کہ یہ شخص من کو نہیں لگتا کوشش کرکے بھی دیکھ لیتے ہیں مگر وہ شخص ویسا ہی ٹیڑھا نظر آتا ہے۔ یہ وائبز کا ٹیرھ پن کہاں سے آتا ہے حالانکہ وہ شخص وہی فلمیں کتابیں میوزک اور رسالے پڑھتا ہوگا جو آپ پڑھتے ہیں آپ دونوں کے پاس بات کرنے کو بہت کچھ ہوگا مگر جب بھی بات شروع ہوتی ہوگی تو تکرار کی طرف جاتی نظر آئے گی۔

تنقید والوں کے ساتھ وائبز نہیں میچ ہوتی، تعریف والوں کے ساتھ بھی کوئی گارنٹی نہیں۔ ایک روم میٹ ہے وہ ہر چیز میں ٹوکتا ہے ایک دوست ہے جو سفر کے دوران ناقابل برداشت حد تک توہین کرتا ہے، آپ کی چال سے کپڑوں کی تراش تک تنقید کرتا ہے اور صرف تنقید ہی کرتا ہے ایسے میں وائبز روٹھ کر گلا کرتی ہیں کہ دوبارہ ایسے شخص کے ساتھ سفر مت کرنا۔

دوسری جانب ایک شخص ہے جو نہیں جانتا کہ نیٹ فلکس کیا ہے، ٹالسٹائی کون تھا اور اخبار میں کونسے مضامین پڑھنے سے علم میں اضافہ ہوتا ہے گفتگو میں معیار آتا ہے مگر وہ شخص اوپر سے نیچے تک شروع سے آخر تک آپکے ساتھ چلتے ہوئے زرا سا بھی تنقیدی نہیں ہوتا اگر ہو بھی جائے تو اس کے انداز میں تضحیک کا نشتر نہیں لگتا۔ جو ان پڑھ بھی ہوسکتا ہے اور پڑھا لکھا بھی جو بہت کچھ جانتے ہوئے بھی سنتا ہے جو نہ جانتے ہوئے بھی آپ سے سن کر حیران ہوتا ہے۔ ایسا شخص انٹلکچوئلی مضبوط نہیں مگر ہر وقت آپ سے انٹلکچوئل گفتگو سننے کے لیے تیار ہے جو شاعری سے شغل نہیں رکھتا مگر اسے شاعری سنانے میں مزا آتا ہے اور وہ سن کر معصومیت سے مشکل الفاظ کے معنی پوچھنے سے نہیں شرماتا۔

جو اکثر تعریف کرتا ہے تو یقین ہوتا ہے کہ سچی ہے جو تنقید کرتا ہے تو لگتا ہے کہ بھلی ہے، اپنے فائدے کی ہے۔ تعلیم میچ نہیں، ذہنی ہم آہنگی بھی نہیں مالی سطح پہ بھی کہیں پیچھے رہ گیا ہے مگر یہ شخص وائبز میچ کر رہا ہے اس کے ساتھ شہر پیدل گھوما جاسکتا ہے اگر گوگل میپ پہ لگایا رستہ کہیں غلط بھی لے جائے تو یہ انسان جھنجھلا کر یہ کہہ کر موڈ خراب نہیں کرے گا کہ، " تجھے کچھ نہیں آتا"۔ یہ کچھ نہ آنے پر کچھ نہیں کہے گا نشاندھی بھی نہیں کرے گا کچھ آنے پر خوش ہوگا حیران ہوگا اور تعریف کرتا جائے گا۔

کبھی ان لوگوں کا خیال آتا ہے کہ جو تنقید والے سرکل میں رہ کر وائبز تباہ کیے ہوئے لوگوں کا سرکل چھوڑ کیوں نہیں دیتے؟ کیوں ایسے روم میٹ کے ساتھ ہیں جس کی موجودگی دماغی نشورنما اور شخصی آزادی کے لیے گھٹن ہے۔ کیوں اپنے معیار اور من چاہی گفتار سے نیچے آکر اس کے مطابق بولنے کی کوشش کرتے ہیں مگر پھر بھی اس کے ساتھ وائبر میچ نہیں کر پاتے۔

کمرے میں تنہا بیوقوفانہ بات کرنے پر دیواریں جج نہیں کرتی پنکھے تنقید نہیں کرتے غلط رستے پر نکل جانے سے میپ برا نہیں مناتے۔ تنہا سفر کرتے ہوئے سیٹ پر بیٹھی انجان سواری سے اکتاہٹ ہو تو بغیر وضاحت کے سیٹ بدلی جاسکتی ہے مگر اکتاہٹ دوست سے ہو اور اسکے ہمراہ سفر بھی لمبا درپیش ہو تو سیٹ بدلنے کی شدید خواہش اور نہ بدل پانے کی جو ملامت ہے وہ تنہا کمرے میں جھانکنے والی اداسی کے کرب سے کہیں بھاری ہے۔

اپنی وائبز کا احترام کریں جینا ویسے ہی بڑا مشکل ہے۔

Check Also

Qasoor To Hamara Hai?

By Javed Ayaz Khan