Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Waseem Bozdar
  4. Wazir e Azam Imran Khan

Wazir e Azam Imran Khan

وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2018 میں اپنی وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھایا، وه پاکستان کے 22 ویں منتخب وزیر اعظم ہیں اور انکی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت میں سے ساڑھے تین سال کا وقت مکمل کر چکی ہے۔ اب آپ اسے باعث حیرت سمجھیں یا باعثِ افسوس، مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ آج تک پاکستان کو کوئی وزیر اعظم اپنی پانچ سالہ مدت پوری نہیں کرسکا۔ جبکہ 2013 سے 2018 کے درمیاں یہ وه پہلی حکومت تھی، جس نے اپنی مدت تو مکمل کی مگر اس دوران بھی اس وقت کے وزیر اعظم اپنی مدت پوری نہ کرسکے۔

دوسری طرف ملک میں ایک دفعہ پھر حکومت کے خلاف تحریکِ عدم ِاعتماد کی بازگشت ہے، ماضی کی پے در پے ناکامیوں کے باوجود اپوزیشن ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کو وقت سے پہلے گھر بھیجنے کی تیاری کرہی ہے۔ پچھلے چند دنوں سے اپوزیشن رہنماوں کی آپس میں ملاقاتیں جاری ہیں جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔ جبکہ چند دن پہلے وزیر اعظم نے عوام سے براہِ راست سوال وجواب کی تقریب میں، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر انہیں وقت سے پہلے اقتدار سے نکالنے کی کوشش کی گئی تو وه اپوزیشن کے لیے پہلے سے زیادہ خطرناک ثابت ہونگے۔

آسان الفاظ میں وه یہ پیغام دےرہے تھے کہ اپوزیشن انہیں ترنوالا سمجھنے کی غلطی نہ کرے اور انہیں وقت سے پہلے، حکومت سے نکالے جانے کی صورت میں وه مزاحمت کریں گے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا ایک بار پھر ملک کے ایک اور وزیر اعظم کو وقت سے پہلے گھر بھیج کر آخر کیا حاصل ہوگا؟ اور اگر کل مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آتی ہیں تو پھر کیا اس صورت میں وه اپنی مدت کیسے مکمل کرپائیں گی؟ جب عمران خان ان کی حکومت گرانے کے لیے سڑکوں پر آجائینگے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک اس وقت مشکل حالت سے گزر رہا ہے، خطے کی صورتحال بہت ہی نازک ہے جبکہ ملک کے اندر مہنگائی اپنے عروج پر ہے مگر پھر بھی عمران خان کو یہ موقع ملنا چاہیے کہ وه اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریں، تاکہ وه پانچ سال بعد اپنی کارکردگی کے ساتھ عوام میں جائیں اور اپوزیشن بھی حکومت کا مقابلہ انتخابی میدان میں کرے۔ اگر اپوزیشن نے انہیں کسی بھی طرح وقت سے پہلے اقتدار سے علیحده کیا، تو عمران خان بھی یہ کہنے میں حق بجانب ہونگے کہ انہیں ان کے لگاے گئے منصوبے اور انکی مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی۔

ملک کو آگے لیجانے کے لیے اپوزیشن کو چاہیے کہ وه موجودہ حکومت اور وزیر اعظم دونوں کو اپنی مدت پوری کرنے دیں، تاکہ پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو اور آئندہ کوئی یہ نہ کہنے پائے کہ پاکستان میں آج تک کوئی وزیر اعظم اپنی مدت مکمل نہ کرسکا۔

Check Also

313 Musalman

By Hussnain Nisar