Saturday, 04 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saira Kanwal
  4. Mehange Aur Qeemti Dost Banayen

Mehange Aur Qeemti Dost Banayen

مہنگے اور قیمتی دوست بنائیں‎

آپ نے پاپ کارن بنانے کا عمل ضرور دیکھا ہوگا۔ مکئی کے دانے گرم ہونے کے عمل سے گزر کر خوبصورت کھلے ہوئے سفید پھول بن جاتے ہیں۔ اس خوبصورت نرم گرم پھول بننے کی خاطر یہ حرارت کے عمل سے گزرتے ہیں۔ مکئی کے دانے تو بہت سے ہوتے ہیں۔ مگر کچھ سستے، نا سمجھ دانے زرا سی گرمی برداشت نہیں کر پاتے اور اچھل کر باہر آجاتے ہیں۔ سفید پھولوں کا حسد انھیں کالا کر دیتا ہے۔ یہ مسترد ہو جاتے ہیں۔ کیوں کہ کسی کام کے نہیں رہتے۔

دوستی ایک بہت پاکیزہ اور خوبصورت رشتہ ہے، جسے ہم انسان خود بناتے ہیں۔ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ بعض اوقات مخلص اور محبت کرنے والے دوست سگے بہن بھائیوں سے بڑھ کر قریب ہو جاتے ہیں۔ آپ کو سمجھتے ہیں اور مشورہ بھی کسی مفاد سے بالا تر ہو کر دیتے ہیں۔ لیکن دوستوں کے بھی مختلف درجے ہوتے ہیں۔

پہلے درجے پر وہ دوست ہوتے ہیں۔ جو آپ کے برے وقت میں، آپ کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ آپ کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی کے سبب خوبصورت، دلچسپ گفتگو کرتے ہیں اور دلی آسودگی کا باعث بنتے ہیں۔ ان دوستوں کی محبت اندھی نہیں ہوتی۔ یہ غلط بات پر آپ کو ٹوک دیتے ہیں۔ ناراضگی کی پرواہ کیے بغیر آپ کو غلط کہنے کی جرآت رکھتے ہیں۔ یقین مانیئے یہ سب سے مہنگے اور قیمتی دوست ہوتے ہیں۔ انھیں سنبھال کر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ آپ کی دنیا ہی نہیں دین کو بھی اللہ تعالیٰ کے حکم سے سنوارتے ہیں۔ کیوں کہ یہ آپ کے سچے اور بہترین ناصح ہوتے ہیں۔ یہ آپ کے کسی بھی بے ہودہ اور غلط عمل پر قہقے لگا کر تالیاں نہیں بجاتے۔ بلکہ غلطیوں کی نشاندھی کرتے ہیں۔

دوسرے درجے کے دوست سستے اور کم ظرف ہوتے ہیں۔ یہ مصیبت میں کبھی ساتھ نہیں دیتے مگر اچھے وقت میں ڈھٹائی سے قہقہے لگاتے ہوئے آجاتے ہیں۔ یہ کبھی آپ کو غلط بات پر ٹوکتے نہیں۔ آپ کو غلطیوں پر اکساتے ہیں۔ بظاہر آپ کے ہمدرد بن کر پیچھے کھڑے ہوتے ہیں۔ مگر مڑ کر دیکھنے پر کبھی نظر نہیں آتے۔ یہ دوست آپ کی زندگی کی ہر کامیابی اور بہترین واقعہ رونما ہونے پر پوری نظر رکھتے ہیں۔ مبارکباد دینے والوں میں سب سے آگے ہوتے ہیں اور سب سے زیادہ شور مچا کر اچھلتے بھی ہیں۔

ہم لوگ جس دور جدید میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انسانی رویے کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ اب دھوکے کا شکار معصوم نہیں بلکہ بیوقوف ہوتے ہیں۔ کیوں کہ اب تو بچے بھی ہمارے استادِ بن چکے ہیں۔ اس لیے مہنگے اور قیمتی دوست بنائیں ان کی قدر کریں اور ان کی حفاظت بھی اپنی قیمتی چیزوں کی طرح کریں۔

سستا مال تو کچھ عرصے بعد خودبخود آپ کا ساتھ چھوڑ جاتا ہے۔ اس پر زیادہ دھیان دینے کی ضرورت نہیں۔ خوبصورت سفید پھول بننے کے لیے تمازت برداشت کرنا ضروری ہے۔ یاد رکھیں ابن الوقت خود بخود زندگی سے اچھل کر باہر نکل جاتے ہیں۔

Check Also

Masla e Parachinar

By Muhammad Zeashan Butt