Mustaqbil Ki Maeeshat Ka Naya Chehra
مستقبل کی معیشت کا نیا چہرہ

مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی نے دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی دوڑ کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے، جہاں اب صرف سافٹ ویئر نہیں بلکہ جدید چپس، ڈیٹا سینٹرز اور ذہین روبوٹس بھی عالمی معیشت کی سمت متعین کر رہے ہیں۔ ایسے میں چین نہ صرف اس تبدیلی کا حصہ ہے بلکہ کئی شعبوں میں اس کی قیادت بھی کر رہا ہے۔ میموری چپس کی بڑھتی ہوئی طلب سے لے کر روبوٹکس کی صنعت میں غیر معمولی پیش رفت تک، حالیہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ چین مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی مضبوط بنیادیں استوار کر رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار توسیع نے عالمی میموری چپ مارکیٹ میں طلب اور رسد کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ عام صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب نہیں بلکہ اے آئی چپس کی تیاری پر زیادہ توجہ ہے، جس کے باعث روایتی میموری چپس کی پیداوار محدود ہوگئی ہے۔ بہت سی کمپنیاں زیادہ منافع بخش اے آئی چپس کی تیاری کی جانب منتقل ہو چکی ہیں، جبکہ کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں ممکنہ قلت کے خدشے کے پیش نظر پہلے ہی بڑی مقدار میں آرڈرز محفوظ کر رہی ہیں۔ اسی رجحان نے عالمی سطح پر سپلائی کے دباؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اسی بدلتی ہوئی صورتحال میں چین کی میموری چپ بنانے والی کمپنیاں اپنی پیداواری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر رہی ہیں۔
شین ژن کی کمپنی بائی وِن اسٹوریج ٹیکنالوجی گزشتہ سال کے آخر سے انٹرپرائز گریڈ میموری ماڈیولز اور جدید اسٹوریج مصنوعات کی پیداوار بڑھا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس وقت اس کی پیداواری لائنیں تقریباً مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جبکہ خاص طور پر ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے جدید اسٹوریج آلات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ رجحان وقتی نہیں بلکہ ایک طویل المدتی ساختی تبدیلی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو میموری چپس کی عالمی قلت 2027 اور 2028 تک بھی برقرار رہ سکتی ہے۔ البتہ بعض مالیاتی اداروں نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ اگر مستقبل میں اے آئی کی تجارتی ترقی پیداواری صلاحیت کے برابر رفتار سے نہ بڑھ سکی تو اس شعبے کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب چین کی روبوٹکس صنعت بھی تیزی سے نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک کی بڑی روبوٹ ساز کمپنیوں کی مجموعی آمدنی 90 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.9 فیصد زیادہ ہے۔ چین مسلسل تیرہ برس سے دنیا کی سب سے بڑی صنعتی روبوٹ مارکیٹ ہے، جبکہ ملکی برانڈز اب مقامی مارکیٹ کے نصف سے زیادہ حصے پر اپنی موجودگی مضبوط کر چکے ہیں۔ یہ کامیابی صرف پیداوار میں اضافے تک محدود نہیں بلکہ پوری صنعتی زنجیر کی مضبوطی کا نتیجہ بھی ہے۔ مینوفیکچررز، بنیادی پرزہ جات بنانے والی کمپنیاں، تحقیقی ادارے اور صنعتی صارفین پہلے سے زیادہ مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ معیار بندی، جانچ، تربیت اور نئی ٹیکنالوجی کو صنعت تک پہنچانے کے نظام بھی مسلسل بہتر ہو رہے ہیں، جس سے روبوٹکس کا شعبہ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔
ہیومنائیڈ روبوٹس کے میدان میں بھی چین نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ مواد کی تیاری، بنیادی پرزہ جات، مکمل مشین سازی، مختلف عملی شعبوں میں استعمال اور ڈیٹا سروسز تک، چین نے ایک مکمل صنعتی نظام قائم کر لیا ہے۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں چین سے ہیومنائیڈ روبوٹس کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 210 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس شعبے میں چین کی بڑھتی ہوئی عالمی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی رفتار کو مزید آگے بڑھانے کے لیے 2026 عالمی روبوٹ کانفرنس 19 سے 23 اگست تک بیجنگ میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس میں تقریباً 30 بین الاقوامی ادارے شریک ہوں گے، 300 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی، جبکہ دو ہزار سے زیادہ جدید نمائشیں لگائی جائیں گی۔ ان میں 150 سے زائد نئی مصنوعات پہلی بار متعارف کرائی جائیں گی، جو روبوٹکس کی نئی سمتوں اور اختراعات کی جھلک پیش کریں گی۔ میموری چپس ہوں یا اسمارٹ روبوٹس، دونوں شعبے اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ چین اپنی صنعتی ترقی کو روایتی پیداوار سے آگے لے جا کر جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کی بنیاد پر استوار کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج چین نہ صرف عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں ایک مضبوط کردار ادا کر رہا ہے بلکہ مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل میں بھی اپنی موجودگی مسلسل مستحکم بنا رہا ہے۔

