Friday, 23 January 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shahid Nasim Chaudhry
  4. LY-80 Missile Ka Kamyab Tajurba, Pak Behria Ka Karnama

LY-80 Missile Ka Kamyab Tajurba, Pak Behria Ka Karnama

LY-80 میزائل کا کامیاب تجربہ، پاک بحریہ کا کارنامہ

راولپنڈی سے جاری ہونے والی ایک مختصر سی خبر بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہے، مگر حقیقت میں یہ خبر پاکستان کے دفاعی افق پر ایک روشن ستارے کی مانند جگمگا رہی ہے۔ پاکستان نیوی کی جانب سے زمین سے فضا تک مار کرنے والے ایل وائی 80 (LY-80) میزائل کا کامیاب تجربہ محض ایک عسکری مشق نہیں بلکہ یہ اس قوم کے عزم، خود اعتمادی اور دفاعی خود کفالت کا اعلان ہے جو کئی دہائیوں سے سازشوں، دباؤ اور خطرات کے حصار میں کھڑی ہے، مگر آج بھی سر اٹھا کر کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے میں طویل فاصلے پر موجود فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جو پاک بحریہ کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کی اعلیٰ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب قوم کو یہ یقین دلایا گیا کہ ہماری سمندری سرحدیں صرف لہروں کے رحم و کرم پر نہیں بلکہ فولادی عزم اور جدید ٹیکنالوجی کے حصار میں ہیں۔

یہ کوئی راز نہیں کہ آج کی جنگیں صرف سرحدوں پر نہیں لڑی جاتیں، بلکہ فضا، سمندر، سائبر اسپیس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی دشمن اپنی چالیں چلتا ہے۔ ایسے میں زمین سے فضا تک مار کرنے والا میزائل سسٹم کسی بھی ملک کے دفاعی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایل وائی 80 کی کامیابی دراصل اس پیغام کی صورت ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع سے باخبر ہے بلکہ ہر ممکنہ خطرے کے جواب کے لیے تیار بھی ہے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ کی جانب سے اس کامیاب تجربے کا معائنہ اس بات کی علامت ہے کہ پاک بحریہ کی قیادت نہ صرف پیشہ ورانہ طور پر متحرک ہے بلکہ ہر سطح پر دفاعی تیاریوں کی براہِ راست نگرانی بھی کر رہی ہے۔ یہی وہ قیادت ہے جو خاموشی سے کام کرتی ہے اور وقت آنے پر پوری دنیا کو اپنی صلاحیت کا احساس دلاتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یہ کہنا کہ "پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور کامیابی حاصل کی ہے" دراصل قوم کے اجتماعی جذبات کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کامیابی کسی ایک ادارے یا فرد کی نہیں بلکہ ایک منظم قومی سوچ اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔

محسن نقوی کا یہ کہنا کہ میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے، بالکل بجا ہے۔ کیونکہ یہ وہ سنگِ میل ہے جو ہمیں بتاتا ہے کہ پاکستان اب دفاعی میدان میں صرف درآمدات پر انحصار کرنے والا ملک نہیں رہا بلکہ اپنے سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کی بدولت اعتماد کے ساتھ خود کھڑا ہے۔

یہاں ہمیں ان گمنام سائنسدانوں اور انجینئرز کو بھی سلام پیش کرنا چاہیے جن کے نام اخبارات کی شہ سرخیوں میں نہیں آتے، مگر جن کی دن رات کی محنت قوم کی سلامتی کی ضمانت بن جاتی ہے۔ پاک بحریہ کے یہ دماغ اور بازو دراصل جدید پاکستان کی وہ طاقت ہیں جو خاموشی سے تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مقامی ٹیکنالوجی قابلِ تحسین قرار ہے۔ "قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا" دراصل دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر کمزور نہیں۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کی بحری سرحدیں محض نیلگوں پانی کا پھیلاؤ نہیں بلکہ یہ ہماری تجارت، معیشت اور اسٹریٹجک بقا کی علامت ہیں۔ گوادر سے کراچی تک پھیلا ہوا ساحل دشمن کی ہر آنکھ میں کھٹکتا ہے۔ ایسے میں پاک بحریہ کا مضبوط ہونا دراصل پاکستان کے معاشی مستقبل کا محفوظ ہونا ہے۔

ایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ اس حقیقت کو مزید تقویت دیتا ہے کہ پاکستان اپنی سمندری حدود کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ یہ تجربہ دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ اگر میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو جواب صرف لفظوں میں نہیں، عمل میں ہوگا۔ افواجِ پاکستان خصوصاً پاک بحریہ نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف وطن کے دفاع کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔ چاہے قدرتی آفات ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا سرحدی خطرات، نیوی، آرمی اور ائیر فورس ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئی ہیں۔

آج جب سوشل میڈیا پر افواہوں، مایوسی اور منفی پروپیگنڈے کا بازار گرم رہتا ہے، ایسے دفاعی کارنامے قوم کے حوصلے بلند کرتے ہیں اور ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ یہ ملک یونہی نہیں بنا تھا اور یونہی نہیں چل رہا۔ اس کے پیچھے قربانی، نظم، ضبط اور ایمان کی ایک طویل داستان ہے۔ ہمیں بطور قوم یہ سیکھنا ہوگا کہ اختلاف اپنی جگہ، مگر وطن اور افواجِ پاکستان پر اعتماد ہماری اجتماعی طاقت ہے۔ ایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ اسی اعتماد کی عملی تصویر ہے۔

آخر میں، یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جب تک اس ملک میں ایسے محافظ، ایسے سائنسدان اور ایسی قیادت موجود ہے، پاکستان ناقابلِ تسخیر رہے گا۔ ہم سلام پیش کرتے ہیں پاک بحریہ کو، ہم سلام پیش کرتے ہیں افواجِ پاکستان کو اور ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے۔

پاکستان زندہ باد
پاک بحریہ پائندہ باد

افواجِ پاکستان کو سلام

Check Also

Teesri Aalmi Jang Ki Taraf Barhta Trump

By Nusrat Javed