Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Randomness

Randomness

رینڈمنس

رینڈمنس میں لاجیک ڈھونڈنا مشکل ہے مگر پھر بھی کوشش کرتے ہیں۔ آپ آن لائن شطرنج کھیل رہے ہیں میچ ایک انجان پلئیر کے ساتھ لگتا ہے۔ سامنے والا پلئیر اناڑی ہے۔ بادشاہ وزیر قلعے گھوڑے ہاتھی کب کس جگہ کہاں رکھنے ہیں کیسے آگے بڑھانے ہیں کیسے بچانے ہیں کچھ علم نہیں وہ بس اپنی باری پر کوئی بھی مہرہ اٹھا کر ادھر اُدھر رکھ رہا ہے، آپکا جیتنا یقینی ہے مگر ایسے میں دروازے کی گھنتی بجتی ہے آپکو گیم چھوڑ کر جانا پڑتا ہے، آپ چلے جاتے ہیں اور سامنے والا پلئیر جیت جاتا ہے۔

آپکی چالیں، تجربہ، اور گیم کو سمجھنے کی ہوشیاری دھری رہ جاتی ہے۔ سب جانتے ہوئے سب سیکھے ہوئے بھی آپ ہار جاتے ہیں اور دوسری جانب جسے گیم کی سمجھ نہیں، جو بالکل نیا ہے اور جو جیتنے کا حقدار نہیں اور جیت کے ارادے سے بھی نہیں جس نے سیکھنے کی محنت نہیں کی جس نے وقت نہیں دیا دماغ بھی نہیں لگایا وہ جیت گیا۔ آپ تجربہ محنت وقت اور ذہانت رکھتے ہوئے بھی ہار گئے۔

دو اضافی فیکٹر لیتے ہیں۔

دوبارہ گیم لگتی ہے سامنے وہی اناڑی ہے، دروازے پر دستک نہیں ہوتی آپ بغیر رکے گیم کھیلتے ہیں اور اس بار ناتجربہ کار چاروں شانے چت ہوتا ہے، آپ جیت جاتے ہیں۔

ناتجربہ کار پر حقیقت عیاں ہوتی ہے اسے اپنا اصل دکھائی دیتا ہے۔ مگر اس کی پہلی جیت کو ہم کیا کہیں گے جو وہ بغیر محنت اور قابلیت کے جیتا؟ اسے کون بتائے گا کہ وہ اس قابل نہیں تھا یہ تو دروازے پر دستک ہوئی اور سامنے والا گیم چھوڑ کر چلا گیا مگر کیا جیت کے بعد یہ وضاحت اس کے لیے معنی رکھے گی؟

کھیل کا تجربہ محنت اور وقت لگا کر سیکھے ہوئے شخص کی ہار کو ہم یہ سب جان کر بھی قبول نہیں کریں گے کہ وہ ہارنے والے سے بہت بہتر تھا اور جیت کا حقدار تھا۔

یہ زندگی ہے جس پر کنٹرول کم ہے بیشتر یہ رینڈم نواز دیتی ہے اور اکثر رینڈم ہی کھینچ لیتی ہے۔ اس کے پیچھے کی وضاحت اکثر سمجھ تو آتی ہے مگر بیان نہیں ہوسکتی۔ آپ سب کچھ ٹھیک کرکے، ساری چالیں درست کھیل کے بھی ناکام ہوسکتے ہیں اور کوئی کچھ نہ کرکے بھی بس سامنے آتا ہے اور جیت جاتا ہے۔

صیحیح وقت اور صحیح جگہ پر ہونا مواقعے کے قریب لا سکتا ہے مگر یاد رکھیے اناڑی بھی بھٹکتے ہوئے اسی طرح کی صیحیح جگہ اور صیحیح وقت پر پہنچے ہوتے ہیں پھر یہاں رینڈمنس کے پوشیدہ اصول کارفرما ہوتے ہیں جہاں انسانی عقل تجربہ اور قابلیت خاطر میں نہیں لائی جاتی۔

Check Also

Khoobsurat Qeemti Libas Aik Junoon

By Saira Kanwal