What Got You Here Wont Get You There
وٹ گاٹ ہو ہیئر وونٹ گٹ یو دیئر

کسی انسان نے، کسی سوشل میڈیا تحریر نے، کسی تقریر نے، کسی reel نے، کسی یوٹیوب ویلاگ یا پوڈ کاسٹ نے، کسی اور چیز نے میری سوچنے اور کچھ بڑا سوچنے کی قوت کو اس قدر مضبوط اور کلئیر نہیں کیا تھا۔ جتنا رہونڈا برن کی مشہور زمانہ کتاب The Secret نے سال 2018 میں کیا۔ اس کتاب کو پڑھنے کے بعد اس مصنفہ کی باتوں پر ایسا کامل یقین کیا کہ وہ سب کچھ لکھ لیا جو اور جیسا چاہیے تھا۔ وہی سوچنا شروع کر دیا اور آج وہ سب حقیقت میں رونما ہو چکا ہے جو میں نے جتنا اور جیسا سوچا اور اسے لکھا تھا۔
سیکرٹ کے بعد پاور، میجک اور ہیرو بھی پڑھی اور اس عورت کے قلم سے جو بھی لکھا ہوا چھپ چکا تھا وہ سب پڑھ لیا اور پھر ہیرو کتاب پڑھ کر خود کو اپنی زندگی کا ہیرو مان لیا۔ کیا جادو تھا ان الفاظ میں۔ جو نہ صرف میرے اوپر چلا بلکہ اس نے پورا اثر بھی دکھایا۔ یہ بات ویسی ہی ہے جیسے کسی دیہاتی کو کسی مولوی صاحب نے کہا بسم اللہ پڑھ کر دریا کے پانی پر چل لیا کرو اور وہ پانی پر چل کر دریا پار کرنے لگا۔ اپنے یقین کی قوت سے۔ میرے ساتھ بھی لگ بھگ ایسا ہی ہوا اور الحمدللہ میں اپنی زندگی سے حالات سے سب کچھ سے کہنے سے بہت آگے خوش ہوں مطمئن ہوں شکرگزار ہوں۔ کتنی خود ساختہ فکروں سے آزاد ہوا کتنے فضول کام چھوڑے اوور تھنکنگ سے نجات پائی۔
اس وقت میں وٹس ایپ اسٹیٹس لکھا کرتا تھا بہت لمبے لمبے اور میرے کئی دوست اپنی فیملی اور دوستوں کے نمبر میرے پاس سیو کراتے تھے میرے اسٹیٹس دیکھنے کے لیے۔
خیر اس کے بعد اس ٹکر کی کوئی دوسری کوئی کتاب میں نے پڑھی تو وہ یہ ہے۔ کتاب سے بڑھ کر شاید ہی کوئی دوسری پاور فل چیز ہو جو آپ کی سوچ کی کایا پلٹ سکے۔ کسی بھی فیلڈ میں معتبر نامور اور معروف لوگوں کی ایک مشترک عادت کتب بینی ہے۔ آپ کیوں نہیں کتاب پڑھتے؟
اس میں مصنف نے بہت تفصیل سے بتایا ہے کہ جو کچھ (آپ کا علم تجربہ تعلقات) آپ کو یہاں تک لایا ہے وہ مزید آگے نہیں لے جا سکتا۔ آپ کی سابقہ روایتی تعلیم، موجودہ اسکلز اور مائنڈ سیٹ اور عادات و اطوار، ہوشیاری، عقل مندی، بروقت فیصلے یا کچھ بھی اور آپ کو جہاں تک لا سکتی تھیں۔ لے آئیں ہیں۔ اب اس سب کے بھروسے پر اگلا سفر ممکن نہیں ہے۔
اگر سفر نیا درپیش ہے تو اسکی تیاری بھی نئے سرے سے ہوگی، پرانی عادات میں سے کیا بدلنا ہے، کیا نیا سیکھنا ہے۔ وہ سفر جذباتی ہے، روحانی ہے، معاشی ہے، سماجی ہے، علمی ہے، تنظیمی ہے، کاروباری ہے، مہارتی ہے، عائلی ہے یا کوئی بھی اور۔
موٹی بات یہ ہے کہ ہر وقت کچھ نیا سیکھے بنا ہم وہاں نہیں جا سکتے ہیں۔ جہاں جانے کی ہمارے دل میں تانگ ہے۔ ہماری سابقہ لرننگ جہاں لا سکتی تھی لے آئی۔ یہ اس کا حاصل ہے۔ جو ایک End ہے۔ ایک کتاب کو ایک تحریر میں نہیں سما سکتا۔ بس بتا سکتا ہوں کہ یہ ایک شاندار کتاب ہے۔ ضرور پڑھیے گا۔

