Thursday, 01 January 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saleem Zaman
  4. Jurm Ke Aasman Ke Black Hole

Jurm Ke Aasman Ke Black Hole

جرم کے آسمان کے بلیک ہول

1۔ پابلو ایسکوبر: کوکین کا بے رحم فرعون (1970 - 1993)

پابلو ایمیلیو ایسکوبر گاویریا، جس کی پیدائش رینگریو، کولمبیا میں ہوئی، منشیات کی تاریخ کا وہ پہلا نام تھا جس نے "نارکو ٹیررازم" کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔ اس کی سالانہ آمدن 30 بلین ڈالر تک جا پہنچی تھی۔ اس کی بے پناہ دولت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ صرف نوٹوں کی گڈیاں باندھنے کے لیے ہر ماہ 2500 ڈالر کے ربڑ بینڈز خریدتا تھا۔ ایک مرتبہ روپوشی کے دوران جب اس کی بیٹی کو شدید سردی لگی، تو اسے حرارت پہنچانے کے لیے پابلو نے ایک ہی رات میں 2 بلین ڈالر کی نقدی کو آگ لگا دی تھی۔ اس فرعونیت کا سورج 2 دسمبر 1993 کو میڈلین کی ایک چھت پر پولیس مقابلے میں غروب ہوا، جہاں وہ ننگے پاؤں ہلاک پایا گیا۔

2۔ روڈریگز بھائی: شطرنج کے خاموش کھلاڑی (1980 - 1995)

کولمبیا کے شہر کالی سے تعلق رکھنے والے گلبرٹو اور میگوئل روڈریگز نے "کارپوریٹ وائٹ کالر" جرائم کی بنیاد رکھی۔ ان کی سالانہ آمدن 10 بلین ڈالر کے قریب تھی۔ انہوں نے بم دھماکوں کے بجائے نظام کو خریدنے اور سیاسی اثر و رسوخ پر یقین رکھا۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں "کالی کے معززین" کہا جاتا تھا۔ ان کا انجام جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوا۔ گلبرٹو 2022 میں امریکی جیل میں وفات پا گیا، جبکہ میگوئل تاحال قیدِ تنہائی میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزار رہا ہے۔

3۔ ایل چاپو گزمین: سرنگوں کا جادوگر (2000 - 2020)

میکسیکو کے علاقے بدیرگواٹو میں پیدا ہونے والا ہواکن "ایل چاپو" گزمین جدید دور کا وہ ڈان تھا جس نے اسمگلنگ کو ایک سائنس بنا دیا۔ اس نے منشیات کی ترسیل کے لیے زیرِ زمین میلوں لمبی سرنگیں تعمیر کیں۔ اس کی سلطنت کی کل مالیت 14 بلین ڈالر سے زائد تھی اور اس نے اتنی کوکین اسمگل کی کہ اگر اسے لائنوں میں بچھایا جائے تو وہ زمین سے چاند تک کا فاصلہ طے کر سکتی تھی۔ دو بار جیل توڑ کر فرار ہونے والا یہ شخص اب امریکہ کی سب سے محفوظ جیل (ADX Florence) میں تاحیات قید ہے۔

4۔ داؤد ابراہیم: ڈی کمپنی کا شاطر ماسٹر مائنڈ (1980 - تا حال 2025)

بھارتی علاقے رتناگری (مہاراشٹر) میں پیدا ہونے والے داؤد ابراہیم نے انڈر ورلڈ کو ایک بین الاقوامی "سنڈیکیٹ" (D-Company) میں بدل دیا۔ اس کی مجموعی دولت کا تخمینہ 6.7 بلین ڈالر ہے، جو کئی چھوٹے ممالک کے کل بجٹ سے زیادہ ہے۔ داؤد نے اپنی دولت کو قانونی کاروباروں، ریئل اسٹیٹ اور لاجسٹکس میں اس طرح چھپایا کہ وہ گزشتہ چار دہائیوں سے قانون کے لیے ناقابلِ تسخیر رہا۔ 90 کی دہائی میں اس کا ایک فون کال ممبئی اسٹاک ایکسچینج کی سمت بدلنے کی طاقت رکھتا تھا۔

5.حاجی سلیم: بحیرہ عرب کا "بھوت" (2015 - تا حال 2025)

پاکستان کے مکران کوسٹ (بلوچستان) سے تعلق رکھنے والا حاجی سلیم موجودہ دور کا سب سے پراسرار کردار ہے۔ وہ "گولڈن کریسنٹ" سے نکلنے والی منشیات کا بین الاقوامی سمندری نگہبان ہے۔ اس کے نیٹ ورک کی سالانہ آمدن 5 سے 8 بلین ڈالر کے درمیان ہے۔ وہ سمندر کے بیچوں بیچ اپنے "مدر شپس" کے ذریعے مال منتقل کرتا ہے اور ڈیجیٹل کرنسی (کرپٹو) کا ماہر ہے۔ اس کے مال پر موجود مخصوص "لوگو" (بچھو یا شیر) عالمی مارکیٹ میں اس کی طاقت کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ وہ تاحال روپوش اور عالمی ایجنسیوں کے لیے ایک معمہ بنا ہوا ہے۔

ان کرداروں کے مطالعے سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ۔۔

پابلو ایسکوبر "طاقت کا نشہ" تھا، ایک جذباتی فرعون جس نے ریاست کو للکارا اور انجام کو پہنچا۔ اس کے پاس دولت سب سے زیادہ تھی، لیکن تزویراتی عقل کی کمی تھی۔

داؤد ابراہیم "ذہانت کی بلندی" ہے، جس نے سیکھا کہ ریاست سے لڑنے کے بجائے اس کے ڈھانچے میں سرایت کرنا ہی بقا کی ضمانت ہے۔

حاجی سلیم "جدید دور کی پراسراریت" ہے، جو داؤد کا ایک جدید ورژن ہے۔ اس نے یہ جان لیا ہے کہ اگر زندہ رہنا ہے تو نظروں سے مکمل طور پر اوجھل رہنا ہوگا۔

(نوٹ: اب آپ نے یہ نہیں پوچھنا "حاجی سلیم" کون ہے۔۔)

Check Also

Imam e Muhammad Taqi Al Jawad

By Safdar Hussain Jafri