Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shair Khan
  4. Faisla Aap Ka

Faisla Aap Ka

فیصلہ آپ کا

کہتے ہیں انسان نے چاند پر قدم رکھ دیا مگر سوال یہ ہے کہ اپنے اندر کے اندھیروں کو کب روشن کرے گا؟ ہاتھ میں تھامی ہوئی اس چھوٹی سی اسکرین کے ذریعے وہ دنیا جہاں گھومتا ہے، مگر اپنے اندر جھانکنے کا وقت نہیں نکالتا یہ وہ دور ہے جسے ہم ترقی کا دور کہتے ہیں جہاں انگلی کے ایک اشارے پر علم کے خزانے کھلتے ہیں جہاں دنیا کی ہر زبان، ہر سائنس، ہر فن اور ہر فلسفہ صرف سرچ بار کی مٹھی میں قید ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ جتنی آسانی سے علم ملا ہے، اُتنا ہی جلدی ہم نے اسے فضولیات میں گم کر دیا۔

کبھی یوٹیوب پر وڈیو کلپ دیکھتے ہیں، کبھی ٹک ٹاک پر ناچتے جسموں کی تقلید کرتے ہیں، کبھی فیس بک پر غیبت کرتے ہیں، تو کبھی ٹوئٹر پر جھوٹی بہادری کے ٹرینڈز چلاتے ہیں اور جب اندر سے آواز آتی ہے کہ "تُو کیا کر رہا ہے؟" تو ہم نوٹیفکیشن کے شور میں اسے دبا دیتے ہیں۔

ہاں یہ وہی دور ہے جس میں علم عام ہے، مگر تربیت ناپید۔ شعور کے دروازے کھلے ہیں، مگر اخلاق کے دالان ویران۔ انسان معلومات کے سمندر میں غوطے کھا رہا ہے، مگر ضمیر کی پیاس اب بھی ویسی کی ویسی ہے۔ گویا ہماری انگلیاں تو ترقی یافتہ ہوگئیں، مگر سوچ بدحال ہے اگر غور کریں تو یہ سہولیات یہ ٹیکنالوجی، یہ انٹرنیٹ ایک تلوار کی مانند ہے جس کا دستہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اب فیصلہ آپ کا ہے کہ آپ اسے انصاف کے لیے استعمال کرتے ہیں یا ظلم کی طرف لے جاتے ہیں۔ چاہیں تو اس تلوار سے جہالت کے اندھیروں کو کاٹ دیں یا پھر خواہشاتِ نفس کے لیے اپنا ہی گلا کاٹ لیں۔

مسئلہ یوٹیوب یا فیس بک کا نہیں، مسئلہ ہمارے چناؤ کا ہے۔ وہی چناؤ جو ہماری شخصیت بناتا ہے، جو ہماری قسمت لکھتا ہے۔ ہم فضول وڈیوز پر گھنٹے لگا دیتے ہیں، مگر پانچ منٹ قرآن سمجھنے کو بھاری لگتے ہیں۔ ہم دوسروں کی تصویریں دیکھ کر حسد کرتے ہیں، مگر اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک قدم نہیں اٹھاتے۔

اب نہ حالات کو الزام دیا جا سکتا ہے نہ نظام کو۔ اب تو ہر شخص کے ہاتھ میں چابی ہے اب بند دروازوں کا رونا بےمعنی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ دروازے کھل بھی جائیں تو ہم اندر جھانکنے کو تیار نہیں تو صاحبو! اب فیصلہ آپ کا ہے چاہیں تو علم کے نور سے اپنا راستہ روشن کر لیں یا ٹرینڈنگ لغویات کی آگ میں اپنے اخلاق۔ اقدار اور شناخت کو جلا دیں کیونکہ اب نہ زمانہ روکے گا نہ حالات ٹوکیں گے اب صرف آپ آپ کے فیصلے اور اُس کا نتیجہ باقی ہے جو کل آپ کے ماتھے پر چمکے گا اور یاد رکھیں!

فیصلہ، صرف اور صرف، آپ کا ہے۔

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari