Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rizwan Ahmad Qazi
  4. Hattar Sanati Shahrah Ki Khasta Hali

Hattar Sanati Shahrah Ki Khasta Hali

حطار صنعتی شاہراہ کی خستہ حالی

کسی بھی ملک کی ترقی میں شاہراہیں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور خاص کر وہ شاہراہیں جو صنعت اور کارخانوں سے منسلک ہوتی ہیں۔ یہی وہ راستے ہیں جو شہروں کو دیہات سے، منڈیوں کو کھیتوں سے اور عوام کو ریاستی اداروں سے جوڑتے ہیں۔ مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں سڑکوں اور پلوں کی حالت دن بدن زوال پذیر ہے۔ جگہ جگہ ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گڑھوں سے بھری شاہراہیں اور خستہ حال پل نہ صرف عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں بلکہ ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک اہم شاہراہ ہری پور اور ٹیکسلا کو براستہ حطار منسلک کرتی ہے جو حطار صنعتی زون سے ہو کر گزرتی ہے جسے حطار روڈ کہا جاتا ہے۔

حطار صنعتی زون صوبہ خیبرپختونخوا اور ضلع ہری پور کا ایک اہم صنعتی مرکز ہے جو ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہاں درجنوں بڑی فیکٹریاں قائم ہیں جو نہ صرف مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں بلکہ قومی سطح پر پیداواری عمل میں بھی حصہ ڈالتی ہیں۔ حطار انڈسٹریل زون شاہراہ کے 22 کلو میٹر کو ازسرنو بنایا گیا جو 2023/24 کو مکمل ہوئی۔ سڑک کے تعمیر نومستقبل میں چائنہ اکنامک کوریڈور کا حصہ ہونے کی وجہ سے کی گئی۔ چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت حطار کے علاقہ دوریاں (دو پہاڑیوں کی مناسبت سے نام) کے پاس ڈرائی پورٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اسے بنایا گیا۔ مگر ملک کے کئی دوسرے علاقوں میں سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت اور خستہ حال پلوں کی طرح اس شاہراہ کا بہت ہی کم عرصہ میں بدتر حال ہو چکا ہے۔ اس اہم شاہراہ اور پلوں کی بگڑتی حالت صنعتی معیشت پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہے۔ جب سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے، تو تاجر اور کاشتکار دونوں نقصان اٹھاتے ہیں۔ دوسری جانب ایمبولینسوں اور ریسکیو گاڑیوں کی رفتار متاثر ہونے سے ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔

یہ شاہراہ روزانہ سینکڑوں ہیوی ٹرکوں، مال بردار گاڑیوں اور مزدوروں کے سفر کا ذریعہ ہے۔ اس اہم شاہراہ کی ناقص حالت نہ صرف علاقے کے عوام بلکہ انڈسٹریل زون کے صنعت کاروں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ گزشتہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے تمام ہی پل کوٹ نجیب اللہ سے فاروقیہ تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ بارش کے بعد ان پلوں پر جھیل کا منظر ہوتا تھا جس نے پلوں کو بہت نقصان پہنچایا۔ اب خستہ حال پل نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کررہے ہیں بلکہ کئی حادثات کا باعث بن رہے ہیں جس کی وجہ سے آمد و رفت اور تجارت کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

ٹھیکدار نے مرمت کے کام کی وجہ سے غیر معیاری طریقہ کار کو اپناتے ہوئے پلوں کو انیٹیوں اور مٹی کے ڈھیر لگا کر بند کیا ہوا ہے۔ پل بند کرکے ٹریفک کو دوسری سڑک پر موڑ دیا جبکہ کہ کسی قسم کے متبادل راستہ کے نشانات نہیں لگائے گئے۔ اس غیر ذمہ دارانہ کام کو وجہ سے رات کے وقت حاثات ہو رہے ہیں۔ ٹھیکدار اور انتظامیہ کی اس نااہلی نے روزانہ ہزاروں انسانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہوا ہے۔ مرمتی کام، جو کہ نظر ہی نہیں آ رہا، کی وجہ سے سڑک مختلف مقامات پر کئی ماہ سے بند ہے۔ متعلقہ اداروں کی عدم توجہ اور بجٹ کی کمی کے باعث یہ مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ حطار روڈ پر جگہ جگہ گڑھے بن چکے ہیں اور پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔

ان مسائل کی بنیادی وجوہات میں ناقص منصوبہ بندی، غیر معیاری تعمیراتی مواد کا استعمال اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کا فقدان شامل ہیں۔ کئی ٹھیکے دار کم لاگت میں زیادہ منافع کمانے کے لیے معیار پر سمجھوتہ کرتے ہیں، جبکہ فنڈز کے اجراء اور استعمال میں شفافیت کا فقدان صورتحال کو مزید خراب کر دیتا ہے۔ سڑک بن جانے کے بعد بھی مرمت اور دیکھ بھال کے ناقص انتظامات کی وجہ سے آج پھر یہ سڑک پرانی طرز کی ہو چکی ہے۔

عوام کو محفوظ، پائیدار اور جدید معیار کی سڑکوں کا حق حاصل ہے، جس کے لیے حکومت خیبرپختونخوا، حطار انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور مقامی انتظامیہ کو سنجیدہ، فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس اہم صنعتی شاہراہ کے پلوں کو جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے تاکہ حطار کا صنعتی پہیہ بلا رکاوٹ چلتا رہے۔ ترقی کا سفر تبھی ممکن ہے جب صنعتوں تک رسائی آسان، محفوظ اور تیز ہو۔ اگر یہی بنیادی راستہ خستہ حال رہے تو روزگار، سرمایہ کاری اور معیشت سب متاثر ہوں گے۔ تمام سڑکوں اور پلوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، شفاف ٹینڈر سسٹم اور ناقص کام کرنے والے ٹھیکے داروں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan