Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Madiha Parveen
  4. Gladiator Film Ka Sabaq

Gladiator Film Ka Sabaq

گلیڈی ایٹر فلم کا سبق

گلیڈی ایٹر ہالی ووڈ کی ایک شہرۂِ آفاق فلم ہے۔ یہ 180م کی کہانی ہے جہاں ہسپانوی رومی جرنیل میکسیمس کچھ جرمن قبائل کے خلاف روم کو فتح یاب کرواتا ہے۔ روم کا بادشاہ آریلیئس میکسیمس سے درخواست کرتا ہے کہ وہ گھر ہو آئے لیکن اس کے بعد سلطنت کے امور دیکھے۔ آریلیئس بستر مرگ پر ہوتا ہے۔ اس کا بیٹا اکاموڈس تخت کیلئے نالائق ثابت ہوتا ہے۔ آریلیئس کی خواہش ہوتی ہے کہ بادشاہت کی بجائے روم کو جمہوری مملکت بنا دے۔ اس کے لیے وہ میکسیمس کو وصیت کرتا ہے کہ اس کے مرنے کے بعد وہ خود اس کی جگہ لے لے تا کہ وہ روم کو بد عنوانی سے پاک کر کے جمہوریت کی راہ پر ڈال دے اور سینیٹ کو اس کی اصلیت اور وقار کے ساتھ بحال کر دے۔

یہ میکسیمس کے لیے ایک کٹھن امتحان تھا مگر بہادر جرنیل چیلنج قبول کر لیتا ہے، لیکن اگلے دن سے اس کی زندگی 180 درجے پر بدل جاتی ہے۔ آریلیئس بادشاہ کا بیٹا اکاموڈس اپنے باپ کو مار دیتا ہے اور اسے دیکھنے آنے والے جنرل میکسیمس کو گرفتار کروا کر مروانے کیلئے جنگل میں بھجوا دیتا ہے۔ میکسیمس کسی نہ کسی طرح جان بچا کر بچ نکلتا ہے اور گھر کی طرف سفر شروع کر دیتا ہے۔

زندگی میکسیمس کیلئے سخت تر سے سخت ترین ہو جاتی ہے کیونکہ اس کے گھر پہنچنے سے قبل ہی نئے رومی بادشاہ اکاموڈس کے حکم پر اس کا کنبہ ختم کر دیا چکا ہوتا ہے۔ میکسیمس زخموں سے چور ہو کر ہوش کھو بیٹھتا ہے اور ایک قافلہ اسے اٹھا کر غلام بنا کر افریقہ کے ایک شہر میں لے جاتے ہیں۔ یہ شہر بھی روم کا حصہ ہوتا ہے اور یہاں میکسیمس کو ایک پراکسیمو نامی گلیڈی ٹرینر کے ہاتھ بیچ دیا جاتا ہے۔

میکسیمس نہ چاہتے ہوئے بھی بطور گلیڈی ایٹر لڑتا ہے اور اپنی جنگی مہارت اور پھرتی کی وجہ سے کسی مقابلے میں نہیں ہارتا اور جلد ہی عوام کی آنکھوں کا تارا بن جاتا ہے۔ دوسری طرف اکاموڈس سینیٹ بحال کرنے کی مخالفت کر دیتا ہے اور 150 کے کھیلوں کا اعلان کر دیتا ہے تا کہ لوگ اس میں مشغول ہو جائیں۔ میکسیمس ان کھیلوں میں بطورِ گلیڈی ایٹر لڑنے آتا ہے۔ وہ اب تک دو اچھے گلیڈی ایٹرز دوست بھی بنا چکا ہوتا ہے۔

میکسیمس پہلے ہی مقابلے میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک نا قابلِ یقین فتح حاصل کرتا ہے جس کے بعد اکاموڈس خود آ کر اسے مبارکباد پیش کرتا ہے لیکن جب میکسیمس ہیلمٹ اتار کر خود کو جنرل میکسیمس کے نام سے متعارف کرواتا ہے تو اکاموڈس اسے گرفتار کروانے کا فیصلہ کرتا ہے جسے عوام کا ردِعمل دیکھ کر اسے فوراً واپس لینا پڑتا ہے۔ اگلے مقابلے میں میکسیمس کا مقابلہ ایک بڑے لڑاکے سے کروایا جاتا ہے اور میکسیمس کو قتل کروانے کیلئے میدان کے چاروں کونوں میں شیر باندھے جاتے ہیں لیکن میکسیمس مخالف کو زیر کر لیتا ہے اور جان بخشی کر کے میدان سے جانے لگتا ہے جس پر اکاموڈس خود آ کر اسے طیش دلواتا ہے مگر میکسیمس جان بخشی کر جاتا ہے جس پر لوگ اسے رحمدل میکسیمس کا خطاب دیتے ہیں۔

اس کے بعد اکاموڈس کی بہن لیوسلا اور ایک بوڑھا سینیٹر میکسیمس سے مل کر اکاموڈس سے نجات حاصل کرنے کا پلان بناتے ہیں جس کا پتہ اکاموڈس کو لگ جاتا ہے۔ وہ گلیڈی ایٹرز پر حملہ کروا کر میکسیمس کو گرفتار کر لیتا ہے اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے خود میدان میں اس کا سامنا کرتا ہے۔ مقابلے میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے وہ میکسیمس کے سینے میں خنجر کا وار کر دیتا ہے لیکن میکسیمس اس کے باوجود اسے میدان میں زیر کر لیتا ہے۔ اکاموڈس کا محافظ بھی اس کی مدد نہیں کرتا اور میکسیمس اکاموڈس ہی کا خنجر اس کی گردن میں پیوست کر دیتا ہے جس کے بعد وہ خود بھی جان کی بازی ہار دیتا ہے۔

مرنے سے قبل وہ روم میں سینیٹ کی بحالی کا کہتا ہے۔ اکاموڈس کی بہن کے کہنے ہر میکسیمس کو رومی سپاہی کا خطاب دے کر دفن کیا جاتا ہے جبکہ اکاموڈس کی لاش وہیں میدان میں پڑی رہتی ہے۔

گلیڈی ایٹر فلم اپنی کہانی اور پروڈکشن کے علاوہ اس لیے بھی مشہور ہے کیونکہ یہ جمہوریت کیلئے ایک فوجی کی شہادت کا تاریخی واقعہ نقش بند کرتی ہے بجائے ایمان والے اور کافر کے نام پر دنیا تقسیم کرنے اور فساد پھیلانے کے۔ سمجھنے والے سمجھ جائیں گے۔

Check Also

TS Eliot

By Sami Ullah Rafiq