Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saira Kanwal
  4. Well Done Javed Chaudhry Aur Qasim Ali Shah

Well Done Javed Chaudhry Aur Qasim Ali Shah

ویلڈن جاوید چوہدری اور قاسم علی شاہ

گزشتہ دنوں جاوید چوہدری صاحب کا ایک کالم پڑھا۔ (میں پچھلے اٹھارہ سال سے جاوید چوہدری صاحب کی قاری ہوں۔ اس موضوع پر الگ سے کالم لکھوں گی) جس میں انھوں نے قاسم علی شاہ کے تعلیم مکمل منصوبہ، کا ذکر کیا۔ یقین مانیں میں نے دو تین مرتبہ یہ کالم پڑھا اور حیران رہ گئی کہ کیا یہ واقعی پاکستان میں ہو رہا ہے۔۔ اور ہم بے خبر ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ اپنے میڈیا پر بھی غصہ آیا۔ آخر ایسی باتوں کو کوریج کیوں نہیں دی جاتی؟

مجھے آج تک اس بات کا جواب نہیں مل سکا کہ پاکستان میں کسی بھی شے کا درست استعمال کیوں نہیں ہوتا؟ سوشل میڈیا ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے مگر اس کا انتہائی غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ سیاسی پارٹیوں میں سے کچھ نے مخالفین کو گالی گلوج کرنے اور کچھ نے اپنے لیڈران کی مدح سرائی کے لئے اس کا استعمال شروع کر رکھا ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کا مقصد صرف ایک دوسرے سے چیٹنگ ہے۔ یا فیک ویب سائٹ بنانا اور ان لائن فراڈ کر کے دوسروں کو کیسے لوٹا جاے۔

ان حالات میں قاسم علی شاہ کے اتنے بہترین کام کو ان پلیٹ فارمز پر پرموٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک وقت ایسا بھی آئے جب مختلف کمپنیوں کو پتا ہو کہ ہمیں یہاں سے اپنی مرضی اور ضرورت کے وہ لوگ مل جائیں گے جن کی ہمیں ضرورت ہے۔ اور نوجوان بھی جگہ جگہ جا کر وقت اور پیسہ برباد کر کے مایوس نہ ہو۔ یہ مایوسی اور ناکامی کی فرسٹریشن نئی نسل کو ایسے لیڈروں کے پیچھے لگاتی ہے۔ جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ان کا استعمال کرتے ہیں۔

میں بحیثیت ماں اکثر اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچ کر پریشان ہو جاتی ہوں۔ مگر جب ایسے منصوبوں کے بارے میں سنتی ہوں تو دل کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ امید کی کرن پھوٹتی ہے۔ ہونٹوں پر بے اختیار دعا آتی ہے۔ یا اللہ! جاوید چوہدری قاسم علی شاہ اور ان کے جیسے باقی لوگوں کے راستے آسان کر۔ جو ہمارے بچوں کے لئے سوچ رہے ہیں یا اللہ تو ان کی نسلوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا۔

Check Also

Siyah Heeray

By Muhammad Ali Ahmar