Tuesday, 18 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Omair Mahmood
  4. Moral Down Nahi Hua Karta

Moral Down Nahi Hua Karta

مورال ڈاؤن نہیں ہوا کرتا

فروری 2025 کے آخر میں اسرائیلی فوج نے ایک رپورٹ جاری کی، جسے پڑھنے کے بعد میں چونک گیا ہوں اور سوچ میں پڑ گیا ہوں۔ کیوں کہ اس رپورٹ میں اسرائیلی فوج اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہی ہے۔ اس رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ سات اکتوبر 2023 کو جب حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تو وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی۔ اس حملے میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے اور 250 کے قریب یرغمال بنائے گئے تھے۔

حیرانی والی پہلی بات تو یہ ہے کہ حملہ روکنے میں ناکامی پر کوئی رپورٹ تیار کرائی گئی اور اس سے زیادہ حیرانی والی بات یہ ہے کہ اس رپورٹ میں اپنی ناکامیوں، غلطیوں اور خامیوں کا اعتراف بھی کیا گیا اور حیرانی والی تیسری بات یہ ہے کہ پھر وہ رپورٹ جاری بھی کر دی گئی۔

اس رپورٹ میں اسرائیلی فوج اعتراف کر رہی ہے کہ وہ حماس کے ارادوں کا ادراک نہیں کر سکی اور اس کی صلاحیتوں کو نظر انداز کیا۔

اسرائیلی فوج نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ اس نے غزہ کی طرف سے اسرائیل کو درپیش سیکیورٹی خطرات کو ترجیح نہیں دی اور اپنا تمام دھیان ایران اور حزب اللہ کی طرف رکھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے، وہ یہ تصور کرکے بیٹھی رہی کہ حماس باقاعدہ جنگ شروع کرنے میں نہ تو دل چسپی رکھتی ہے اور نہ ہی اس کی تیاری کر رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کی رپورٹ میں یہ بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ ملٹری انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے اس بات سے آگاہ کر دیا تھا کہ حماس ایک بڑا منصوبہ بنا رہی ہے اور اس کے لیے عملی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ اس کے باوجود یہ انتہائی اہم رپورٹ اعلیٰ حکام کے علم میں ہی نہ لائی گئی۔

اور پھر جس روز حملہ ہوا، اس روز اسرائیلی فوج نہ تو اس حملے کو سمجھ پائی اور کئی گھنٹے تک یہ فیصلہ بھی نہ کر پائی کہ اس حملے سے نمٹنا کیسے ہے۔ پھر جب اسرائیلی فضائیہ نے رد عمل دیا تو اسے اسرائیلی فوجی اہلکاروں، عام شہریوں اور دہشت گردوں کے درمیان فرق کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں کئی ایسے واقعات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے جن میں عام شہریوں سے پہلے زخمی فوجی اہل کاروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا تھا۔

یہ رپورٹ اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف نے اپنے کمانڈرز کو پیش کی اور یہ بھی کہا کہ وہ ان تمام ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ اس سے پہلے ہی وہ جنوری 2025 میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے عہدہ بھی چھوڑ چکے ہیں۔

جب سے یہ خبریں پڑھی ہیں، تب سے سوچ رہا ہوں کہ اپنی غلطیوں کی نشان دہی سے فوج کا مورال ڈاؤن نہیں ہوتا، بلکہ ان غلطیوں کو سدھارنے کا موقع ملتا ہے۔ آئندہ ہونے والی ممکنہ غلطیوں کو روکنے کا راستہ ملتا ہے۔

Check Also

Riwayati Sahafat Ki Tabahi

By Nusrat Javed