Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Maaz Bin Mahmood
  4. The Gentlemen

The Gentlemen

دی جنٹلمین

یو این پیس کیپنگ فورس کی جانب سے شام کی سرحد پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے ایڈی کو پیغام پہنچتا ہے کہ اس کا باپ بچ نہ پائے گا۔ ایڈی کے گھر پہنچنے پر باپ سے مختصر ملاقات کے فوری بعد ہی ابا مرحوم ہوجاتے ہیں۔ ابا مرحوم انگلستان کے ڈیوک تھے، سو نہایت اہتمام کے ساتھ ابے مرحوم کی وصیت سنائی جاتی ہے۔

ایڈی کا بڑا بھائی عمران خان صفت فریڈی ہے جو سب سے بڑی اولاد ہونے کے ناطے ڈیوک کا ٹائٹل بننے کو ہے۔ ساتھ ہی ماں اور بہن بھی بیٹھی اپنے ترکے کی منتظر ہیں۔ ایڈی کے لیے یہ سب وقت کا ضیاع اور رسمی کاروائی ہے جسے جلد از جلد نمٹا کر وہ واپس اپنے فرائض سرانجام دینے جانا چاہتا ہے۔

وصیت کھلتی ہے۔ سب سے بڑی جائداد یعنی موجودہ گھر کے عقب میں واقع سرونٹ کوارٹر دیرینہ ملازم جیف کو تاحیات دیا جاتا ہے۔ بیٹی بیوی کو تمام جائداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی خاص ترکہ نہیں ملتا اور ڈیوک کا ٹائٹل مع تمام جائداد عمران خان صفت فریڈی کی بجائے۔۔ فوجی ایڈی کے نام سامنے آتی ہے۔

یہاں پر فریڈی مچاتا ہے شور اور ٹھنڈا ہونے پر ایڈی کو بتاتا ہے کہ اس نے ایک خطیر رقم ایک روسی منشیات فروش کو اسی ہفتے دینی ہے ورنہ وہ اس کا آلہ تناسل کاٹ دے گا۔ ایڈی حساب لگاتا ہے، معلوم ہوتا ہے کہ اتنی رقم تو موجود ہی نہیں۔ اسی دوران سوزی اس سے ملاقات کرتی ہے اور اسے بتاتی ہے کہ مرحوم سابقہ ڈیوک کے گھر میں marijuana کی کاشت جاری ہے اور وہ اس بزنس ریلیشن کو قائم رکھنا چاہتی ہے۔ ایڈی اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف ہونے کے باوجود فوری طور پر اس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے لہٰذا فریڈی کی روسی منشیات فروش سے جان چھڑانے میں مدد مانگتا ہے جو سوزی اسے فراہم کرتی ہے۔

تاہم۔۔ یہ مدد مانگنا ایڈی کو مہنگا پڑ جاتا ہے کیونکہ آگے عمران خان صفت نشئی فریڈی کی حماقاتوں کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ان سب کے دوران ہی ایڈی کو لندن کے ایک اور "جینٹلمین" کا پیغام آتا ہے جو اس کے اس گھر کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

اور یہ جینٹلمین ہوتا ہے بریکنگ بیڈ کا شہرہ آفاق کردار۔۔ مسٹر گس۔۔

دس اقساط پر مبنی جینٹلمین کمال ڈارک ہیومر ہے جو انگلستان کے ڈیوکس، ان میں موجود اخلاقی اور مجرمانہ خصوصیات، ان کے ڈرگز کارٹیلز کے ساتھ تعلقات اس اس سب کے باوجود ان کے "جینٹلمین" ہونے پر مرکوز ہے۔ نیٹ فلکس پر چار دن قبل یعنی 7 مارچ کو ریلیز ہونے کے بعد دستیاب ہے، اور IMDB پر آٹھ اعشاریہ چار ریٹنگ حاصل کر چکی ہے۔

مجھے تو زبردست لگی۔ آپ لوگوں کا معلوم نہیں پسند آئے نہ آئے۔

Check Also

Madrasa Registration Bill, Hukumat Ghalti Dohrane Ja Rahi Hai

By Amir Khakwani