Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Bharpur Aur Azad Zindagi

Bharpur Aur Azad Zindagi

بھرپور اور آزاد زندگی

بھرپور زندگی جینے کے لیے سفر کرنا، بیابان میں کیمپ لگانا، پہاڑ چڑھنا اور اپنی طاقت اور چاہ کے مخالف سمت میں جا کر ہر وہ کام کرنا جو کہیں سے سنا ہو، کسی کو کرتے دیکھا ہو یا کتابوں میں پڑھا ہو ہرگز ضروری نہیں ہے۔ سفر کا دل ہے کریں مگر ہر کسی کو سفر راس نہیں۔ سنسان جگہوں پر کیمپ لگانا ہے، اپنا کھانا خود ڈھونڈ کر خود پکانا ہے کھائیں مگر ہر دماغ ہر جسم کو اتنے انرجی زدہ ایڈوینچر کے لیے آمادہ نہیں کر سکتا۔

نئی جگہوں پر جانا ہے، نئے لوگوں سے ملنا ہے کر گزریں مگر ہر کسی کا مزاج اور طبیعت نئی جگہوں، نئے لوگوں کی موجودگی میں خوش نہیں ہو سکتی۔ بھرپور زندگی کیا ہے؟ کوئی ایک کام ایک مقصد کی پیروی کرنا یہ طے نہیں کر سکتا کہ جس کام کو کر لینے سے جس مقصد تک پہنچ جانے سے پھرپور زندگی گزارنے کا بلو ٹِک مل جائے گا۔

کھانے سے بھری پلیٹ سامنے رکھ کے لیپ ٹاپ کی اسکرین پر نیٹ فلکس کا بٹن آن کرنا بھرپور زندگی ہوسکتا ہے۔

کسی غیر ضروری مدعے کو پکڑ کر اس کے متعلق جاننے کے لیے سارا گوگل چھان لینا بھرپور زندگی گزارنے کا طریقہ ہوسکتا ہے۔

نئے کپڑوں میں سیلفی بنا کر ایڈٹ کر کے اسے اپنی ڈی پی پر لگانا کسی کے لیے زندگی کا بھرپور لمحہ ہوسکتا ہے۔

نئی گھڑی، نئی جوتی یا گلے میں نیا نیلکس پہن کر پورے جسم میں نئی تبدیلی کا احساس بھرپور زندگی ہوسکتا ہے۔

بھرپور زندگی کی عمر ایک لمحہ بھی ہو سکتی، ایک دن بھی ہو سکتی، ایک مہینہ، ایک سال یا تمام زندگی بھی ہو سکتی یا اس کے لیے ایک پل بھی میسر نہیں آ سکتا۔ بھرپور زندگی میں ایڈوینچر ضروری نہیں۔ خاموش دھن پر زندگی کا بھرپور نغمہ گنگنایا بھی جا سکتا ہے اور جھوما بھی جا سکتا ہے اب اس کی کسے خبر دینی، کسی کو کیا ثابت کروانا۔ بھرپور زندگی کوئی جی سکا ہے؟ کبھی بھی سب نہیں ہو سکا، سب ہوتا ہی نہیں۔ ساٹھ، ستر برس میں فقط کچھ ہوتا ہے اور اس ہونے میں بھی بھرپور ہونے کا حصہ بہت معمولی سا ہوتا ہے۔

معمولی سا حصہ جسے بھرپور کہیں وہ تلاش نہیں کرنا پڑتا وہ معلوم ہوتا ہے، گزر رہا ہوتا ہے مگر لگ نہیں رہا ہوتا کیونکہ وہ اتنا سہل اتنا معمولی اور سیدھا ہوتا ہے کہ اپنے ہونے کا احساس تک نہیں ہونے دیتا۔ بھرپور اور آزاد زندگی کی تعریف اور ترجیحات ہر انسان کی اپنی جدا گانہ ہے۔ کسی کی زندگی کاپی نہیں ہوسکتی، ترجیحات بدل سکتی ہیں مگر شوق مستعار نہیں لیے جاتے۔

Check Also

Ye Dunya Magar Bohat Zalim Hai

By Nusrat Javed