Friday, 22 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sharif Chitrali
  4. Allama Iqbal Ki Asal Azmat

Allama Iqbal Ki Asal Azmat

علامہ اقبال کی اصل عظمت

علامہ محمد اقبال کی عظمت کے بارے میں بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور بہت کچھ لکھا جائے گا لیکن قارئین کرام کو یہ بتاتا چلوں کہ وہ اقبال کی اصل عظمت کو جان جائیں۔ وہ اس لیے عظیم نہیں ہے کہ انہوں نے پاکستان کا تصور دیا کیوں کہ الگ وطن کا تصور کوئی بھی دے سکتا تھا، نہ اقبال اس لیے عظیم ہیں کہ وہ ایک شاعر تھے شاعر تو بے شمار ہیں جو اقبال کے دور میں بھی تھے اور آج کل بھی ہیں۔

اقبال اس لیے بھی عظیم نہیں ہیں کہ اُنھوں نے خودی کا پیغام دیا خودی کا پیغام نطشے کی شاعری میں بھی ملتا ہے۔ نہ ہی ہم علامہ اقبال کو کوئی روحانی شخصیت کہہ سکتے ہیں کیوں کہ ان کی جوانی عام لوگوں کی طرح گزری ہے۔ جرمنی میں اس کے عشق، تین شادیوں اور بیٹے سے تعلقات وغیرہ کو مدنظر رکھ کر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ علامہ اقبال عام انسانوں سے بالکل مختلف تھے اور کوئی بہت بڑی روحانی شخصیت تھے۔ البتہ دوسروں سے بہتر ضرور قرار دے سکتے ہیں۔

علامہ اقبال اس لیے ایک بین الاقوامی شخصیت ہیں کہ اُنھوں نے عظمت انسان کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک ایسے دور میں جب انسانیت کے حوالے سے مختلف نظریات سامنے آرہے تھے اور انسانیت کی تذلیل کی کوشش کی جارہی تھی اور یہاں تک کہا جا رہا تھا کہ انسان بندر کی اولاد ہے۔ یعنی انسان پہلے بندر تھا بعد میں ارتقائی عمل سے گزر کر انسان بن گیا۔ ایسے دور میں علامہ اقبال نے انسانوں کو بتایا کہ انسان ایک عظیم مخلوق ہیں جس کی مثال دوسری مخلوقات میں نہیں ڈھونڈی جاسکتی یہاں تک کہ وہ اپنی عادتوں، اپنی سوچ اور کردار کی وجہ سے ثابت کردیا ہے کہ وہ اس زمین کی مخلوق ہی نہیں ہے بلکہ جنت سے آنے والی مخلوق ہے اور وہی واپس جائے گی۔

علامہ اقبال نے پوری دنیا کی انسانیت کو اشرف المخلوقات کے طرز پر زندگی گزارنے کی تربیت کی جب ہم کہتے ہیں کہ اقبال نے پوری انسانیت کی اصلاح کی کوشش کررہے تھے تو یہ اعتراض بھی اٹھتا ہے کہ اقبال تو مسلمانوں کی تربیت کے لیے شاعری کرتے تھے۔ دراصل انسانیت کو سمجھانے کے لیے بھی کسی کو تو رول ماڈل ہونا پڑتا ہے۔

علامہ اقبال دراصل مسلمانوں کے ذریعے دنیا کو ایک رول ماڈل فراہم کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ مسلمان اس طرز سے زندگی گزارنا شروع کردیں کہ دنیا کے لوگ ان کے نقش قدم پر چلنا شروع کردیں اور پوری دنیا کی تربیت ہوجائے۔ آج نو نومبر ہے اور علامہ اقبال کی یوم ولادت کے حوالے سے ہم چھٹیاں منارہے ہیں ظاہر ہے لوگ چھٹی انجوائے کریں گے، گھومنے پھرنے بھی جائیں گے لیکن نونومبر کے دن ضرور سوچیں کہ علامہ اقبال کیا چاہتے تھے؟

علامہ اقبال کی وہ کون سی تعلیمات تھیں جن پر عمل کرکے ہم دنیا میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ اگر ہم نے اقبال کے فکر و نظریہ پر تھوڑی سی توجہ دیتے ہیں اور خود کو درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم نے نونومبر کی چھٹی کا فیض حاصل کرلیا۔

Check Also

Time Magazine Aur Ilyas Qadri Sahab

By Muhammad Saeed Arshad