Zoom Out Karo
زوم آؤٹ کرو
تم لاہور میں رہتے ہو اور تمہیں لگتا ہے کہ لاہور لاہور ہے۔ تو زرا زوم آؤٹ کرو، پھر تمہیں لگے گا کہ تم پنجاب میں ہو۔ اگر تمہیں پنجاب ممتاز لگے تو زوم آؤٹ کرو، اب تمہیں اپنا آپ پاکستان میں نظر آئے گا۔ ہاں اگر تم وطن پرست ہو اور وطن کی مٹی سے محبت کرتے ہو جھنڈے کو سلوٹ کرتے ہو اور تمہیں بھی وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں تو زوم آؤٹ کرو۔
اب تم برصغیر واسی ہو، تمہارے پانچ ہزار سال میں پانی پت سے لے کر مہابھارت تک موجود ہے، یہاں صوفیاء سے رام اور چندرگپت سے لے کر مہاتما بدھ تک موجود ہیں۔ اسی برصغیر میں زیرو ایجاد ہوا اور فلسفہ و موسیقی عروج کو پہنچی۔ اگر دل میں فخر اٹھ رہا ہو تو زوم کر لو۔ تم ایشیا میں موجود رہو گے تو انسان کے اولین گھر کو دیکھو گے۔
یہی دنیا کے سب سے پہلے جنگلوں کا مدفن ہے۔ جنہیں آج مڈل ایسٹ کے تیل کے زخائر کہا جا رہا ہے۔ یہی خطہ ریشم اور کاغذ کا موجد ہے، مگر زوم کرو تاکہ یہ فخر ختم ہو سکے۔ دنیا نیلے رنگ کا گولہ ہے اور شعور کا واحد معلوم ٹھکانہ ہے جذبات کی واحد آماجگاہ ہے اور خدا کی نظر میں کھٹکنے والے لوگوں کی واحد آرام گاہ ہے۔ مزید زوم کرو گے تو گم ہو جاؤ گے اپنی داستان بھی نہ پاؤ گے ایسے گم جاؤ گے جیسے کبھی موجود ہی نہ تھے۔
سمندر کی تہہ میں کسی پودے کی کونپل بھی سمندر کے لئے کائنات میں انسان کے وجود سے زیادہ اہم ہے۔ اب زرا زیادہ زوم اؤٹ کریں تو انسان کا سوریہ دیوتا بھی گم ہے اور اس کی کہکشاں کا بھی کوئی سراغ نہیں۔ وہ جو کہتا ہے لہور لہور اے، یا پاکستان زندہ باد کہتا ہے وہ کہاں کھڑا ہے؟
ابھی اگلے زوم آؤٹ کی تیاری کریں۔ گجر چیمہ جٹ آرائیں سے زوم آؤٹ کریں اور اعوان سید سادات ہاشمی و قریشی سے زوم آؤٹ کریں۔ مگسی رند بگٹی سے، جوکھیو گوندل جاگیرانی سے اور خٹک آفریدی یوسفزئی سے زوم اؤٹ کریں تو بنی اسرائیل اور بنی اسماعیل پہ نکلتے ہیں۔ وہاں سے زوم آوٹ کرو تو حام سام اور یافث ہیں۔ جون ایلیا نے کہا تھا فقط آدم کے بیٹے ہیں۔
زوم اؤٹ کرنے پر ہومو ایریکٹس ملتا ہے اور اس سے پیچھے apes اور سمندر کی بینا مچھلیاں، پھر ایک زرہ بے نشان جسے پروٹین کہتے ہیں۔ اب کوئی سیگل یا ٹاٹا ہو یا برہمن اور امامِ حاضر ہو، زوم آؤٹ کرے گا تو اپنے آپ کا پروٹین سے بنتا خلیہ پاے گا۔ فخر کی جا کہاں ملے جب زوم آؤٹ کرے؟ شودر اور برہمن کا پروٹین ایک سا ہو گا تو زوم آؤٹ کتنی تکلیف دے گا۔
یہ سنی شیعہ زوم آؤٹ کریں۔ اور کیتھولک پروٹسٹنٹ زوم آؤٹ کریں۔ کتابِ مقدس کے قدیم اور جدید عہد ناموں سے اور گیتا قران و گرو گرنتھ سے زوم آؤٹ کریں۔ اوپر لوحِ محفوظ ملے گی۔ اسے بھی زوم آوٹ کریں تو وہی خلا والا قصہ ہے۔ ایک خالی لامتناہی سلسلہ ہے۔ سب فخر تمام ہیں اور تمام امتیازات ہیچ ہیں۔ منطق، فلسفہ، مارکس کا داس کیپیٹل اور یونان کی کتاب ری پبلک سب ایک خلا ہے۔ زوم آؤٹ کریں تو نہ ہستی ہے نہ بستی ہے۔
زوم آؤٹ کرو گے تو اپنی اصلیت ملے گی۔ آگہی زوم آؤٹ کا دوسرا نام ہے۔