Friday, 18 October 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saira Kanwal
  4. Fasal Tayyar Ho Cuki Hai

Fasal Tayyar Ho Cuki Hai

فصل تیار ہو چکی ہے

انسان جو بیج بوتا ہے وہی پودے اگتے ہیں اور فصل تیار ہوتی ہے، آپ کانٹے کا بیج ڈال کر پھولوں کی فصل نہیں حاصل کر سکتے۔ ایک تو یہ سائنسی لحاظ سے ممکن نہیں دوسرے فطرت کے قوانین کے خلاف ہے۔ ہاں معجزہ ضرور ہوسکتاہے۔ مگر بد قسمتی سے اب معجزات بھی نہیں ہوتے۔

ہمارے پیارے وطن پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے اغیار نے ہماری ہی سر زمین میں بیج ڈالے۔ اور دھیرے دھیرے ان کو پروان چڑھانا شروع کیا۔ فصل پک کر تیار ہو گئ اور ہمیں تب پتا چلا جب جڑیں مضبوط ہوگئیں اور پھیل بھی گئیں۔ اور بیج بونے والے ثمرات سے لطف اٹھانے لگے۔

ہر گھر میں ایک گندہ انڈہ ضرور ہوتا ہے جو ہمیشہ اس گھر کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے، جس گھر نے اسے پروان چڑھایا، اسے چھت دی، اسے تحفظ دیا۔ یہ گندے انڈے باہر کے دشمنوں کے سپوٹرز ہوتے ہیں۔ گھر میں رہ کر گھر کی سہولتوں سے میسنے بن کر فائدہ اٹھاتے ہیں اور وفادار باہر والوں کے ہوتے ہیں۔

ان باتوں کے تناظر میں ملکی حالات دیکھ لیں۔ کیا لگتا ہےکہ ہمارے اندر احساس نامی کوئی چیز باقی رہ گئی ہے۔ میرا لیڈرمیری جماعت، میرے لوگ۔۔ یہ تکرار کس نے شروع کی سب جانتے ہیں۔ کچے ذہنوں میں ہر روز زہر انڈیلا جاتا ہے۔ ہر روز گرنے والا ایک پانی کا بے ضرر قطرہ چٹان میں بھی سوراخ کر دیتا ہے۔

آخر کس چیز کی ہوس ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ اقتدار کی کرسی پر چڑھ کر ناچنے کا شوق اسی صورت پورا ہوگا۔ جب یہ ملک ہوگا۔ اور مضبوط ہوگا۔

دوسری صورت میں آپ قبرستانوں، پاگل خانوں کے حکمران بن جائیں۔ خدارا ہوش کے ناخن لیں۔ عوام پہلے ہی بے مقصد خطابات سے اکتا چکے ہیں۔ مگر بول بول کر کوئی تھکتا ہی نہیں۔

بڑے بوڑھے کہتے تھے۔ جس طرح اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے انسان کی خوراک کا کوٹہ رکھا ہوتا ہے۔ اسی طرح الفاظ کا بھی کوٹہ ہوتا ہے۔ جب قدرت کی طرف سے الفاظ کا کوٹہ پورا ہو جائے تو پھر انسان خاموش ہو کر بیٹھ جاتا ہے۔

ہہ کہنا بالکل ںے اثر ہے کہ عقل سے کام لےلیں۔ کیوں کہ اس عمر میں اب عقل کہاں آنی ہے؟ صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے۔ اللہ ہم سب کے حال پر رحم فرمائے۔

Check Also

Frame Se Bahir

By Farhat Abbas Shah