Wednesday, 01 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Saqib
  4. Sadaf Jan, Riwayat, Fayazi Aur Kamyabi Ki Nayi Tashreeh

Sadaf Jan, Riwayat, Fayazi Aur Kamyabi Ki Nayi Tashreeh

صدف جان، روایت، فیاضی اور کامیابی کی نئی تشریح

پرانے عربوں میں یہ خیال عام تھا کہ فیاضی اور شاعری کسی کو سکھائی نہیں جا سکتی خود غرضی سے پرے فیاضی خود اعتماد لوگوں کا وصف ہے۔ فیاضی کے ساتھ سلیقہ اور رکھ رکھاؤ کی بات کریں تو اس کے بیج بھی انسان کے بچپن میں بوئے جاتے ہیں۔

فیاضی، شائستگی اور نفاست کے رنگوں میں گھلی ہوئی مس صدف جان سے ہوئی ملاقات نے سوچ کے نئے دریچے روشن کر دیے۔ آپ پاکستان کی مشہور شیف ہیں۔ مصالحہ ٹی وی اور دیگر پلیٹ فارمز پر آپ ان کے پروگرام دیکھتے رہتے ہیں۔

روٹری کلب کی پریزیڈنٹ ہیں مختلف سوشل ویلفیئر نیٹ ورکس کا حصہ ہیں کراچی چیمبرز آف کامرس کی ممبر ہیں۔ گھر کی سجاوٹ میں توازن اور کلچرڈ لک نظر آتا ہے۔

کہنے لگیں ان کے ننھیال کا تعلق لکھنؤ سے تھا۔ والدہ کے پاس پاندان اور کپڑے کا بٹوا ہوتا تھا لکڑی کا تخت اور خوبصورت اردو، والدہ کے لب و لہجے کی یہ جھلک ان کی گفتگو میں بھی نظر آتی ہے۔

سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں

صدف جان نے بتایا کہ ان کے والد سعودی عرب کے شہر دمام میں ملازمت کرتے تھے جب ان کی عمر صرف چھ سال تھی تو ان کے والد اس دنیا سے چلے گئے ان کی محبت کو آج بھی یاد کرتی ہیں مشہور بزنس مین تسلیم رضا یاد آگئے وہ کہتے ہیں کہ بچپن میں یتیمی کے دکھ کے ساتھ پرورش پانے والے بچے زندگی میں کچھ بڑا کرتے ہیں۔

صدف جان کی شخصیت میں بھی وہ لکھنؤ والی قدامت پسندی نظر آتی ہے۔ فرنیچر، گھر کا ڈیزائن اور رنگوں کا انتخاب ان کے آرٹسٹک زوق کو ظاہر کرتا ہے۔ گھر میں درجنوں کے حساب سے شیلڈز، ٹرافیز اور میڈلز نظر آئے جو ان کی محنت اور کامیابی کو ظاہر کرتے ہیں۔

کہنے لگیں ثاقب بھائی میں نے فرسٹ ایئر سے ہی ٹیچنگ شروع کر دی تھی گریجویشن کے بعد شادی ہوگئی شریک حیات جان محمد گبول بزنس مین ہیں۔ کہتی ہیں ہم میاں بیوی کا ایک دوسرے پر ٹرسٹ ہی ہماری کامیابی کی ضمانت بنا۔

خواتین کے لیے پیغام دیا کہ ان کے لیے فیملی سپریم ہونی چاہیے سب سے پہلے اپنا گھر اور اس کے بعد پروفیشنل ذمہ داریاں۔

مائنڈ سائنس کی مدد سے اس پرنسپل کو سمجھتے ہیں۔ محترم دوستو، دنیا میں سب سے بے وفا چیز آپ کی ملازمت ہوتی ہے۔ آپ کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجائے کمپنی دوسرے ہی دن آپ کی جگہ ایک نیا بندہ سیٹ پر بٹھا دیتی ہے۔

آپ ایک چھوٹی سی مشق کریں، تصور کریں کہ آپ اس دنیا سے چلے گئے ہیں آپ کی موت سے کتنے لوگوں کو فرق پڑے گا؟ اس ایکسرسائز کو کرتے ہوئے آپ کو یہ حقیقت محسوس ہوگی کہ وہ صرف آپ کی فیملی کے لوگ ہیں دوست کولیگز اور دیگر چاہنے والے کچھ دن تو آپ کی موت کا غم محسوس کریں گے اور اس کے بعد اپنے کاموں میں لگ جائیں گے جو شخص اپنی فیملی کے ساتھ کمفرٹیبل نہیں ہوتا اس کی ترقی کو گویا بریک سی لگ جاتی ہے تھامس سٹینلے اپنی مشہور کتاب "دی ملینیئر نیکسٹ ڈور " میں کامیاب ارب پتی لوگوں کی تیس خوبیاں بیان کرتے ہیں۔

ان خوبیوں میں دوسرے نمبر پر ان لوگوں کا فیملی کنکشن بتایا گیا ان کو اپنی فیملی کی سپورٹ حاصل تھی، صدف جان نے کامیابی کے پرنسپلز پر بات کرتے ہوئے لوگوں کو پہچاننے کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے بارے میں بتایا کہ میں پہلی ہی ملاقات میں سامنے والے کی شخصیت کو سمجھ جاتی ہوں میں نے مائنڈ سائنس کی زبان میں ان کو بتایا کہ آپ کی تھرڈ آئی کافی ایکٹو ہے۔ بات سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں سچے خواب بھی نظر آجاتے ہیں۔

ان کے یہ صلاحیت ان کے Aura میں بھی نظر آئی۔ تھرڈ آئی کے علاوہ ان کا کراؤن چاکرا بھی زبردست طریقے سے کام کر رہا ہے جو ان کی روحانی ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔

مرا کوئی بھی نہیں کائنات بھر میں ندیمؔ
اگر خدا بھی نہ ہوتا تو میں کدھر جاتا

(احمد ندیم قاسمی)

زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے رازداری کی اہمیت پر زور دیا کہ میاں بیوی اپنے جھگڑے بچوں سے ڈسکس نہ کریں اسی طرح اپنی پریشانیاں لوگوں کے سامنے نہ بیان کی جائیں۔

"ایک بیوپاری کو ایک ہزار دینار کا خسارہ ہوا۔ اس نے یہ بات بیٹے سے کہہ دی اور ہدایت کی کہ کسی سے اس کا ذکر نہ کرنا۔ لڑکے نے سن کر کہا کہ ابا جان آپ کا حکم ہے، میں نہ کہوں گا۔ لیکن مناسب ہے کہ آپ مجھے اس کے نہ بتانے کے فوائد سے مطلع کر دیں کہ اس کے چھپانے میں یہ خوبی ہے۔ اس پر باپ نے کہا، بیٹا مصیبت دوہری نہ ہو جائے، ایک تو سرمایہ کا نقصان دوسرے لوگوں کی خوشی۔

عقل مندوں نے کہا ہے کہ اپنا غم دشمن سے نہ کہہ۔ اس لیے کہ وہ سن کر خوش ہوں گے اور لاحول بھی پڑھیں گے"۔

صدف جان کہتی ہیں کہ میں نے مہمان نوازی اپنی والدہ سے سیکھی شوہر نے اعتماد دیا ان کی سپورٹ سے ہی زندگی کی گاڑی کامیابی سے آگے بڑھتی رہی۔

ترکش اور عریبک کھانے بنانے کی ٹریننگ بیس سال پہلے مڈل ایسٹ میں حاصل کی دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کرتی رہتی ہیں۔ کہتی ہیں تربیت ماں کی ہوتی ہے ماں کو پتہ ہونا چاہیے کہ اس کے بچوں کا اٹھنا بیٹھنا کن لوگوں کے ساتھ ہے یہ ہماری دوستی ہی ہوتی ہے جو ہمارے فیوچر کو ڈیزائن کرتی ہے۔

شیخ سعدی کہتے ہیں یونان کے بلند پایہ حکیم جالینوس نے ایک بے عقل کو ایک عقل مند کے گریبان میں ہاتھ ڈالے دیکھا۔ وہ اس کی تو ہین اور بے عزتی کر رہا تھا۔ اس پر حکیم نے کہا کہ اگر یہ عقل مند ہوتا تو بے وقوف کے ساتھ اس قسم کے معاملہ کی نوبت نہ آتی۔

یہ سچ ہے کہ دو عقل مند آپس میں کینہ اور جھگڑا نہیں کرتے اور نہ ہی کوئی عقل والا آدمی بے عقل سے لڑائی کرتا ہے۔ اگر ایک نادان اپنی بیوقوفی کی وجہ سے سخت گفتگو کرتا ہے تو عقل مند نرمی سے بات کرکے معاملہ رفع دفع کر دیتا ہے۔ ایسے ہی صاحب دل اور صالح پسند کرتے ہیں اور اگر دونوں طرف کے لوگ بے وقوف و جاہل ہوں تو وہ کھینچا تانی کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

کراچی کے مشہور یونین کلب میں ہونے والے ایک ایونٹ کے بارے میں بتایا جاپان کے قونصل جرنل بھی وہاں موجود تھے ان کے ہاتھ سے بنے ہوئے کھانے انہیں اتنے پسند آتے ہیں کہ پھر وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ان کے گھر پر آتے ہیں اور روایتی ڈشز کے ذائقوں کو انجوائے کرتے ہیں۔

آپ خواتین کو برسر روزگار کرنے کے مشن پر کام کر رہی ہیں اس سلسلے میں انگلینڈ سے سرٹیفائیڈ کوکنگ کورس کرواتی ہیں بہت سی خواتین یہ کورس کرکے باعزت طریقے سے اپنا کاروزگار کما رہی ہیں اور خاص بات یہ ہے کہ یہ کورس فری آف کاسٹ آفر کیا جا رہا ہے۔

صدف جان نے زندگی میں سخت محنت کی جیسا کہ بیان کیا کہ بچپن میں ہی والد صاحب کا انتقال ہوگیا تھا والدہ کو مضبوطی کے ساتھ زندگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے دیکھا۔ یہی پیغام خواتین کو دیا کہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اپنی کمیونیکیشن کو بہتر کریں لوگوں کی آنکھوں کو پڑھنا سیکھیں جدید سکلز کے ساتھ اپنے آپ کو نئی جابز کے لیے تیار رکھیں۔

زندگی میں ترجیحات بنائیں اپنے بچوں کی تربیت کے حوالے سے بتایا کہ ان کے بچے جھوٹ نہیں بولتے فصول خرچی نہیں کرتے۔

انہیں بچپن سے یہ پرنسپل سکھایا کہ غلطی ہو جائے تو بتا دیں تمام بچے اپنا کمرہ خود صاف کرتے ہیں بچوں کو ڈریسنگ کے آداب سکھائے کہتی ہیں کپڑے وہ پہنیں جو أپ پر اچھے لگیں۔

بہترین خوراک کے حوالے سے بتایا کہ ضروری نہیں کہ اچھی ڈائٹ کے لیےآپ کو بہت زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑیں۔ آپ اپنے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے بہترین خوراک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

ان کے شوہر میٹھا کھانے کے شوقین ہیں اس لیے میٹھے کی مختلف ورائٹیز ان کے دسترخوان کا حصہ ہوتی ہیں اپنے شوہر کی کوالٹی بتائی کہ بزنس کے سارے مسائل گھر کے گیٹ کے باہر چھوڑ کر آتے ہیں گھر کے اندر ہر وقت ان کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آتی ہے۔

صدف جان سپورٹس کی بھی شوقین ہیں کرکٹ اور سائکلنگ ان کو پسند ہے صبح سویرے اٹھ جاتی ہیں اور نماز اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز کرتی ہیں۔ مستقبل کے بہت سے پلانز شیئر کیے جن میں تھر پارکر اور دور دراز کے علاقوں میں ہینڈ پمپ لگانا، گرم کپڑے پہنچانا سکولوں کو اڈاپٹ کرنا جیسے پروگرام شامل ہیں۔

ان کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہوا علامہ اقبال کا یہ شعر۔۔

جن سے مل کر زندگی سے عشق ہو جائے وہ لوگ
آپ نے شاید نہ دیکھے ہوں مگر ایسے بھی ہیں

About Muhammad Saqib

Muhammad Saqib is a mental health consultant who has been working in the fields of hypnotherapy, leadership building, mindfulness and emotional intelligence for over ten years. Apart from being a corporate trainer, he is involved in research and compilation and documenting the success stories of Pakistani personalities in the light of Mindscience. Well-known columnist and host Javed Chaudhry is also a part of the trainers team.

Check Also

Masoom Be Ghar Janwar

By Mumtaz Malik