Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mujahid Khan
  4. Teen Roza National Youth Leadership Conference

Teen Roza National Youth Leadership Conference

تین روزہ نیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس‎‎

پاکستان کی آبادی کا 64 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہیں، جو کہ نہایت ہی اچھی علامت ہے کیونکہ نوجوان آبادی طاقت کا وہ سر چشمہ ہے جس کو بروئے کار لاکر کوئی بھی ملک ترقی کی منازل تیزی سے طے کرسکتا ہے۔ تاہم اس کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور نوجوانوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی کا تعین انتہائی ضروری ہے۔ اس بات میں شک نہیں ہے کہ آج کا نوجوان باصلاحیت ہے، اس میں قائدانہ صلاحتیں موجود ہیں لیکن بہترین حکمت عملی سے یہ صلاحیتیں اُجاگر کرنے کی ضرورت ہیں اور وہ تب ممکن ہے کہ نوجوانوں کو ہم نصابی سرگرمیوں، ووکیشنل ٹریننگز، لیڈر شپ سیمینارز اور کانفرنسز کے ذیادہ سے ذیادہ مواقع فراہم کیئے جائیں تاکہ وہ معاشی اور سماجی اعتبار سے خود مختار ہوں اور آگے مستقبل میں ملک کے بھاگ دوڑ کو درست سمت میں چلانے کے اھل ہوں۔

نوجوانوں کی اس ضرورت واہمیت کے پیش نظر نیشنل یوتھ اسمبلی نوجوانوں کی تربیت و لیڈر شپ کا ایک ایسا بہترین و منفرد پلیٹ فارم ہے کہ جو بھی نوجوان اس پلیٹ فارم میں مثبت ذہنیت کے ساتھ اور ملک وملت کے تعمیر و ترقی کے سوچ پر جہد مسلسل کے ساتھ قدم رکھ لے تو ان شاءاللہ شاندار مستقبل اس کا مرہون منت ہوگا۔ بقر عید سے دو ہفتے قبل نیشنل یوتھ اسمبلی خیبرپختونخوا نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفئیرز کے تعاون سے نیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس کا انعقاد نتھیا گلی میں کیا تھا جسکی مختصر سی روداد ناظرین کے سامنے گوش گزار کرنا چاہتا ہوں۔

نیشنل یوتھ اسمبلی خیبرپختونخوا چیپٹر کے کور کمیٹی ممبرز نے ایک پروپوزل ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز میں جمع کیا تھا جس میں نوجوانوں کے قائدانہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لئے ایک لیڈر شپ کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس پروپوزل کے جمع کرنے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز کے نمائندوں نے نیشنل یوتھ اسمبلی کے قیادت کو پروپوزل پر بریفنگ کیلئے مدعو کیا۔ تو نیشنل یوتھ اسمبلی کے صوبائی قائد نوید احمد خان نے پروپوزل پر بہترین بریفنگ دی تو وہ مطمئن ہوئے اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے ساتھ باہمی اشتراک میں تین روزہ کانفرنس کا نتھیاگلی میں انعقاد کا گرین سگنل دے دیا۔ کانفرنس کو 'نیشنل یوتھ لیڈرشپ کانفرنس' کے نام سے موسوم کیا گیا اور باقاعدہ میرٹ پر تقریباً ستر نوجوان طلباء و طالبات کو پاکستان بھر سے میرٹ پر شارٹ لسٹ کیاگیا۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے پی کور کمیٹی ممبران کی دس روزہ مسلسل محنت کے بعد کانفرنس کے تمام لوازمات طے کر لئے گئے اور بہترین شیڈول بنایا۔ کانفرنس کے انعقاد میں ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا سلیم جان مروت نے خصوصی تعاون کیا جس پر نیشنل یوتھ اسمبلی کے پی کی قیادت نے شکریہ ادا کیا۔ شیڈول میں نوجوانوں کیلئے لیڈر شپ اور قائدانہ صلاحیتوں کو پہچاننے و اُبھارنے والے موضوعات پر سیمینارز، حکومت کی طرف سے نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں کے حصول و روزگار کے مواقع، موسمی تغیرات و بلین ٹری سونامی مہم میں نوجوانوں کا کردار، مطالعاتی دورے، کلچرل ایکٹیویٹیز اور دیگر ڈھیر سارے دلچسپی کے اُمور طے کئے گئے تھے۔ کانفرنس میں ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفئیرز کے آفیشلز، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرز، صوبائی وزراء شوکت علی یوسفزئی، عبد الکریم خان، صدر نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان حنان علی عباسی اور دیگر مہمانان نے شرکت کیں۔

کانفرنس کے پہلے دن و سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ پھر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تمہیدی کلمات نیشنل یوتھ اسمبلی خیبر پختونخواہ کے صوبائی قائد نوید احمد خان صاحب نے ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے لئے باعث اعزاز ہے اور ہم نیشنل یوتھ اسمبلی کے پلیٹ فارم کے شکر گزار ہے کہ آج ہمیں یہ موقع فراہم کیا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات، خیالات کو شیئر کرسکے اور اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ اس کے بعد نیشنل یوتھ اسمبلی خیبر پختونخواہ کے گورنر جناب سمیع اللہ مہمند صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل یوتھ اسمبلی ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے اور آج اس کانفرنس میں ہم ثابت کریں گے کہ واقعی نوجوانوں میں وہ صلاحتیں پنہاں ہیں جو ایسے پلیٹ فارم میں اُبھر کر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ چارسدہ کے ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جناب زبیر خٹک صاحب اور مردان کے ڈسٹرکٹ یوتھ آفسیر عثمان خان صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ خیبر پختونخواہ کی یوتھ پالیسی برائے سال 2016 تین ستونوں سماجی، سیاسی اور معاشی پر مشتمل ہیں۔ ہم ان شاءاللہ نوجوانوں کو سماجی، سیاسی اور معاشی اعتبار سے ترقی کے مواقع فراہم کریں گے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس کے بعد نوجوانوں کو گلیات کے سیاحتی مقامات کا مطالعاتی دورہ کرایا گیا اور گلیات کو ایکسپلور کیا گیا۔

دوسرے دن سیشن میں حکومت پاکستان کے مہم کلین اینڈ گرین پاکستان اور بلین ٹری سونامی کے حوالے سے سمینار کا انعقاد کیا گیا جو کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے ایکسپرٹس نے پیش کیا اور نوجوانوں کو درختوں کے اہمیت اور موسمی تغیرات کے حوالے سے بریف کیا۔ اس کے بعد کانفرنس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی تشریف لے آئے اور نیشنل یوتھ اسمبلی کو بہترین کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اپنے تقریر میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی محنت سے ملتی ہے اور اپنے زندگی کے دکھ سکھ کاتذکرہ کیا جو انہوں نے زندگی میں عبور کرکے یہاں تک کاسفر طے کیا تھا۔ انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت اور ملک کی ترقی میں کردار کے حوالے سے مفصل بات کی اور ہر قسم تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفئیرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں بھی نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان کے ساتھ اسی طرز کے کانفرنسز کے انعقاد پر تاکید کی۔

پھر سوال وجواب کے نشست میں نوجوانوں نے صوبائی وزیر سے سوالات کیئے اور آخر میں شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کئے۔ اور یوں دوسرے دن کے اختتام پر نوجوانوں نے کلچرل نائٹ پروگرام کے اہتمام کے ساتھ پورے دن کو لطف آمیز بنایا۔ کانفرنس کے آخری دن و سیشن پر نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان کے صدر جناب حنان علی عباسی صاحب تشریف لے آئے تو نوجوانوں نے قائد محترم کا شاندار استقبال کیا اور لیڈر شپ کے موضوع پر نوجوانوں سے مسحور کن خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے پی چیپٹر اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفئیرز کا کانفرنس کے انعقاد کے کاوش کو سراہا۔ انہوں نے اپنے بیان میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے سفر کا تزکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ میں نے شعور سنھبالا تو ملک کے حالات پر بطور مبصر نظریں دوڑائی تو پتہ چلا کہ ملک کی ایلیٹ کلاس لوگ و نوجوان آگے ہی آگے جاتے ہیں اور مڈل اور لوئر طبقہ پیچھے ہی پیچھے رہ جاتا ہے۔ تو میں نے ایک قدم اٹھانے کا سوچا اور معاشرے کے لوئر اور مڈل کلاس کو بھی دھارے میں شامل کرنے کا عہد کیا کہ یہ لوگ قوم کے اصل درد سے واقف ہیں تو پیچھے نہ رہ جائیں۔ میں نے یہ چیلنج نیشنل یوتھ اسمبلی کی بنیاد رکھ کر مکمل کرلیا۔ اور اب الحمد للّٰہ لوئر و مڈل کلاس نوجوانوں میں بھی لیڈرز ابھر کر نکلے ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ شامل کررہے ہیں۔

اسکے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشن یوتھ آفئیرز عمران انعام اللہ نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کو خود مختار کاروبار پر بریف کیا۔ پروگرام کے آخری مہمان خصوصی وزیراعلی' خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت جناب عبد الکریم خان صاحب مع اپنے پروفیشنل ٹیم کے ہمراہ پروگرام کی زینت بنے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ ٹریڈ اینڈ کامرس کے ایکسپرٹس نے موجودہ حکومت کے نوجوانوں کیلئے جاری پروجیکٹس اور انٹراپرینورشپ و بزنس ڈیولپمنٹ اور سکالرشپ کے حصول پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مہمان خصوصی جناب عبد الکریم خان نے نوجوانوں کیلئے بہترین اور منظم کانفرنس کے انعقاد پر نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز کی تعریف کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری منسٹری کے دروازے آپ سب نوجوانوں کیلئے کھلے ہیں اور ہر قسم تعاون کیلئے میں تیار ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں کو آسان بلاسود قرضوں کے حصول اور تجارت کرنے پر زور دیا تاکہ نوجوان خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں اور ملک کے تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کانفرنس کے اختتام پر جناب عبد الکریم خان اور صدر نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان حنان علی عباسی نے کانفرنس کے شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور یوں تین روزہ یوتھ لیڈرشپ کانفرنس کے اختتام پر نوجوان طلباء وطالبات نے لیڈرشپ کی ٹریننگ اور بیش بہا معلومات و آئیڈیاز اپنے ساتھ لے کر اس عزم کے ساتھ رخصت ہوئیں کہ انشاءاللہ مستقبل قریب میں لیڈر ز اور کامیاب شخصیات کی صورت میں ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گے۔

Check Also

Madina Sharif Kahan Waqe Hai?

By Irfan Siddiqui