Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Naveed Khalid Tarar
  4. Doctors Day

Doctors Day

ڈاکٹرز ڈے

ہمیں تو خبر ہی نہیں تھی کہ ہمارا بھی کوئی دن ہوتا ہے۔ بھلا ہو فیس بک کا کہ ہمیں ہمارے دن کی خبر دی۔

ڈاکٹر بننا اور بنے رہنا جتنا پرکشش لگتا ہے، یقین کریں یہ حقیقت میں ایسا بالکل بھی نہیں۔ نہ ہی ہمیں درختوں پہ لگے پیسے مل رہے ہوتے ہیں، نہ ہی ہم کوئی بڑی پرآسائش زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔

میں نے ڈاکٹری میں جھولیاں بھر بھر کر پیسے نہیں کمائے لیکن یہ کوشش ضرور کی ہے کہ کوئی جھولی اٹھا کر دعا دے دے۔

عرفان کہتا ہے تمھیں ڈاکٹری کے علاوہ سب آتا ہے، شہزاد فاروق کا کہنا ہے کہ باقی سب کچھ کر لیتے ہو، ڈاکٹری بھی کی ہے کبھی؟

تو ہاں بھائیو! میں روایتی ڈاکٹر نہیں بن سکا، میں ڈاکٹر بن کر بھی باقی کاموں سے باز نہیں آیا۔

شاعری کی، تحریریں لکھیں، سیر و سیاحت کی، فوٹوگرافی کی، افسانے لکھے، کتابیں لکھیں، جو ممکن ہوا وہ فلاحی کام کیے۔ زندگی کے جو ذائقے چکھ سکا، چکھنے کی بھرپور کوشش کی۔

لیکن اس سب کے علاوہ یہ کیا کہ عام لوگوں کو آگہی دینے کی کوشش کی۔ صحت کے معاملات سے، ہسپتالوں کے نظام سے، ڈاکٹروں کی اصل زندگی سے۔

میں جانتا ہوں آپ لوگوں کو ڈاکٹرز سے بہت سے شکوے ہیں، ان میں سے کچھ سچ بھی ہیں لیکن بہت سے شکوے تو صرف غلط فہمیوں کی بنیاد پہ کھڑے ہیں۔

لاعلمی بہت بڑی نعمت ہے اور آپ میڈیکل کی بہت سی باتوں سے لاعلم ہیں، اس لیے الزام دینا، گریبان پکڑنا بہت آسان ہوتا ہے۔

میں نے کتاب لکھی ہے "مٹھی بھر مسیحائی" تو اس میں سارا حال لکھا ہے۔ آپ بہت سے سچ جاننا چاہتے ہیں تو یہ کتاب پڑھ لیجیے۔

یہ عام سی کتاب آپ کی بہت سی غلط فہمیاں دور کرے گی۔ میں نے اس میں جو لکھا، سچ لکھا۔ کوئی خیالی یا جھوٹی باتیں نہیں لکھیں، بس وہی لکھا جو واقعی پیش آیا۔

باقی میں اور مجھ جیسے، بطورِ ڈاکٹر جو جو بس میں ہیں، کیے جا رہے ہیں۔ ہم نظام نہیں بدل سکتے، سب لوگوں کے دکھ درد دور نہیں کر سکتے لیکن ہم اپنا کردار ادا کیے جا رہے ہیں کہ یہی ہمارے بس میں ہے۔

آپ کو ہم سے شکوے ہیں، کرتے رہیے۔ اپنے زہریلے لفظوں سے ہمیں تکلیف دینی ہے، دیتے رہیے۔ ڈاکٹرز کو گالیاں نکالنی ہیں، نکالتے رہیے۔

ہمیں جو کرنا ہے، ہم کرتے رہیں گے۔

اور ہاں، برادرانہ مشورہ ہے!

اگر آپ یا آپ کی فیملی میں سے کوئی ڈاکٹر بننے کا ارادہ رکھتا ہے، خواہش رکھتا ہے تو یاد رکھیے گا صرف پیسے کمانے کے لیے اس فیلڈ میں مت آئیے گا۔

درجنوں شعبے ہیں جہاں آپ اس سے کم محنت میں اس سے کہیں زیادہ پیسے کما سکتے ہیں۔ یہ غلط فہمی ہے کہ ڈاکٹر بن کر پیسے کمانا آسان ہوتا ہے، یا ڈاکٹر بن کر زندگی آسان ہوتی ہے۔

ہاں اگر آپ شوق سے اس فیلڈ میں آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں کہ یہ شعبہ آپ سے جتنی قربانیاں مانگتا ہے، وہ شوق کے بغیر دینا ممکن ہی نہیں۔

وہ لوگ جو ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں یا ڈاکٹر بننے کے مراحل میں ہیں، وہ کبھی بھی کسی بھی معاملے میں مدد یا رہنمائی لینا چاہیں تو بلاجھجک رابطہ کر سکتے ہیں۔ جو رہنمائی یا مدد ممکن ہوئی ضرور کریں گے۔ قتیل شفائی نے لکھا تھا۔۔

اب جس کے جی میں آئے وہی پائے روشنی
ہم نے تو دل جلا کے سر عام رکھ دیا

تو ہم بھی دل کے چراغ جلا کر روشنی بکھیرنے کی کوشش کرتے رہیں گے کہ یہی ہمارے بس میں ہے۔۔

Check Also

Kitabon Ka Safar

By Farnood Alam