Sunday, 22 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nasir Abbas Nayyar
  4. Uncle Saam Ke Naam Manto Ka Satwa Khat

Uncle Saam Ke Naam Manto Ka Satwa Khat

انکل سام کے نام منٹو کا ساتواں خط

چچا جان، میں نے ایک بڑی تشویش ناک خبر سنی ہے کہ آپ کے یہاں تجارت اور صنعت بڑے نازک دور سے گزر رہی ہے۔

آپ تو ماشاء اللہ عقل مند ہیں، لیکن ایک بے وقوف کی بات بھی سن لیجئے۔ یہ تجارتی اور صنعتی بحران صرف اس لئے پیدا ہوا ہے کہ آپ نے کوریا کی جنگ بند کر دی ہے۔ یہ بہت بڑی غلطی تھی۔

اب آپ ہی سوچیئے کہ آپ کے ٹینکوں، بم بار ہوائی جہازوں، توپوں اور بندوقوں کی کھپت کہاں ہوگی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عالمی رائے عامہ کی شدید مخالفت کی بنا پر آپ کو یہ جنگ بند کرنا پڑی ہے، لیکن عالمی رائے عامہ آپ کے سامنے کیا حقیقت رکھتی ہے۔

میرا مطلب ہے سارا عالم آپ کے ایک ہائیڈروجن بم کا کیا مقابلہ کر سکتا ہے۔ کوریا کی جنگ آپ نے بند کر دی ہے۔ یہ بہت بڑی غلطی تھی۔ خیر اس کو چھوڑیئے۔ آپ ہندوستان اور پاکستان میں جنگ شروع کرا دیجئے۔ کوریا کی جنگ کے فائدے اس جنگ کے فائدوں کے سامنے ماند نہ پڑ گئے تو میں آپ کا بھتیجا نہیں۔

قبلہ ذرا سوچیئے یہ جنگ کتنی منعفت بخش تجارت ہوگی۔ آپ کے تمام اسلحہ ساز کارخانے ڈبل شفٹ پر کام کرنے لگیں گے۔ بھارت بھی آپ سے ہتھیار خریدے گا اور پاکستان بھی۔ آپ کی پانچوں گھی میں ہوں گی اور سر کڑاہے میں۔ ویسے آپ ہند چینی میں جنگ جاری رکھئے۔

لوگوں کو تلقین کرتے رہیئے کہ یہ بڑا نیک کام ہے۔ فرانسیسی عوام اور فرانسیسی حکومت جائے جہنم میں، وہ اس جنگ کے خلاف ہے تو ہوا کرے۔ ہمیں کوئی پروا نہیں کرنی چاہیئے۔ آخر ہمارا مقصد تو دنیا میں امن و امان قائم کرنا ہے۔ کیوں چچا جان؟

مجھے آپ کے مسٹر ڈلز کا یہ کہنا بہت پسند آیا ہے کہ آزاد دنیا کا مقصد کمیونزم کو شکست دینا ہے۔۔ یہ ہے ہائیڈروجن بم کی پراز حریت زبان۔ جاہل گو یہ کہتے ہیں کہ مغربی اتحاد کا مقصد دوسری اقوام کے درمیان اختلافات کو طاقت کے بغیر حل کرنا ہونا چاہیئے۔۔

میں پوچھتا ہوں طاقت کے بغیر کوئی اختلاف آج تک حل ہوا ہے۔

آج کل تو ساری دنیا اختلافات سے بھری پڑی ہے اور اس کا حل اس کے سوائے اور کیا ہو سکتا ہے کہ دنیا کو مکمل تباہی کی تصویر پیش کر دی جائے اور اس سے کہا جائے کہ تم اپنے گھٹنے ٹیک دو۔

برطانیہ کے مسٹر بیوان کا آپ منہ بند کیوں نہیں کرتے۔ آپ کی بلی آپ ہی کو میاؤں۔ خرذات آپ کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ آپ کے مسٹر ڈلز کے متعلق کہتا ہے کہ وہ جدید ترین خیالات سے بے بہرہ ہیں اور دنیا کو ہائیڈروجن بم سے ڈرا دھمکا کر اپنا الو سیدھا کرتے ہیں۔۔ الو کہیں کا۔

چچا جان مجھے بڑا تاؤ آتا ہے جب برطانیہ کا کوئی مسخرا آپ کے خلاف اول جلول بکتا ہے۔ میری مانئے، جزائر برطانیہ ہی کو صفحہ ہستی سے نیست و نابود کر دیجئے۔ اولوالعزم لوگوں کے لئے یہ ٹاپو ہمیشہ درد سر بنے رہے ہیں، اگر آپ ان کو اڑانا نہیں چاہتے تو وہ بیس میل لمبی کھائی پاٹ دیجئے جو برطانیہ عظمیٰ کو یورپ سے جدا کرتی ہے۔

اللہ بخشے نپولین بونا پارٹ اور ہزہٹلر کو اس سے بڑی چڑ تھی، اگر یہ نہ ہوتی تو آج مسٹر بیوان بھی نہ ہوتے اور بہت ممکن ہے آپ بھی غفراللہ ہو گئے ہوتے۔ جو پریشانیاں اب آپ کو اٹھانا پڑ رہی ہیں ان سے آپ کو یقیناًنجات مل جاتی۔

میں آپ سے سچ کہتا ہوں آگے چل کر آپ کو یہ برطانیہ بہت تنگ کرے گا۔

آپ کا تابع فرمان
سعادت حسن منٹو

31 لکشمی مینشنز ہا ل روڈ لاہور

(اوپر، نیچے اور درمیان، پہلی اشاعت 1954 سے ماخوذ)

Check Also

Eid Baghair Maa Ke Kesi Hoti Hai?

By Iqbal Bijar