Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shair Khan
  4. Gharoor Ka Sar Neecha

Gharoor Ka Sar Neecha

غرور کا سر نیچا

اونٹ ہمیشہ سوچتا ہے کہ مجھ سے بلند کوئی نہیں لیکن جیسے ہی وہ پہاڑ دیکھتا ہے اس کا سارا غرور خاک میں مل جاتا ہے۔ بالکل یہی حال اس وقت دنیا کی نام نہاد سپر پاورز کا ہو چکا ہے۔ خاص طور پر امریکہ، جس کا غرور ایرانی حکمت عملی روسی دبدبے اور شمالی کوریا کی دھمکیوں کے سامنے جھک چکا ہے۔ جب ایرانی وزیر خارجہ نے ماسکو کا دورہ کیا تو مجھے اندازہ ہو چکا تھا کہ اب کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل جیسے ناپاک اتحاد کی چیخیں اسی وقت نکل گئی تھیں۔ ایران نے نہ صرف زبانی اعلان کیا بلکہ سعودی عرب اور قطر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا کر یہ پیغام بھیج دیا کہ اب وقت بدل چکا ہے۔

یہ محض زبانی کلامی دعوے نہیں بلکہ ایران کی عسکری کارکردگی دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔ امریکی بیسز پر براہِ راست حملے بغیر ڈرون کے جدید حملہ آور نظام اور اسرائیلی دفاعی نظام آئرن ڈوم کی ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران نے جنگ کو صرف سیاسی نعروں سے نکال کر عملی حکمتِ عملی میں ڈھال دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل جیسے سفاک دشمن کی زبان بند ہو چکی ہے اور امریکہ جیسے غرور کے مارے سپر پاور کو سیز فائر کے سائے میں پناہ لینا پڑی۔

ادھر امیر عرب مکمل خاموشی اور عیاشی کی نیند سوئے ہوئے ہیں۔ ان کے محلات تو روشن ہیں، مگر دل اندھیرے میں ڈوب چکے ہیں۔ نہ کوئی مزاحمت، نہ کوئی غیرت، نہ کوئی موقف۔ وہ اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ ان کا سب کچھ مغرب کی جھولی میں ہے۔ بلکہ ستم یہ کہ عرب میڈیا جسے امت کی زبان ہونا چاہئے تھا آج دشمنوں کا ترجمان بن چکا ہے۔ فلسطین جل رہا ہے غزہ قبرستان بنا ہوا ہے اور عرب نیوز چینل صرف فیشن، شہزادوں کی شادیوں اور عالمی کانفرنسوں کی خبریں دے رہے ہیں۔

امریکہ بھی اب پرانے بدمعاش کی طرح ہے جو صرف کمزور کو دباتا ہے اور جو آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرے، اس سے دُم دبا کر بھاگ جاتا ہے۔ یاد رکھو، امریکہ نے کبھی تنہا کسی طاقتور ملک سے جنگ نہیں کی۔ وہ ہمیشہ اتحاد کے جھنڈے تلے کمزور اقوام پر چڑھ دوڑتا ہے۔ آج ایران تنہا ہے، لیکن اس کی غیرت، اس کا جذبہ، اس کی خودداری پورے عالم اسلام پر بھاری ہے۔ امریکہ، اسرائیل، بھارت اور ان کے یورپی گماشتے سب ایک طرف ہیں اور ایران ایک طرف۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جو قوم شہادت کو مقصد بنا لے، وہ شکست نہیں کھاتی۔

ہم نے امریکہ کو زمینی خدا بنا دیا ہم نے اپنے ایمان کو ڈالر سے تولنا شروع کر دیا۔ ہم نے اپنی غیرت کو ویزا کے کاغذ میں لپیٹ دیا اور اب حالت یہ ہے کہ اگر امریکہ اعلان کر دے کہ جو پاکستانی یہودی یا عیسائی بن جائے، اسے ویزا دے دیا جائے گا، تو یقین جانیے، 60 فیصد لوگ ایمان بیچنے کو تیار ہو جائیں گے۔ یہی اصل شکست ہے نہ میزائل کی مار نہ بموں کی گھن گرج، بلکہ ایمان کی کمزوری سب سے بڑی تباہی ہے۔

کاش کہ ہم وہ امت ہوتے جو اپنے رب پر بھروسہ کرتی، جو کفار کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی، جو فلسطین لبنان، یمن، شام اور ایران کی طرح لڑنے کا حوصلہ رکھتی اب بھی وقت ہے غرور کا سر نیچا ہو چکا ہے۔ امریکہ لرز رہا ہے۔ اسرائیل بھاگ رہا ہے۔ لیکن ہمیں جاگنا ہوگا، ورنہ اگلا شکار ہم خود ہوں گے سو باتوں کی ایک بات غیرت جاگ جائے تو سپر پاور بھی سجدے میں آ جاتی ہے۔

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari