Monday, 31 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Omair Mahmood
  4. Pakistanio Ke Ghar Paidawari Karname

Pakistanio Ke Ghar Paidawari Karname

پاکستانیوں کے غیر پیداواری کارنامے

ہم پاکستانیوں کی ترجیحات کیا ہیں؟ ہم کیسے کیسے غیر پیداواری non productive کاموں میں اپنی توانائیاں صرف کرتے رہتے ہیں اور پھر حیران ہوتے ہیں کہ پاکستان ترقی کیوں نہیں کرتا؟ اس کا جواب لینا ہے تو یہ قصہ سنیے۔

لاہور میں اسموگ بڑھی تو پنجاب حکومت نے حکم دیا، بچوں کو اسکول نہ بھیجا جائے اور پڑھائی کے نقصان سے بچنے کے لیے تدریسی عمل بذریعہ انٹرنیٹ انجام دیا جائے۔ اس کی ایک وجہ تو یہی ہوگی کہ ننھے معصوموں کو زہر آلود فضا سے محفوظ رکھا جا سکے۔ دوسری وجہ یہ ہوگی کہ بچوں کو گاڑیوں پر اسکول چھوڑنے اور واپس لے جانے میں جو آلودگی پیدا ہوتی ہے وہ بھی نہیں ہوگی۔

ایسے میں ایک اسکول چلانے والوں کو سوجھی کہ وہ انسانی پرچم کا ریکارڈ بناتے ہیں۔ مطلب انسانوں کو یوں کھڑا کریں کہ اوپر سے دیکھنے پر وہ پاکستانی پرچم دکھائی دے۔ تو ان عالی دماغوں نے اس مقصد کے لیے اسکول کے بچے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ اسموگ سے بچیں، گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں اور اسکول انتظامیہ ان بچوں کو پرچم کی صورت میدان میں کھڑا کر رہی ہے۔ دو دن بچے کھلے میدان میں کھڑے رکھ کر پرچم بنانے کی مشق کرائی گئی۔ اس مشق میں پڑھائی کا جو نقصان ہوا سو ہوا، بچوں نے دن بھر جو اسموگ پھانکی، وہ الگ۔ تیسرے دن کھلے میدان کی دھواں دھواں فضا میں بچوں کو کھڑا کرکے وہ پرچم بنایا گیا اور اس پرچم بنانے کی خوشی منانے کے لیے چوتھے دن بچوں کو ویسے ہی چھٹی دے دی گئی۔

مطلب کیا ہمارے پاس کرنے کے لیے کوئی پیداواری کام نہیں ہے؟ اسموگ کی وجہ سے دی گئی چھٹیوں میں بچوں کو بلانا ہی ہے تو ان سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے کوئی مشین بنوائیں۔ ان سے آگاہی پھیلانے والی کوئی مہم چلوائیں۔ انہیں ایسا با علم بنائیں کہ جب یہ بڑے ہوں تو ایک با عمل معاشرہ تشکیل دیں۔ ایسا معاشرہ بنائیں جو اسموگ جیسے مسائل حل کر چکا ہو۔ بہت بڑا انسانی پرچم محض نمود و نمائش، ظاہری دھوم دھام یا دکھاوے کے علاوہ اور کیا ہے؟

فلاں ملک نے اتنے انسان اکٹھے کرکے پرچم بنایا تھا، ہم نے اس سے زیادہ انسان پرچم کی صورت کھڑے کر دیے۔۔ صرف اس مقابلہ بازی کے علاوہ اس پرچم سے کیا حاصل ہوا؟ جو حاصل ہوا وہ پاکستانیوں کے کس کام آئے گا؟ کیا وہ انسانی پرچم بچوں کی صحت سے بھی زیادہ ضروری تھا؟ کیا یہ پرچم بنانے کے لیے اسموگ ختم ہونے کا انتظار نہیں کیا جا سکتا تھا؟ اور پھر بہت سارے بچوں کو پرچم کی شکل میں کھڑا کرنا ایسا کون سا پیداواری productive کارنامہ ہے جس کی خوشی میں چھٹی ہی دے دی جائے؟

جس دن ہمارے فیصلہ ساز پیداواری سرگرمیوں میں توانائیاں لگانے لگیں گے، اس دن سے ہمارا ملک بھی ترقی کرنے لگے گا۔

Check Also

Better Call Mahboob (1)

By Syed Mehdi Bukhari