Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Kiran Khan
  4. Achay Hamsaye

Achay Hamsaye

اچھے ہمسائے

جس سوسائٹی میں شفٹ ہوی ہوں وہاں کچھ معلومات درکار تھی۔۔ بیٹے سے کہا جا کر ہمساے میں موجود گھر والوں سے معلومات لے آو۔۔ دل ہی دل میں یہ دعا بھی کی کہ خدا کرے با اخلاق لوگ ہوں۔۔ گھر اور اسکے باہر موجود لان تو بڑا خوبصورت اور باذوق مکینوں کی گواہی دے رہا تھا۔۔

بیٹے نے بیل بجای تو ایک خاتون باہر آئیں۔۔ بیٹے نے مجھے بلا لیا کہ خاتون سے پھر آپ خود بات کرلیں۔۔

باہر آئی ڈرتے ڈرتے انہیں سلام کیا۔۔ خاتون نے خوش اخلاقی سے سلام کا جواب دیا اور مجھے اندر آنے کی دعوت دی۔۔ رسمی بات چیت کے بعد انہوں نے اپنی بیٹی سے کہا۔۔ چاے چڑھا دو بیٹا۔۔

میرے منع کرنے کے باوجود انہوں نے اصرار کیا۔۔ سوچا چاے پی ہی لوں۔۔ یہ نہ ہو انہیں ناراض کر بیٹھوں۔۔

مجھ سے پوچھا کہ کیا کرتی ہوں۔۔

میں نے گلا کھنکھار کر مختصر سا تعارف دیا۔۔ جی میں ایک رائٹر ہوں۔۔

ان کی آنکھوں میں خوشی جھلکی۔۔

رائٹر۔۔ بہت اچھا لگا سن کر۔۔ پھر بیٹی کو آواز لگائی۔۔ بیٹی چائے کے ساتھ بسکٹ اور ڈرائی فروٹس بھی نکالو۔۔

آپ سے پہلے جو لوگ یہاں ہمارے ہمساے تھے بڑے نامعقول تھے۔۔ کیا لکھتی ہیں آپ؟

جی۔۔ میں نے چند کتابیں لکھی ہیں۔۔ کچھ میگزینز اور اخبارات میں۔۔ ویب سائٹس کو بھی لکھ کر دیتی ہوں۔۔ چند ایک پروگرامز کے سکرپٹ بھی لکھے۔۔

ان کی آنکھوں کی چمک میں مزید اضافہ ہوا۔۔ والہانہ انداز میں بیٹی کو پکارا۔۔

بیٹا فریج سے میٹھا بھی نکال لینا اور سوہن حلوہ اور کاجو برفی بھی نکال لینا۔۔

میں گڑبڑائی۔۔ دیکھیں آپ نے بس چاے کا کہا تھا۔۔ اتنا تکلف پلیز۔۔

انہوں نے میرے ہاتھ کو پیار سے اپنے ہاتھوں میں لیا۔۔

خدا خدا کرکے تو مجھے کوئی باذوق ہمساے نصیب ہوئے ہیں۔۔ کوئی پریشانی کوئی مسئلہ ہو میں آپکے لیے حاضر رہونگی۔۔ خود کو اکیلا مت سمجھنا۔۔

اس قدر خلوص پر انکا شکریہ ادا کیا۔۔

میری بیٹی ادب دوست ہے۔۔ آپ سے مل کر بہت خوش ہوگی۔۔ ابھی یونیورسٹی گئی ہے۔۔

"جی میں اپنی کتابیں بھجواونگی آپ کی بیٹی کو"۔۔ میں نے بھی فراخ دلی سے آفر دی۔۔

اس بار تو انکی خوشی کی انتہا ہی نہ رہی۔۔ مجھے لگا اب یہ بیٹی سے کہیں گی اسے مہینے کا راشن بھی لا دو۔۔

سچ پوچھیں تو دلی طور پر بڑا سکون محسوس ہوا۔۔ اچھے ہمسائے نعمت ہی تو ہوتے ہیں۔۔

چائے کے بعد اجازت چاہی باہر گیٹ تک مجھے چھوڑنے آئیں۔۔ انہوں نے گھر کے باہر والے کارنر میں کچن گارڈننگ کی ہوئی تھی اور تقریباََ ہر سبزی اگا رکھی تھی۔۔

جب کسی سبزی کی ضرورت ہو یہ گارڈن حاضر ہے۔۔ بیٹا بس خود کو تنہا مت سمجھنا۔۔

میں نے ایک بھرپور نظر ساگ کی تیار فصل والی کیاری پر ڈالی۔ ایک بار پھر انکا شکریہ ادا کیا۔ آج لاہور کچھ بہتر لگ رہا ہے۔۔

Check Also

Nange Paun Aur Shareeat Ka Nifaz

By Kiran Arzoo Nadeem