Tuesday, 11 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Ali Ahmar
  4. Taqabli Mutala

Taqabli Mutala

تقابلی مطالعہ

دوستو سیدھی سیدھی بات ہے، یہ جو مالک کائنات نے میلہ سجایا ہوا ہے نہ اس کا سارا کا سارا کریڈت "تقابل" کو جاتا ہے۔ شروع سے اگر شروع کریں تو شیطان صاحب باوا آدم کے ساتھ سینگ پھنسا کر بیٹھ رہے کہ مجھے تو آگ سے بنایا تو میں اس مٹی کے پتلے کو سجدہ کیوں کروں جبکہ میں تو اس سے بہتر ہوں، تقابل۔ آگے چلیں تو ہابیل صاحب قابیل صاحب کے درپے ہو گئے کہ تمہیں اتنی خوبصورت لڑکی کیوں مجھے کیوں نہیں، تقابل۔ تاریخ کا سرا پکڑ کر آگے چلتے جائیں چلتے جائیں جتنی حکومتیں قائم ہوئی، جتنے انبیا آئے، ان کے مخالف جتنے بادشاہ آئے چاہے ابراہیمؑ کے مقابلے نمرود ہو، موسیٰ کے مقابلے فرعون ہو، ہودؑ کے مقابلے شداد ہو یا نبی آخر الزمان، محمد مصطفیٰ ﷺ کے مقابلے قیصر و کسریٰ یا شریفان حرم ہوں، سب کی ایک ہی رٹ، تقابل۔

اگر اس سے بھی آگے چلتے جائیں اور بات روزمرہ زندگی پر لے آئیں تو یہاں بھی جگہ جگہ پر تقابل۔ رشتوں میں تقابل، تقرریوں میں تقابل، کہیں تقابل مثبت شکل میں سامنے اور کہیں پورا معاشرہ تقابل کے منفی اثرات کے بھینٹ، الغرض کائنات کی ساری رنگینی تقابل کے ہی مرہون منت ہے۔

آتے ہیں اس کتاب پر جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے کہ مصنف نے اس کتاب میں اردو ادب کے تقابل کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس اس کو ماضی، حال اور مستقبل کے پیرائیوں میں بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ بات پھر وہیں جا پہنچے گی جو اوپر بیان ہوئی ہیں کہ ہر ترقی تقابل کے مرہون منت ہی ہوئی ہے۔ پھر چاہے وہ مسلم سائنسدان ہوں جیسے بو علی سینا، کندی، خوارزمی یا بنو موسی اور انہوں نے یونانی سائنسدانوں (ارسطو، افلاطون، بطلیموس) کے کام کو پرلھا ہو اور سائنس کے میدان میں نئی راہیں متعارف کروائی ہوں یا ان کے بعد اگر یورپ کی لائبریریوں میں جھانکا جائے تو وہاں مسلمان سائنسدانوں کی کتابوں کے تراجم (صلیبی جنگوں کے بعد) یہ بتانے کو کافی ہیں کہ تقابل کیسے قدم بہ قدم انسانیت کو آگے لے کر چلتا ہے۔

اگر میں اس پر مزید بات کرنا چاہوں تو بات بہت لمبی ہو جائے گی جس میں برصغیر میں اردو کا قیام (فارسی، عربی اور دوسری مقامی زبانوں کے مرہون منت)، یا انگریزوں کا برصغیر کے مقامی ادب سے اپنے ادب کا تقابل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ ویسے تو یہ کتاب ایم فل کے کورس میں شمار ہوتی ہے مگر اسے تاریخ و ادب کے شیدائی بھی پڑھ سکتے ہیں جو ان کے ذوق کی پوری پوری آبیاری کرے گی۔

Check Also

Chairman Senate Yousuf Raza Gilani Ki Usool Pasandi

By Nusrat Javed