Thursday, 13 February 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Omair Mahmood
  4. 10 Minute Aur 38 Seconds

10 Minute Aur 38 Seconds

10 منٹ اور 38 سیکنڈ

ایلف شفق سے ہم پاکستانی ان کی کتاب The Forty Rules of Love کی وجہ سے واقف ہیں۔ اس کا سیدھا سیدھا ترجمہ تو محبت کے 40 قوانین/اصول بنتا ہے۔ لیکن جمہوری پبلیکیشنز نے اس کتاب کا اردو ترجمہ کرتے ہوئے وہ عنوان دیا جو معنی کی گہرائی بھی بیان کرتا ہے۔ وہ عنوان ہے "چالیس چراغ عشق کے۔ "

خیر، دوسروں کی دیکھا دیکھی میں نے بھی وہ کتاب پڑھی اور آپس کی بات ہے، کوئی خاص پسند نہ آئی۔ شاید میری پسند ہی عامیانہ ہے، کہ جس جس تصنیف کو کلاسیک کا درجہ دیا گیا ہے، میں اسے پڑھتے ہوئے عدم دل چسپی کا شکار ہوا۔ مجھے حالات حاضرہ یا تاریخ پر لکھی کتابیں پسند آتی ہیں، آپ بیتیاں بھی شوق سے پڑھتا ہوں، جرم و سزا، جاسوسی کہانیوں والے ناول بھی اچھے لگتے ہیں۔ لیکن کئی ایسی کتابیں جنہیں ایک دنیا شوق سے پڑھتی ہے، وہ پڑھتے ہوئے میرا جی اوبھ گیا۔

خیر، ایک روز یوں ہی کتابیں پھرولتے ایلف شفق کا ہی ایک اور ناول نظر سے گزرا Ten Minutes 38 Seconds in This Strange World. مطلب، اس عجیب سی دنیا میں 10 منٹ اور 38 سیکنڈ۔ تعارف میں بتایا گیا تھا کہ یہ ناول بکر پرائز کے لیے بھی نامزد ہو چکا ہے۔ نام بھی اچھوتا سا تھا، تو اسے پڑھنا شروع کیا۔ یہ ایک طوائف کی کہانی ہے، بچپن میں جس کا جنسی استحصال کیا گیا، پھر وہ بھاگ کر استنبول آ جاتی ہے اور جسم فروشی کا پیشہ اختیار کرتی ہے۔

اس ناول کا آغاز بھی مختلف اور سنسنی خیز سا ہے۔ کہانی کی بنت بھی خوب ہے۔ لیکن پھر بھی میں پورا نہ پڑھ پایا، درمیان میں کسی جگہ اکتا کر اسے چھوڑ دیا۔ ہاں، لیکن ناول کے ابتدائی ابواب میں ہی لکھا یہ جملہ بہت پسند آیا اور اسے میں نے لکھ کر رکھ لیا تھا۔ جملہ ہے۔

Sometimes where you feel most safe is where you least belong

یعنی بعض اوقات جہاں آپ خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہوتے ہیں، وہی جگہ آپ کے لیے سب سے کم موزوں ہوتی ہے۔

اس سے ملتی جلتی بات اکثر سننے کو ملتی ہے۔ اپنے کمفرٹ زون سے نکلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ مطلب جو خیال اس جملے میں بیان کیا گیا ہے، اس سے میں واقف تھا، لیکن پھر بھی مجھے یہ جملہ منفرد لگا۔ ہم ہمیشہ ہی سکون اور تحفظ کی تلاش میں رہتے ہیں، لیکن کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ سکون اور تحفظ ہمارے حق میں نہیں ہوتا۔ جب ہم اس کمفرٹ زون سے باہر نکلتے ہیں تو امکانات کی کتنی ہی نئی دنیائیں تلاش کرتے ہیں۔ اپنی صلاحیتوں پر پڑی گرد جھڑ جاتی ہے۔ کچھ نئی صلاحیتیں بھی پیدا ہوتی ہیں۔ مختلف قسم کے چیلنجز سے سامنا ہوتا ہے۔ ان سے نمٹنے کے طریقے سیکھتے ہیں۔

شاید اسی لیے ایلف شفق نے لکھا، بعض اوقات جہاں آپ خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہوتے ہیں، وہی جگہ آپ کے لیے سب سے کم موزوں ہوتی ہے۔

Check Also

Abadi Ka 60 Feesad Kya Waqai Nemat Hai?

By Nusrat Javed