Pooja Kumari Aur Youm e Pakistan
پوجا کماری اور یومِ پاکستان
ادی کمار سکھر کے نواحی علاقے چھوہارا منڈی کا رہنے والا ایک غریب ہندو ہے ایک کچے سے مکان میں اپنی چھے بیٹیوں کے ساتھ زندگی کی چکی میں پس رہا تھا جسکا ایک پاٹ مذہب کا دوسرا غربت کا ہے۔ اسکی شادی ہوئی تو اسکو اسکے بھگوان نے بیٹی عطا کی۔ اس نے اسے اپنے اور بھگوان کے رشتے ہی سے منسوب کر دیا اسکا نام پوجا رکھ دیا۔
ادی کمار کی عبادت، پوجا کماری اسکے بھگوان نے اسے بیٹا نہ دیا اور چھے بیٹیاں عطا کیں۔ اک دن پوجا تھوڑی سیانی ہوئی تو اپنے ماں باپ کو بیٹے کی حسرت میں کوئی بات کرتے سن لیا تو اپنے باپ ادی کمار سے کہنے لگی ابا نہیں مانتی میں ان فرسودہ سماجی روایات کو۔ ان سے لڑؤں گی۔ بازو بنوں گی تیرے بھگوان کی قسم۔۔ بیٹا بن کر دکھاؤں گی۔
ادی کمار کو اپنی پوجا پر اتنا پیار آیا کہ اسکی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور پوجا کماری فورا بیٹے سے پھر بیٹی بن گئی اور اپنے آنچل کا تقدس بڑھاتے ہوئے باپ کے آنسو پونچھتے ہوئے کہنے لگی ابا تو مرد ہو کر روتا ہے اور میں بیٹی ہو کر بھی نہیں روتی۔ ہوئی بیٹا کہ نہیں ؟ چل اب ہنس بھی دے ابا۔۔ شاباش، یہ ہوئی نہ بات۔ میں تیرے لیے اچھی سی چائے بناتی ہوں۔
پوجا کے کچے مکان سے سکول کی طرف جانے والا رستہ مفلسی نے بند کر رکھا تھا۔ ایک موڑ مڑ کر یہ رستہ مشقت کی درسگاہ کو چلا جاتا تھا جس پر باپ سے بیٹا اور بازو بننے کا عہد کرتی پر عزم لڑکی چلنے لگی۔ اس نے سلائی کا کام سیکھا اور اوائل عمری میں ہی اپنی خداداد صلاحیتوں کی بنیاد پر بہت اچھا کام کرنے لگی اور حیات کی گاڑی کو ماں باپ کے ساتھ مل کر اپنے نرم و نازک سنگِ مر مر جیسے ہاتھوں سے دھکیلنے لگی۔ وہ واقعی کوئی عظیم روح تھی۔ عزیز رشتہ داروں میں اسکی مثال دی جاتی تھی۔
سب سے بہت ہی بہترین برتاؤ، اپنی چھوٹی بہنوں سمیت سارے چھوٹے بچوں سے بہت اچھا سلوک کرتی تھی۔ بڑوں کا بہت ادب کرتی تھی۔ اپنے ماں باپ سے کہتی تھی میں ڈیزائیننگ سیکھ کر ایک بوتیک بناؤں گی اور فیس بک پر مشہور ہو جاؤں گی۔ آن لائین کام کروں گی۔ اپنی ہندو برادری کی دوسری بچیوں کو بھی کام کے مواقع ملیں گے۔
آپ لوگوں کو گھر بٹھا کر کھلاؤں گی۔ اور میرا سب سے بڑا خواب ہے اپنی چھوٹی بہنوں کو پڑھانا۔ وہ اپنے سوئی دھاگے سے اپنی بہنوں کے بختوں پر علم کے پھول کاڑھنا چاہتی تھی۔ خدا اتنا عالی ظرف ہے کہ عطا کرتے ہوئے کسی کا مذہب نہیں پوچھتا زمین کے خدا اتنے کم ظرف اور تنگ نظر ہیں کہ بے سہارا لوگوں کے پاس کوئی شے خداداد بھی انکی مکروہ آنکھوں میں کھٹکتی ہے۔ اس میں غریبوں کی بیٹیوں کا حسن بھی آتا ہے۔
پوجا ایک حسین لڑکی تھی۔ اور یہ بات اسکے ہمسائے میں رہتے ایک امیر اور بااثر لاشاری خاندان کے ایک گِدھ کو برداشت نہ تھی۔ جس نے اپنی رگوں میں دوڑتے خون کی پراگندگی ظاہر کرنی شروع کر دی اور اسے راستے میں آتے جاتے تنگ کرنا شروع کر دیا۔ وہ اسے مجبور کرنے لگا کہ وہ مذہب تبدیل کر کے اس سے نکاح کرے۔ اور اس گدھ کو اپنی معصومیت اور حسن ایک غریب اقلیت ہونے کے خراج کے طور پر دے دے۔
پوجا کماری خود کو پاکستان کی بیٹی کہتی تھی۔ اسے پاکستان سے بے حد محبت تھی۔ پچھلا یومِ پاکستان آیا تھا تو اس نے کسمپرسی کو پرسہ دیتے ہوئے بساط بھر تیاری کی تھی۔ ایک جھنڈا وہ لے کر آئی تھی جسے اس نے بڑی محبت سے لگایا اور لہرایا تھا۔ 23 مارچ کے حوالے سے تقریبات دیکھتے ہوئے اس کے خوب صورت دل میں جزبہءِ حب الوطنی در آیا تھا اور ٹی وی پر ایک خطاب سن کر بڑی پر جوش ہوئی تھی۔
اسکی چراغوں جیسی آنکھوں میں امید کی کرنیں نمی بن کر آئی تھیں کہ اب انہیں بھی تحفظ ملنا شروع ہو گا وہ پڑھی لکھی نہیں تھی لیکن خدا نے اسے ایک شعور سے نوازا تھا۔ اور شعور یہاں ایک جرم ہے۔ جیسے کسی غریب کا حسین ہونا جرم ہے۔ جیسے سماجی روایات کے دھارے کے آگے ہمت و جرات کے بندھ باندھنا جرم ہے۔ جیسے حسرت زدہ آنکھوں میں خواب سمونا جرم ہے۔ اور جیسے مذہبی منافرت کے زہر میں بجھا کر تقسیم کئے گئے برصغیر میں کوئی اقلیت ہونا جرمِ عظیم ہے۔
غربت کے کیچڑ میں کھلتا ہوااقدار کا ایک کنول، یاسیت کی تیرگی میں امید کی راہ دکھلاتا ایک چراغ، مجبوری کی خزاں میں عزمِ نو کا پیامِ بہار لاتی ایک کلی اور ظلم کے حبس کی انتہا پر جاں بہ لب فضاؤں میں حق کی بادِ نسیم کا ایک جھونکا۔ نہیں گوارہ یہاں۔ ہر گز نہیں، اس لیے وہ مشہور تو ہوئی فیس بک پر مگر ایک لاش بن کر۔ اپنے خوبرو چہرے پر ہر دم کھلتی مسکراہٹ کی چاندنی کی جگہ بارود کی سیاہی کے ساتھ، زندگی کے نام موت کا پروانہ لیے چلائی گئی وحشی گولی جو یہاں ان تمام جرائم کی واحد سزا ہے۔ اس روئے زمین پر دندناتے ان وحشیوں کی طرف سے جنکے لیے کسی کی زندگی چھین لینا کوئی کام ہی نہیں۔
واحد لاشاری نامی ہوس کے پجاری نے اپنے دو ساتھی بھیڑیوں کے ساتھ اسکے گھر پر اس وقت دھاوا بول دیا جب وہ اکیلی تھی۔ مبینہ طور پر وہ اسے اغواء کرکے ساتھ لے جا کر اس سے زبردستی اسلام قبول کروانے اور شادی کرنے کے لیے آیا تھا۔ لیکن پوجا کماری نے انکار کر دیا۔ 18 سالہ پوجا کماری نے مزاحمت کی جسکی سزا اسے اس یومِ پاکستان سے ایک دن قبل سزائے موت کی صورت دے دی گئی۔
اسکے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ ظالموں نے ایک ہیرا دفن کر دیا اسکا باپ کہنے لگا اسکی ہمت نے مجھے جوان کر دیا تھا وہ واقعی بیٹا تھی میرا، میرا سہارا میرا فخر اسکی موت نے ایک دم بوڑھا کر دیا۔ اسکی ماں کے فلک شگاف بین بالکل ایسے تھے جیسے کوئی مسلمان ماں ماتم کناں ہو اپنی بیٹے نما بیٹی پر اپنی کل جمع پونجی پر۔
یومِ پاکستان پر ایک جانب 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان کی یاد کی تقریبات منائی جا رہی تھیں دوسری جانب پوجا کماری آرہی رتھی جلائی جا رہی تھی۔ پچھلے یومِ پاکستان پر اڑتے جہازوں سے نکلتے رنگ برنگے دھوئیں کو دیکھ کر خوش ہوتی پوجا کماری نہیں جانتی کہ اگلی دفعہ اس دھوئیں میں اسکی جلتی ہوئی چتا کا دھواں بھی شامل ہو کر گم ہو جائے گا جیسے وہ کھو گئی۔
کاش کہ مذہب کے نام پر جغرافیائی تقسیم کرتے اپنی قراردادوں میں یہ بھی لکھتے کہ وہاں مسکان خان کیسے جئیے گی یہاں پوجا کیسے زندہ رہے گی۔؟ پسِ تحریر، قاتل گرفتار ہو چکا ہے دیکھیں وکٹری کا نشان بناتے ہوئے کب رہا ہوتا ہے کہ اسطرح کے کیسز میں ماں باپ بے چارے اپنی باقی بیٹیوں کو بچانے کے لیے اپنی پوجا کو بھلا دیئے جانے پر مجبور کر دئیے جاتے ہیں۔
ایک نظم:
"پوجا کماری"
مسلمان قاتل پہ
جنسی ہوس کی وہ وحشت تھی طاری
سو بندوق کی نوک پر ساتھ چل کر
کہ مذہب بدل کر
نکاح اس سے کرنے کا تھا حکم جاری
وہ معصوم ننھی اکیلی بے چاری
کہ ہمت نہ ہاری
سو وحشی درندے نے گولی تھی ماری
کہ اس جرمِ انکار پر جان ہاری
وہ بیٹی ہماری
پوجا کماری