Thursday, 23 July 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shair Khan
  4. AI Sahulat Ya Salahiyat Ka Qatil?

AI Sahulat Ya Salahiyat Ka Qatil?

اے آئی سہولت یا صلاحیت کا قاتل؟

انسان کی پوری تاریخ دراصل محنت کی تاریخ ہے پہیہ ایجاد کرنے سے لے کر چاند پر قدم رکھنے تک ہر کامیابی کے پیچھے برسوں کی جستجو بے شمار ناکامیاں اور مسلسل محنت چھپی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ انسان اپنی کامیابی پر صرف خوش نہیں ہوتا بلکہ اسے اس کامیابی پر فخر بھی ہوتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس نے اس منزل تک پہنچنے کے لیے اپنا وقت اپنی توانائی اور اپنی صلاحیت صرف کی ہے۔ پھر ایک ایسا دور آیا جب مصنوعی ذہانت (AI) نے انسان کے سامنے ایک نئی دنیا کھول دی اب ایک حکم لکھیں اور مضمون حاضر ایک جملہ لکھیں اور نظم تیار ایک خیال دیں اور تصویر سامنے بظاہر یہ حیران کن ترقی ہے لیکن ہر ترقی اپنے ساتھ ایک سوال بھی لاتی ہے کیا ہم سہولت حاصل کر رہے ہیں یا اپنی صلاحیتیں کھو رہے ہیں؟

آج سوشل میڈیا پر ہزاروں تحریریں، اشعار اور خیالات گردش کر رہے ہیں ان میں سے بہت سا مواد چند سیکنڈ میں AI سے تیار کیا جاتا ہے لوگ داد وصول کرتے ہیں واہ واہ سمیٹتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بڑا کمال کر دیا مگر حقیقت یہ ہے کہ داد تحریر کو ملتی ہے انسان کو نہیں اگر تخلیق میں انسان کی سوچ تجربہ اور احساس شامل نہ ہو تو وہ الفاظ تو ہو سکتے ہیں مگر شخصیت کا عکس نہیں بن سکتے۔

اصل خوشی منزل پر پہنچنے میں نہیں بلکہ منزل تک پہنچنے کے سفر میں ہوتی ہے وہ شاعر جو ایک شعر پر کئی راتیں جاگتا ہے وہ ادیب جو ایک مضمون کو بار بار لکھ کر سنوارتا ہے وہ مصور جو ایک تصویر میں اپنی روح اتار دیتا ہے ان کی خوشی کو وہ شخص کبھی نہیں سمجھ سکتا جو ہر چیز چند لمحوں میں حاصل کر لیتا ہے۔ آسانی وقتی مسرت دے سکتی ہے مگر محنت دائمی اطمینان عطا کرتی ہے اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ AI بری چیز ہے ہر ایجاد کی طرح اس کا استعمال بھی انسان کے ہاتھ میں ہے اگر اسے استاد بنایا جائے تو یہ علم میں اضافہ کرتی ہے اگر اسے معاون بنایا جائے تو وقت بچاتی ہے لیکن اگر اسے اپنی سوچ کا متبادل بنا لیا جائے تو یہ آہستہ آہستہ انسان کی تخلیقی قوت برداشت تحقیق اور جستجو کو کمزور کر سکتی ہے۔

دنیا کی ہر بڑی شخصیت نے اپنی پہچان محنت سے بنائی نہ کہ شارٹ کٹ سے درخت بھی راتوں رات سایہ نہیں دیتا دریا بھی ایک دن میں راستہ نہیں بناتا اور ہیرا بھی دباؤ اور وقت کے بغیر وجود میں نہیں آتا قدرت کا ہر شاہکار ہمیں یہی سبق دیتا ہے کہ پائیدار کامیابی کا کوئی مختصر راستہ نہیں ہوتا۔ مصنوعی ذہانت سے فائدہ ضرور اٹھائیں مگر اپنی عقل کو اس کا قیدی نہ بنائیں سوال خود پیدا کریں جواب خود تلاش کریں غلطیاں کریں سیکھیں گریں سنبھلیں اور پھر آگے بڑھیں کیونکہ جو خوشی اپنی محنت سے حاصل ہوتی ہے وہ کسی مشین سے مستعار نہیں لی جا سکتی۔

شاید آنے والے وقت کا سب سے بڑا المیہ یہ نہ ہو کہ مشینیں انسانوں کی طرح سوچنے لگیں بلکہ یہ ہو کہ انسان مشینوں کی طرح صرف تیار شدہ جواب دہرانے لگیں جس دن انسان نے سوال کرنا تلاش کرنا اور تخلیق کرنا چھوڑ دیا اسی دن اس نے اپنی سب سے بڑی طاقت کھو دی۔ یہ اے آئی ایجاد بھی کسی انسان کی ہی ہے اس سوچا تجربے کئے ذہن لڑایا اور آج بہت سے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کی اور روزگار بھی دیا یاد رکھیے اے آئی آپ کی رفتار بڑھا سکتی ہے مگر آپ کی شخصیت نہیں بنا سکتی شخصیت ہمیشہ محنت، تجربے، ناکامی اور مسلسل جدوجہد سے تشکیل پاتی ہے یہی وہ دولت ہے جس پر نہ وقت زنگ لگا سکتا ہے اور نہ کوئی مصنوعی ذہانت قبضہ کر سکتی ہے۔

قدرت کا ایک عجیب اصول ہے وہ انسان کو کبھی مفت میں عظمت نہیں دیتی ہر کامیابی کی قیمت ہوتی ہے ہر خواب کی تعبیر کے لیے جاگنا پڑتا ہے ہر منزل تک پہنچنے کے لیے راستے کی دھول اپنے قدموں پر سجانی پڑتی ہے اسی لیے محنت صرف رزق نہیں دیتی بلکہ انسان کی شخصیت بھی تعمیر کرتی ہے پھر انسان نے ایک ایسی مشین بنا لی جو چند لمحوں میں مضمون بھی لکھ دیتی ہے شعر بھی کہہ دیتی ہے تصویر بھی بنا دیتی ہے اور سوالوں کے جواب بھی دے دیتی ہے اس کا نام مصنوعی ذہانت (AI) ہے یہ انسانی ذہانت کی ایک عظیم کامیابی ہے لیکن ہر عظیم ایجاد کی طرح اس کے اندر بھی ایک خاموش خطرہ چھپا ہوا ہے خطرہ مشین نہیں خطرہ وہ لمحہ ہے جب انسان اپنی سوچ مشین کے سپرد کر دیتا ہے۔

آج ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں لوگ لکھنے سے پہلے سوچتے نہیں بلکہ AI سے پوچھتے ہیں شعر کہنے سے پہلے احساس پیدا نہیں کرتے بلکہ حکم دیتے ہیں تحقیق کرنے کے بجائے تیار شدہ نتیجہ قبول کر لیتے ہیں بظاہر وقت بچ جاتا ہے لیکن آہستہ آہستہ انسان اپنی وہ صلاحیت کھونے لگتا ہے جو اسے اشرف المخلوقات بناتی ہے سوچنے۔ تلاش کرنے اور تخلیق کرنے کی صلاحیت ایک بچہ جب چلنا سیکھتا ہے تو سینکڑوں بار گرتا ہے اگر کوئی اسے ہمیشہ اٹھا کر منزل تک پہنچا دے تو شاید وہ گرنے کی تکلیف سے بچ جائے مگر چلنا کبھی نہیں سیکھے گا یہی اصول علم، ادب فن اور زندگی پر بھی لاگو ہوتا ہے جو چیز آسانی سے مل جائے وہ سہولت تو بن سکتی ہے سرمایہ نہیں۔

ذرا سوچیے اگر غالب کے پاس بھی اے آئی ہوتی، تو کیا ان کا درد اسی طرح لفظوں میں ڈھلتا؟ اگر اقبال نے بھی ہر سوال کا تیار جواب قبول کر لیا ہوتا تو کیا خودی کو کر بلند اتنا جیسا پیغام جنم لیتا اگر سائنس دانوں نے تحقیق کے بجائے آسان راستہ اختیار کیا ہوتا تو کیا دنیا آج یہاں تک پہنچ پاتی۔ انسان کی عظمت اس کی سہولت میں نہیں اس کی جدوجہد میں ہے ہمیں اے آئی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں بلکہ خود سے سوال کرنے کی ضرورت ہے کیا ہم اس کے مالک ہیں یا اس کے محتاج بنتے جا رہے ہیں کیا ہم اسے اپنے علم میں اضافے کے لیے استعمال کر رہے ہیں یا اپنی سوچ پر زنگ لگا رہے ہیں یا اپنی تحقیق پر بریک لگانے رہے ہیں یاد رکھیے مشین آپ کو جواب دے سکتی ہے۔ مگر کردار نہیں وہ الفاظ دے سکتی ہے مگر وجدان نہیں وہ رفتار دے سکتی ہے مگر بصیرت نہیں۔

جس دن انسان نے محنت کی لذت تلاش کی پیاس اور تخلیق کی اذیت کھو دی اسی دن اس نے اپنی سب سے قیمتی دولت کھو دی اور شاید مستقبل کی سب سے بڑی جنگ انسان اور مشین کے درمیان نہیں ہوگی بلکہ انسان کی اپنی سوچ اور اس کی آسان پسند طبیعت کے درمیان ہوگی فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ ہم مشینوں کے مالک بن کر جینا چاہتے ہیں یا ان کے تیار کیے ہوئے خیالات کے محافظ بن کر فیصلہ آپکا ہے۔

Check Also

Khamoshi Aik Mazboot Taqat

By Saad Sharif