Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mujahid Khan
  4. Amjad Aziz Malik Sahib Ki Ayadat

Amjad Aziz Malik Sahib Ki Ayadat

امجد عزیز ملک صاحب کی عیادت

آج فخر خیبر پختونخوا صحافتی دنیا کا چمکتا ستارہ سینئر صحافی جناب امجد عزیز ملک صاحب کی عیادت کیلئے ان سے ان کے رہائش گاہ پر ملاقات کی اور صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ ان کی بیماری کی خبر سوشل میڈیا پر دیکھ کر نہایت فکر لاحق ہوئی اور اسی وقت پہلے دل سے ان کے صحت یابی کے لیے دعاء کی اور بعد میں ان سے رابطہ کر کے خیریت معلوم کی۔

الحمد للّٰہ ان کو صحت یاب پا کر شکر ادا کیا اور فوراً ان کی عیادت کے لئے بندہ ناچیز اور نیشنل یوتھ اسمبلی خیبر پختونخوا کے یوتھ گورنر جناب سمیع اللہ مہمند کے معیت میں ان کے رہائش گاہ تشریف لے گئے۔ امجد صاحب کو بیماری کی حالت میں بھی مستعد و خوش خرم گفتگو کرتے پا کر دل باغ باغ ہوا۔

اس دوران ہماری گفتگو جاری تھی کہ خیبر پختونخوا پولیس کے آئی جی جناب معظم جاہ انصاری کے پریس سیکرٹری جناب ریاض خان یوسفزئی تشریف لے آئے اور امجد صاحب کو آئی جی صاحب کا پیغام پہنچایا اور خیریت دریافت کی۔ انہوں نے بھی امجد عزیز ملک صاحب کو صوبے کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب خود آنے والے تھے مگر اچانک اسلام آباد میں ایک کانفرنس میں ان کی شرکت ناگزیر تھی اسلئے مجھے فوراً حاضری کا امر کیا اور عیادت کا کہا۔

امجد عزیز ملک صاحب پاکستان کی وہ عظیم شخصیت ہے کہ جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اپنے اعلیٰ قابلیت اور صلاحیت کی بدولت ملک اور بیرون دنیا میں ان کو ہزاروں ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے ملک کے ٹاپ پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا چینلز کے ساتھ بہترین خدمات انجام دی ہیں۔

امجد صاحب ایشین سپورٹس کے عالمی تنظیم کے جنرل سیکرٹری ہیں اور پوری دنیا میں سپورٹس کے حوالے سے پاکستان کی ترجمانی کرتے ہیں۔ وہ ملک سعد شہید ٹرسٹ کے چیئرمین ہیں اور پشاور میں پاکستان اور چائنہ کے باہمی تعلق کو پروان چڑھانے کے لئے چائنہ ونڈو پشاور کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں۔ وہ معروف اخبار روزنامہ کسوٹی کے چیف ایڈیٹر بھی ہیں۔

امجد عزیز ملک صاحب ایک بہترین مصنف، لکھاری، سپورٹس مین، ایڈمنسٹریٹر، متاثر کن سپیکر، اخبار ایڈیٹر، میڈیا بیورو چیف، سماجی و فلاحی رہنماء، بہترین دوست، اور ایک مشفق لیڈر و استاد بھی ہیں۔ یقیناً ہمارے نوجوانوں کی تربیت اور زندگی میں کچھ آگے بڑھنے کے عزم میں امجد عزیز ملک صاحب کا نمایاں کردار رہا ہے۔ وہ ہمارے عظیم محسن ہیں، انہوں نے ہر موقع پر ہم کو سپورٹ کیا، موٹیویٹ کیا، حوصلہ دیا اور زندگی میں کچھ کرنے کا ہنر سکھایا۔

آج ان کی رہائش گاہ پر ان کے قومی و عالمی حسن کارکردگی ایوارڈز اور توصیفی اسناد و تحائف دیکھ کر یوں محسوس ہوا کہ یہ ایوارڈز خود ان کے تمام زندگی کے محنتوں و جہد مسلسل کی داستان بیان کر رہے ہیں۔ امجد عزیز ملک صاحب خود فرما رہے تھے کہ اس ہر ایک ایوارڈ کے پیچھے ایک الگ داستان پنہاں ہیں۔ ان کی تمام خدمات کا اعتراف تمام صحافی، علماء کرام سیاسی رہنماء، بیوروکریٹ، نوجوان اور عوام الناس کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ امجد عزیز ملک صاحب کو بہترین صحت و عافیت عطا فرمائے اور ان کا سایہ شفقت تا دیر ہم پر رکھیں۔

آخر میں حکومت پاکستان سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ امجد عزیز ملک صاحب جیسے ہیرے کی قدر کیجئے، ان کے تجربات، قابلیت اور صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کریں اور ان کو ملک خداداد پاکستان کے لئے عظیم خدمات کے اعتراف پر اعلیٰ سرکاری اعزاز سے بھی نوازا جائے۔

Check Also

Dr. Shoaib Nigrami

By Anwar Ahmad