Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Budh Beta

Budh Beta

بدھ بیٹا

آپکے والدین کا آپکی مرضی کے برخلاف آپکو شیطانی و خرافاتی اکیڈمی نیور مور میں چھوڑ جانے کا سنا تو نہایت دکھ اور بےبسی چھا گئی۔ لوسیفر کی داشتہ لریسا ویمز اکیڈمی کی پرنسپل ہے تو ہم اس سے دنیا و آخرت میں کارآمد و نفع بخش تعلیم و تربیت کی کیا ہی توقع کر سکتے ہیں۔

بدھ میری ننھی پری، تم پہلے ہی برے سائے اور قوتوں سے گھری ہوئی ہو چھوٹی سی عمر میں مرگی کے دوروں کا زور تم پر شدید سے شدید تر ہو رہا ہے، سفلی قوتوں کا چھوڑا ایک ہاتھ ہمہ وقت تمہارے ساتھ رہنے لگا ہے اور سچ کہوں تو تم بھی اس اکیڈمی میں آنے کے بعد شر کے رستے پر چل نکلی ہو وہی رستہ جس پر ایک زمانہ پہلے تمہاری ماں آ نکلی تھی اور پھر انہی رستوں کی ہوگئی اور اب اپنی ماں کی حالت دیکھو سنبھالے نہیں سنبھلتی۔

تمہارے پاس موقع ہے، وقت ہے، ماضی کا تجربہ ہے، مستقبل کی امید ہے، حال پہ اختیار ہے، تم بےباک ہو، اپنے فیصلے خود لینا جانتی ہو تو میری جان چھوڑ دو نیور مور اور مدرستہ البنات کراچی آجاؤ جہاں تفسیر، حدیث، فقہ اور عربی ادب کے اسباق مدلل پڑھائے جاتے ہیں۔ اس علم کو حاصل کرنے والی طالبہ علوم دینیہ میں پختہ اور راسخ العقیدہ ہوتی ہے اور پیاری یہی حقیقی علوم ہے جس کا فائدہ دونوں جہاں میں ہے۔ تم اس جگہ پر جسمانی و روحانی سکون محسوس کرو گی تعلیم گاہ میں خواتین کی آمدورفت کا شرعی پردہ کے ساتھ ایسا محفوظ انتظام ہے کہ کسی مرحلہ میں بھی فتنہ کا اندیشہ نہیں۔

دُنیاوی کامیابی اور روزگار کی فکر بھی نہ کرو درسِ نظامی مکمل کرنے والی فاضلہ مساوی ایم اے ہوتی ہے، گورنمنٹ جاب تمہاری خدا کے فضل سے یقینی ہے اس کے ساتھ ساتھ تجربہ کار معلمات طالبات کی دینی تربیت کے ساتھ امور خانہ داری میں سلیقہ مندی کے حصول کیلئے کوشاں رہتی ہیں اور یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر تم شوہر کے ساتھ ازدواجی رشتے کو مضبوط اور خوشگوار رکھنے کے تمام طریقے اور اصول جان جاؤ گی۔ مخلوط شیطانی نیور مور اکیڈمی تمہارے حال اور مستقل کو تباہ کر دے اس سے پہلے وہاں کے در و دیوار چھوڑ کر اپنی روم میٹ اینیڈ کو بھی تبلیغ کے ذریعے اپنے ہمراہ ساتھ لا کر نامحرموں کی صحبتوں سے بچ نکلو۔

تمہاری متذبذب اور بےچین طبیعت کو سکون ملے خدا تمہیں تمام تر وسوسوں اور آسیبوں سے محفوظ رکھے۔

Check Also

Aik Chiragh Aur Aik Kitab

By Muhammad Saqib