Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Waqas Rashid
  4. Shaheen Shah Afridi Aur Hazrat Yousef

Shaheen Shah Afridi Aur Hazrat Yousef

شاہین شاہ آفریدی اور حضرت یوسف

پاکستان اللہ کے نام پر بننے والی مملکتِ خداداد ہے۔ اسکی کرکٹ ٹیم کو بھی اس امر کا مکمل عکاس ہونا چاہیے۔ کچھ ناہنجار لوگ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے نیوزی لینڈ سے ہارنے کو حضرت یوسف ع کے کنویں میں گرنے اور وہاں سے نکل کر بادشاہ بننے کے باکمال تمثیل و استعارے پر تنقید کر رہے ہیں۔

او کم فہمو! ہمارے نئے کپتان سے اس کی تفصیل تو پوچھی ہوتی وہ نہ بتاتا تو پھر کہتے، مگر آپ نے لمبے بندے کی عقل گِٹوں میں ہوتی ہے والے جاہلانہ محاورے کے مطابق اس پر بلاجواز تنقید شروع کر دی۔ یہ بِلا جواز ہے "بلا " نہ پڑھا جائے کیونکہ وہ تو پہلے ہی چھن چکا سپریم کورٹ کے حکم سے۔

شاہین جنابِ اقبال کا استعارہ ہے جنکا شعر ہے۔۔

عصرِ من دانندہ اسرار نیست

یوسفِ من بحرِ ایں بازارِ ایست

یعنی میرا زمانہ ان اسرار و رموز سے آگاہ نہیں ہے، سو میرا یوسف یعنی میری شاعری کا ہنر اس بازار کے لیے نہیں۔۔

یہی بات اقبال کا یہ شاہین آفریدی کہتا اور بتاتا کہ میری سمائل والی تصویر کی میم بنانے کا یہ مطلب نہیں کہ میں بھی ٹک ٹاک کے جٹ صاحب کی طرح اس شعر دا مقصد ایہہ وے کرکے شروع ہو جاؤں گا، بلکہ میں ثابت کروں گا کہ میں نے حضرت یوسف کی مثال سوچ سمجھ کر دی۔ انکے بھی دس بھائی تھے۔ جنہوں نے ان سے حسد کی وجہ سے انہیں کنویں میں پھینکا اور میرے بھی دس کھلاڑیوں نے مجھے کپتان بنتے ساتھ ہی نیوزی لینڈ سے ہار کے کنویں میں پھینکا، لیکن میں اقبال کا شاہین اور جنابِ یوسف کا ماننے والا ہوں، جیسے وہ کنویں سے نکل کر بادشاہ بنے تھے میں بھی ایک دن کرکٹ کا بے تاج بادشاہ بنوں گا۔

میں تو کہتا ہوں ثقلین بھائی کے قدرت کا نظام اور رضوان بھائی کے چھکے بھی اللہ لگواتا ہے میں"اسلامی بلکہ تبلیغی ٹچ" ابھی کم تھا۔ میری دلی خواہش ہے کہ اقبال کا یہ شاہین پورا انٹرویو شریعت کے دائرے میں رہ کر دے۔ جہاں پہلے کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان گنت آفیشلز ہیں وہاں ایک انٹرویو رائیٹر کے لیے راقم اپنی خدمات ملک و قوم کی خاطر پیش کرتا ہے۔

تو اپنے سی وی کے طور پر میں شاہین آفریدی کے لیے بطورِ تحفہ ایک سیمپل انٹرویو بھیج رہا ہوں۔ اور کرکٹ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کی طرح میں کم ازکم برادرِ یوسف نہیں ہوں جیسا کہ شاعر نے کہا۔۔

بھاگ ان بردہ فروشوں سے کہاں کے بھائی

بیچ ہی دیویں جو یوسف سا برادر ہووے

بہرحال انٹرویو کچھ اس طرح کا ہونا چاہیے۔۔

(ٹاس کے ٹائم پہ)

سکہ اوپر گیا، پاکستانی کپتان نے کال کرنی تھی۔ نہیں کی۔ کمنٹیٹر نے وجہ پوچھی۔ شاہین کہیں گے۔ جو اللہ کی رضا وہی میری رضا ویسے بھی ٹاس ایک جوا ہے اور جوا حرام ہے۔ میچ ریفری کے اسرار اور پابندی کے ڈر سے۔ شاہین کہیں گے ہیڈز۔ اور پاکستان نے ٹاس جیت لیا۔

کمنٹیٹر۔۔ شاہین ٹاس جیت کر کیا کریں گے۔

شاہین۔۔ اس دنیا کی جیت کوئی جیت نہیں اصل جیت آخرت کی جیت ہے۔

کمنٹیٹر۔۔ آپ بیٹنگ کریں گے یا باؤلنگ۔

شاہین۔۔ مسلمان جو کرتا ہے اللہ کی رضا کے مطابق کرتا ہے۔ مجھے اسکے لیے استخارے کا وقت درکار ہے۔ اور استخارے کے بعد خواب میں سورج کے گرد زمین گھومتی ہوئی نظر آئی۔ سو ہم باؤلنگ کریں گے۔

کمنٹیٹر۔۔ کیا آپ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی ہے؟

شاہین۔۔ ٹیم میں تبدیلی سے کچھ نہیں ہوتا۔ ہمیں اپنے اپنے اندر تبدیلی لانی ہوگی۔ خود کو اسلام کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا۔ اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا۔ تب تبدیلی آئے گی۔

کمنٹیٹر۔۔ میں پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا پوچھ رہا ہوں۔

شاہین۔۔ نہیں۔۔ سیم ٹیم۔۔ رزلٹ بھی انشاللہ سیم ہوگا۔

کمنٹیٹر۔۔ گڈ لک شاہین۔

شاہین۔۔ میں تماشائیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ میری آپکی اور تمام انسانیت کی بھلائی کرکٹ میں نہیں دین کے رستے پر چلنے میں ہے۔ لیکن اس کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔ اس محنت پر میچ کے بعد بات ہوگی۔ شرکت کا ارادہ کر لیں کیونکہ ارادے کا بھی ثواب ہے جیسا کہ ہم صرف میچ جیتنے کا ارادہ ہی کرکے اتنا ثواب حاصل کر لیتے ہیں کہ جیتنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

(میچ کے بعد)

کمنٹیٹر۔ شاہین آپ میچ ہار گئے بیڈ لک ٹوڈے اگین۔

شاہین۔۔ " لک " کے پابند نباتات و جمادات

مومن فقط احکامِ الٰہی کا ہے پابند

میں کیونکہ اقبال کا شاہین ہوں، اس لیے صرف میں تقدیر کی جگہ لک لگا سکتا ہوں۔ بہرحال قسمت میں یہی لکھا تھا۔

کمنٹیٹر۔۔ آپ کے خیال میں کیا کیچز کا چھوٹنا ٹرننگ پوائنٹ تھا؟

شاہین۔۔ کیچ چھوٹیں یا نہ چھوٹیں بس مسلمان کو صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے سو اس ہار پر ہماری طرح اگر قوم بھی صبر کر لے تو اللہ کا ساتھ حاصل ہو جائے گا۔ اور جس کے ساتھ اللہ ہو اسے کوئی ہرا نہیں سکتا۔

کمنٹیٹر۔۔ تو اگر اللہ آپکے ساتھ ہے تو آپ جیتے کیوں نہیں؟

شاہین۔۔ آپ کو ایمان کی کمزوری کی وجہ سے یہ بات سمجھ نہیں آئے گی۔ اس ٹیم کے ساتھ اللہ ہے اور اللہ اپنے بندوں کو آزماتا ہے۔ سو یہ شکست ایک آزمائش ہے، ہمیں پوری قوم کو اللہ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اس آزمائش پر پورا اترنے کی توفیق دے اور اگر آج ہم صبر کر گئے تو اللہ ہمارے ساتھ ہوگا اور ایک دن ضرور ہم جیتیں گے۔

کمنٹیٹر۔۔ پاکستانی ٹیم باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں میدان میں حریف ٹیم سے کمزور نظر آئی۔

شاہین۔۔ مسلمان کے لیے کرکٹ کا میدان کوئی میدان نہیں۔ یا جنگ کا میدان یا حشر کا میدان اور میدانِ جنگ میں آئے ہمارے سامنے نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، انگلینڈ، ساؤتھ افریقہ۔ کریں ہمارے جزبہِ ایمانی کا مقابلہ۔۔ اور حشر کے میدان میں تو یہ سب آگ میں ہونگے اور ہم حوروں کے درمیان۔ یہ بات احمد شہزاد سری لنکا کے دلشان کو(دھمکی آمیز) تبلیغ میں بتا چکا۔

کمنٹیٹر۔۔ اچھا یہ بتائیں کہ ان عقائد کے بغیر غیر مسلم ٹیمیں آپ سے کیسے جیت جاتی ہیں جیسا کہ آسٹریلیا سے ہارنے کے بعد اب نیوزی لینڈ۔۔ اسکا مطلب کہیں یہ تو نہیں کہ آپ اپنی بری کارکردگی کی ڈھال مذہب کو بناتے ہیں؟

شاہین۔۔ بات یہ ہے کہ ساڈے بابا جی کہہ گئے نیں کہ ایہہ کرکٹ کھیڈ یہودیاں دا۔ اور یہودیوں کی اسلام کے خلاف ایک سازش یہ ہے کہ مسلمان اسلام سے دور ہو جائے۔ اور اس سازش کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مجھے لگتا ہے آپ بھی انکے کوئی ایجنٹ ہیں۔ کوئی سیکولر یا لبرل آدمی ہیں۔ انکی کسی تنظیم کا حصہ ہیں۔ آئیندہ آپکو میں کوئی انٹرویو نہیں دوں گا۔۔

(میوزک)

نامراد رہو ہر قدم قوم کی عزت ہو تم

پر تم ہارو یا پھر ہارو، ہمیں تم سے پیار ہے

Check Also

Baat Kahan Se Kahan Pohanch Gayi, Toba

By Farnood Alam