Al Mubazzarah Park Al Ain, Quradrti Husn Aur Sukoon Ka Imtizaj
المبزراہ پارک العین، قدرتی حسن اور سکون کا امتزاج

العین میں واقع المبزارہ پارک، جسے گرین مبزارہ پارک بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسا دلکش مقام ہے جو قدرتی حسن، فطری سکون اور جدید سہولیات کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہ پارک شہر العین کے جنوب میں جبلِ حفیث کے دامن میں واقع ہے اور تقریباً 3.3 مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ المبارہ پارک ان چند مقامات میں سے ایک ہے جو نہ صرف مقامی افراد بلکہ سیاحوں کے لیے بھی یکساں طور پر پرکشش ہے۔ اس پارک کا قیام متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے حکم پر عمل میں آیا تاکہ فطرت سے محبت کرنے والے افراد کو ایک منفرد، پرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس پرفضا مقام کی سیر کا موقع ہمیں بھی ملا۔ اس سفر میں میرے ساتھ برادرِ کبیر پروفیسر ڈاکٹر رحیم حسین صاحب، جو دبئی یونیورسٹی کے ہیڈ آف مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ ہیں، میرے ہم زلف جناب انجینئر عرفان خان یوسف زئی، میرا بیٹا محمد ریان نور اور دیگر اہلِ خانہ بھی شامل تھے۔ صبح کے وقت ہم جبلِ حفیث کی طرف روانہ ہوئے اور جب المبارہ پارک کے سبزہ زاروں میں داخل ہوئے تو دل بے اختیار خوشی سے جھوم اٹھا۔ سرسبز درخت، ہلکی ہوا اور فضا میں گھلی تازگی نے ہمیں خوش آمدید کہا۔ یہاں آ کر یوں محسوس ہوا جیسے ہم شہری شور و غل سے نکل کر کسی فطری جنت میں آ گئے ہوں۔
پارک کے اہم پرکشش مقامات میں قدرتی گرم چشمے سب سے نمایاں ہیں۔ ان چشموں کا پانی پہاڑوں سے اترتا ہوا آتا ہے اور پارک میں داخل ہوتے ہی زمین کی گہرائیوں سے گرم ہو کر سکون بخش حدت اختیار کر لیتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں ان چشموں میں پاؤں ڈال کر بیٹھنا نہایت آرام دہ اور تسکین بخش تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ یہ قدرت کا انمول تحفہ ہے جو جسم و دل کو سکون عطا کرتا ہے۔ بچوں اور بڑوں کے لیے پارک میں ایک سیاحتی ٹرین بھی مخصوص ہے جو دن میں تقریباً دس مرتبہ مختلف مقامات کی سیر کرواتی ہے۔ یہ ٹرین زائرین کو پارک کے مختلف حصوں تک لے جاتی ہے اور اس کے ذریعے تمام خوبصورتیوں کا احاطہ آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں، المبارہ پارک کیمپنگ کے شوقین افراد کے لیے بھی بہترین مقام ہے۔ خاص موسموں میں یہاں کیمپنگ کی اجازت دی جاتی ہے، جس کے لیے مخصوص علاقے مختص کیے گئے ہیں۔ رات کے وقت باربی کیو کی خوشبو اور کھلی فضا میں اہلِ خانہ کے ساتھ طعام کا مزہ کسی بھی فائیو اسٹار ہوٹل سے بڑھ کر محسوس ہوتا ہے۔ اونٹ اور گھوڑوں کی سواری کا انتظام بھی موجود ہے جو بچوں کو خصوصی طور پر بہت محظوظ کرتا ہے، جبکہ بڑوں کے لیے بھی یہ ایک روایتی تجربہ ہوتا ہے۔ پیدل سفر یا ہائیکنگ کے شوقین افراد کے لیے جبلِ حفیث کے دامن میں موجود پگڈنڈیاں کسی نعمت سے کم نہیں۔ کچھ راستے آسان ہیں تو کچھ تھوڑے چیلنجنگ بھی ہیں، جو کہ تجربہ کار ہائیکرز کے لیے زیادہ موزوں ہوتے ہیں۔
پارک میں ایک خوبصورت جھیل بھی موجود ہے جہاں کیاکنگ، کشتی رانی اور تیراکی کی سہولت دستیاب ہے۔ ان سرگرمیوں کے لیے معمولی ٹکٹ مقرر ہیں: کیاکنگ کے لیے 15 درہم اور تیراکی کے لیے 5 درہم فی فرد۔ جھیل کا نیلگوں پانی، اردگرد کے درختوں کا عکس اور پرندوں کی چہچہاہٹ، سب کچھ مل کر ایسا منظر پیش کرتے ہیں جو دیر تک یاد رہتا ہے۔
نماز کے وقت ہمیں گرین مبزارہ مسجد جانے کا موقع بھی ملا، جو پارک کے اندر ہی واقع ہے۔ یہ مسجد نہ صرف عبادت کے لیے پرامن جگہ فراہم کرتی ہے بلکہ اپنے خوبصورت فنِ تعمیر کے باعث بھی توجہ کا مرکز ہے۔ سفید گنبد، صاف ستھری وضوگاہیں اور ہوا دار ہال دل کو روحانی سکون دیتے ہیں۔
ان لوگوں کے لیے جو العین میں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں، پارک سے متصل سبز مبزارہ چیلیٹس بہترین انتخاب ہیں۔ یہ ولاز جدید سہولیات سے آراستہ ہیں، جن میں نجی پارکنگ، وائی فائی، بچوں کا کھیلنے کا علاقہ، 24 گھنٹے سیکیورٹی، وہیل چیئرز، کرنسی کا تبادلہ، فیکس و فوٹو کاپی کی سہولت اور کثیر لسانی عملہ شامل ہے۔ تمباکو نوشی سے پاک کمروں کی دستیابی بھی ان ولاز کو خاندانی قیام کے لیے محفوظ بناتی ہے۔
المبارہ پارک نہ صرف فطرت کا شاہکار ہے بلکہ انسان کی تخلیق کردہ آسائشوں کے ساتھ ایک مکمل خاندانی تفریح گاہ بھی ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ہر عمر، ہر ذوق اور ہر مزاج کا شخص کچھ نہ کچھ ایسا ضرور پا لیتا ہے جو اس کے دل کو خوشی اور سکون بخشے۔ اگر آپ العین کی سیر کے دوران کسی یادگار، پرسکون اور معلوماتی تجربے کے خواہاں ہیں، تو المبارہ پارک آپ کے لیے ایک لازمی منزل ہونا چاہیے۔ یہ صرف ایک پارک نہیں بلکہ فطرت اور انسان کے درمیان ایک خاموش مکالمہ ہے، جسے ہر دیکھنے والی آنکھ اور محسوس کرنے والا دل ضرور سننا چاہے گا۔

