Monday, 14 July 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Ali Ahmar
  4. Mazeed Ganjay Farishte

Mazeed Ganjay Farishte

مزید گنجے فرشتے

میں نے یہ کتاب کیوں خریدی؟ بھائیو میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کی لائیبریری میں داخل ہوا تو کیا دیکھتا ہوں یہ کتاب اسی 80 روپے میں مل رہی ہے۔ میں نے سوچا یار اتنے پیسوں میں تو آجکل انڈا شامی والا برگر نہیں ملتا، بچپن میں 5 روپے کے فرائز لے کر جب ہمارا پیٹ اور دل دونوں بھر جایا کرتے تھے اب تو وہ بھی اتنے پیسوں میں نہیں ملتے اور نہ ہی اتنے پیسوں میں لیز کا پیکٹ ملتا ہے جس میں ہوا کے ساتھ ساتھ تھوڑے چپس بھی موجود ہوتے ہیں، یہ سارے حساب کرنے کے بعد سوچا 80 روپے میں سودا کوئی مہنگا نہیں ہے ایک آدھ بات تو کام کی نکل ہی آئے گی بیچ سے اور کتاب خرید لی۔

کتاب کا نام پڑھتے ساتھ ہی تھوڑی سی ناگواری کا احساس ہوا کہ مصنف نے منٹو کے ساتھ جڑنے کی کوشش کی (منٹو کی خاکوں کی کتاب کا نام گنجے فرشتے ہے) یہ بھی چونکہ خاکوں کی کتاب ہے تو مصنف نے منٹو کے نام کے ساتھ "مزید" کا اضافہ کرکے نامعلوم کیا ثابت کرنے کی کوشش کی۔ خیر عطاءالحق قاسمی کا نام ضرور سنا ہوا تھا مگر میرے حلقہ ادب میں ایسا کوئی پڑھنے والا دوست نہیں ہے جس نے مجھے کبھی ان کا کام پڑھنے کا مشورہ دیا ہوا (کتاب پڑھنے کے بعد سوچا ٹھیک ہی کیا میرے دوستوں نے)۔

میں اس کتاب کو برا تو نہیں کہوں گا مگر خاکوں کی بات کی جائے تو اس کتاب کے دس میں سے ایک یا دو نمبر بنتے ہیں محض۔ وہ اس طرح کے مصنف نے اپنے خاکوں میں محض ابتدائی معلومات قارئیں کے گوش گزار کی ہیں اور اپنے دوستوں کی محض اچھائیاں گنوانے پر ہی زور رکھا ہے جو کہ خاکہ کی ترتیب کے بالکل خلاف ہے۔ جبکہ موجودہ یا پرانے دور کے جید خاکہ نگاروں کی بات کی جائے (موجودہ دور میں عرفان جاوید اس فن کی معراج ہر نظر آتے ہیں اور پچھلوں میں احمد بشیر، اپندر ناتھ اشک، عصمت چغتائی، فرحت اللہ بیگ وغیرہم نے اس صنف کو چار چاند لگا دیے تھے) تو وہ نہ صرف اچھائیاں برائیاں دونوں کھل کر بیان کرتے ہیں بلکہ زور قلم اتنا طاقتور ہوتا ہے کہ وہ اس زمانے کے حالات، تہذیب و تمدن، معاشرت سب کچھ قاری کے آنکھوں کے سامنے زندہ کر دیتے ہیں۔

میرا خیال ہے جنہوں نے ادب نیا نیا پڑھنا شروع کیا ہے ان کو یہ کتاب مزہ دے گی جبکہ جو استاذان کو پڑھ چکے ہیں وہ اس سے حظ اٹھانے سے یکسر قاصر رہیں گے۔

Check Also

Caligula Dar Asal Aik Soch Ka Naam Hai

By Rao Manzar Hayat