Friday, 18 April 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Omair Mahmood
  4. Tarke Mein Mili Fehrist

Tarke Mein Mili Fehrist

ترکے میں ملی فہرست

جسے زندگی کا ساتھی بنانے جا رہے ہیں، اس میں کون سی چار خوبیاں دیکھیں؟

نمبر ایک۔ کیا آپ اسے اپنے دل کی ہر بات بتا سکتے/سکتی ہیں؟ نمبر دو۔ کیا وہ مہربان ہے؟ نمبر تین۔ کیا اس کی وجہ سے آپ کی شخصیت میں نکھار آتا ہے؟ نمبر چار۔ کیا آپ اسے اپنے بچوں کا باپ/ماں تصور کر سکتے/سکتی ہیں؟

یہ ڈائیلاگ ایک فلم کا ہے جس کا نام ہے The Life List. مطلب، زندگی کی فہرست۔ یہ ایک لڑکی ایلیکس روز کی کہانی ہے جس کی والدہ کاسمیٹکس کا کامیاب کاروبار چلا رہی ہیں۔ ایلکس کو پڑھانا پسند ہے لیکن وہ اپنی پسند کا کام چھوڑ کر کاروبار میں ماں کا ہاتھ بٹا رہی ہے اور ماں کی کمپنی میں شعبہ مارکیٹنگ کی سربراہ ہے۔ ایلیکس کے دو بھائی ہیں اور دونوں کو ہی لگتا ہے کہ ماں ان کے بجائے اپنی بیٹی سے زیادہ پیار کرتی ہیں۔

لیکن جب والدہ کا انتقال ہوتا ہے تو سب پر ایک حیران کن انکشاف ہوتا ہے۔ سبھی کو لگتا تھا کہ والدہ چوں کہ ایلیکس روز سے زیادہ پیار کرتی ہیں اور ایلیکس ہی کاروبار میں ان کا ہاتھ بٹا رہی تھی تو وصیت میں ایلیکس کا حصہ ہی سب سے زیادہ ہوگا۔ کاروبار تو شاید تمام ہی ایلیکس کے حوالے کر دیا جائے گا۔ مگر جب وصیت سامنے آتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ ایلیکس کی والدہ نے کمپنی اپنی بہو کو سونپ دی ہے اور وصیت میں یہ بھی لکھ دیا ہے کہ ان کی بیٹی کو کمپنی سے نکال دیا جائے۔

یہاں سے ایلیکس کی پریشانی اور مشکل کا آغاز ہوتا ہے۔ مال اور جائیداد کے بجائے اس کے حصے میں اپنی والدہ کی چند ویڈیوز آتی ہیں۔ ان ویڈیوز کے ذریعے ماں ایلیکس سے مخاطب ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اگر اس نے ترکے سے حصہ لینا ہے تو چند کام کرنا ہوں گے۔ انہی کاموں میں سے ایک یہ ہے کہ نیا سال شروع ہونے سے پہلے پہلے ایلیکس اپنے لیے سچا پیار تلاش کرے گی۔ اسی تلاش کے دوران وہ گفتگو ہوئی جو شروع میں بیان کی، کہ زندگی کا ساتھی چنتے ہوئے اس میں کون سی چار خوبیاں دیکھنی چاہییں۔

فلم کا بنیادی خیال یہ ہے کہ انسان کو زندگی میں وہ کام کرنے چاہییں جو اسے خوشی دیتے ہیں۔ وہ کام بہت ہی معمولی نوعیت کے بھی ہو سکتے ہیں۔ مثلاً ایلیکس روز کا ایک خواب یہ تھا کہ وہ زندگی میں ایک بار اسٹیج پر جا کر لطیفے سنائے گی۔ اس کی ماں اسے کہہ جاتی ہیں کہ تم یہ کرنا چاہتی تھی نا، تو ایک بار ضرور کرنا۔ اسی فہرست میں ایک کام تو اتنا معمولی سا تھا کہ ایلیکس کو بس ایک کتاب پڑھنی تھی۔

فلم سے سبق یہ ملتا ہے کہ زندگی کے جھمیلوں میں الجھ کر ہم وہ معمولی معمولی سے کام بھی بھول جاتے ہیں جو ہمیں خوشی دیتے ہیں۔ فرصت نکال کر انہیں کر لینا چاہیے۔ جہاں تک زندگی کا ساتھی چننے کے لیے اس میں چار خوبیاں دیکھنے کا تعلق ہے تو وہ ہمارے پاکستانی معاشرے میں شاید ممکن نہ ہو۔ کیوں کہ یہاں جن فریقین کی شادی ہو رہی ہوتی ہے، بس انہی کو اس تمام عمل سے باہر رکھا جاتا ہے۔ ایک دوسرے کو جاننے، سمجھنے اور پرکھنے کا تو موقع ہی نہیں دیا جاتا۔ شادی کر دی جاتی ہے اور پھر بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ بندہ یا بندی کیسا ہے۔

فلم میں بیان کیے گئے تصورات زندگی کے بارے میں آپ کے خیالات کو ایک نئی جہت دیں گے۔ کیا آپ نے ایسی کاموں کی فہرست بنائی ہے جو زندگی میں ایک بار ضرور کرنے ہیں؟ اگر بنائی تھی تو اس میں سے کون کون سے کام مکمل کر چکے اور کون کون سے رہتے ہیں؟

کیا ایلیکس وہ تمام کام کر پائی جو اس کی والدہ اسے سونپ کر گئی تھیں؟ کیا اسے ترکے میں حصہ ملا؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنا پڑے گی، جو نیٹ فلیکس پر دستیاب ہے۔

Check Also

Subhan Allah Ke Maqam

By Aamir Mehmood