Thursday, 07 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Kiran Khan
  4. Valentine

Valentine

ویلنٹائن

غیر شادی شدہ جوڑوں میں زیادہ مقبول ہونے کی وجہ سے یہ دن کوئی اچھی کریڈیبلٹی نہیں رکھتا۔۔ لہذا اس دن میاں بیوی بھی باہر آوٹنگ پر نکلے ہوں تو لوگ مشکوک نظروں سے دیکھتے ہیں۔۔

بڑے شہروں میں اس خرافات کو منانے کے کافی اسباب مل جاتے ہیں۔۔

لیکن بہاولپور جیسے چھوٹے شہر جہاں نہ ڈیٹنگ پوائنٹ ہوں نہ ہی اس حرکت کو سپورٹ کرنے والے ہوٹل یا پارک۔ رہی سہی کثر جگہ جگہ موجود پولیس چوکیاں پوری کردیتی ہیں۔۔ یہاں اس دن کئی لوگ اپنے ہاتھوں خوشی سے خوار ہوتے ہیں۔۔ لے دے کر دو تین جگہیں ہی رہ جاتی ہیں۔۔

چڑیا گھر۔۔

یہاں ان جوڑوں کو سب سے کم خطرہ ہوتا ہے۔ کیونکہ بچے وافر مقدار میں موجود ہوتے۔۔ یہ جوڑا ہر پانچ منٹ بعد کسی نہ کسی بچے کو پچکار لیتا ہے۔۔ تاکہ سمجھا جاے انہی کا بچہ ہے۔۔ رومانس کے نام پر کبھی بن مانس تو کبھی ریچھ کے پنجرے کے سامنے ہاتھ تھام کر کھڑے ہو جاتے۔۔ شتر مرغ کے پنجروں سے کچھ فاصلے پر بیٹھ جاتے ہیں۔۔ اور وعدے وعید بھی کر لیتے ہیں۔۔ یہ اور بات ہے سامنے موجود بطخیں اور سارس کائیں کائیں کویک کویک کرکے آسمان سر پر اٹھاے رکھتے ہیں۔۔ جانوروں کے درمیان رکھی گئی یہ ہومیو پیتھک ڈیٹ ہی انکا ویلینٹائن ہوتی ہے۔

دریاے ستلج

کچھ عرصہ قبل ٹول پلازہ کراس کرکے جوڑے اس سوکھے دریا پر ڈیٹ منانے جاتے تھے۔۔ ہیرو ہیروئن کا خیال ہوتا ہے دریا میں پتھر پھینکیں گے۔۔ سہانے گیت گائیں گے۔۔ اور ڈیٹ مکمل۔۔ جبکہ سین یہ ہوتا ہے کہ پانی کے نام پر ککھ نہیں ہوتا۔ یہ ریت میں گوڈے گٹے غرق ہو کر پانی کا کوئی ٹکڑا ڈھونڈ بھی لیتے تھے تو یوں لگتا چٹیل میدان میں آگئے۔۔ سامنے سڑک پر کھڑی پولیس کو فورا نظر آجاتے۔۔ پھر یہ آگے ہوتے اور پولیس پیچھے۔۔ پے در پے پڑنے والی کٹ کی وجہ سے اب یہاں جانے سے گریز کرتے ہیں۔۔

گلزار صادق

یہاں بھی اس دن کئی جوڑے پاے جاتے۔۔ لیکن یہ ایک فیملی پارک ہے تو بزرگ لوگوں کی کافی بھاری تعداد اس پارک میں موجود ہوتی ہے۔۔ وقتا فوقتا ان کو گھورتی نظروں سے دیکھتے ہیں۔۔ ہیرو ہیروئن کے پاس یہ جگہ چھوڑنے کے علاوہ چارہ نہیں رہ جاتا۔۔

بہرحال۔۔ چھوٹا شہر ہونے کا ایک سب سے بڑا فائدہ ہی یہی ہوتا ہے ایسا کوئی ایڈونچر کرنے سے پہلے آپ کی اولادیں ہزار بار سوچتی ہیں۔۔ کوئی نہ کوئی رشتے دار رنگے ہاتھوں پکڑ ہی لیتا ہے۔۔ اور یہ مفت کے سی سی ٹی وی اسی طرح ایک دوسرے کے بچوں کی حفاظت کرتے ہیں۔۔

Check Also

Soch Badlen

By Asifa Ambreen Qazi