Saturday, 21 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Khawateen Ko Underestimate Na Karen

Khawateen Ko Underestimate Na Karen

خواتین کو انڈرایسٹی میٹ نا کریں

میرے سکول کے راستے میں کئی راستے ایسے آتے ہیں، جہاں سڑک سنگل یعنی 10 یا 12 فٹ ہے کراسنگ بڑی مشکل سے ہوتی ہے۔ ایک جگہ سنگل سڑک کی ایک سائیڈ پر سوئی گیس کا پائپ ڈال رہے ہیں اور سنگل سڑک کا ہی آدھا حصہ کھدائی والی مٹی سے ڈھکا ہوا ہے۔ کراسنگ کا تو وہاں سے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

آج آپ کا بھائی اپنی نئی نویلی کار میں گانے شانے سنتا جب اسی جگہ پر پہنچا جہاں سے کراسنگ ناممکن تھی، تو سامنے سے ایکوا کار میں یک دم ایک محترمہ برآمد ہوئیں اور ہم آمنے سامنے آگئے۔ میں زیادہ سفر کر کے آچکا تھا اور گاڑی ریورس کرنا مجھے اول تو ابھی ٹھیک آتا نہیں ہے، دوسرا بہت لمبا ریورس تھا اور مخالف پارٹی کے تھوڑا سا ہی پیچھے کراسنگ پوائنٹ تھا۔ میں نے گاڑی بند کی نیچے اترا اور ان کی کار کے پاس گیا۔ انہوں نے شیشہ نیچے کیا اور انجان سے خوشگوار حیرت سے مجھے اور میری گاڑی کو دیکھا۔ میں نے کہا کہ میں بالکل نیا ڈرائیور ہوں گاڑی ریورس کرنے کا ابھی تجربہ نہیں ہے۔ کار ہے بھی مینوئل۔ آپ اپنی گاڑی ریورس کر لیں تو کراسنگ ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا سر آپ میری گاڑی میں آئیں اور سیدھی ہی ڈرائیو کریں۔ اس کا بیک گئیر مسئلہ کر رہا ہے میں آپ کی کار ریورس کر لیتی ہوں۔ میں نے کہا ایز یو وِش۔ تو جناب انہوں نے کوئی آدھا کلو میٹر میری کار بڑی ہی مہارت سے ریورس کی اور میں ان کی آٹو گئیر والی کار کراسنگ پوائنٹ تک لے گیا۔ ہم نے گاڑیاں بدلیں۔ انہوں نے پوچھا آپ کیا کرتے ہیں؟ میں نے کہا سکول ٹیچر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھی ایک سکول میں ہیڈ مسٹریس ہیں۔ میری کار میں برکھا رانی کی غزل جو گاڑی سٹارٹ ہونے پر چل گئی ہوگی، کمپلیمنٹ بھی دیا کہ میوزک میں آپ کی اچھی چوائس ہے۔ میں نے ان کا بہت شکریہ ادا کیا اور وہ چلی گئیں۔

اب مٹی ڈالنے والے تین ٹریکٹر ڈرائیور، یہ واقع پیچھے ہی اپنے ٹریکٹر ٹرالیاں روکے دیکھ رہے تھے کہ کاریں تنگ راستے سے نکلیں تو ہم ٹریکٹر داخل کریں۔ ان میں سے ایک جو پہلے ٹریکٹر پر تھا اتر کر نیچے آیا اور آتے ہی بولا بھائی جان گاڑی چلانی نہ آتی ہو تو اتنی مہنگی کار لےکر کیوں آئی تھی یہ میڈم ایسی تنگ سڑک پر؟ آپ اس کی مدد نہ کرتے تو اس نے پتا نہیں کب تک ہمیں سیاپا ڈالے رکھنا تھا؟ بھائی جان ڈرائیوری بیبیاں دا کم ای نئیں، پر ایناں نوں کون سمجھائے؟ میرا اس ڈرائیور کے معصومانہ Expressionsدیکھ کر ہس ہس کے برا حال ہوگیا۔

اسے بتایا کہ یار اس نے میری مدد کی ہے میں ابھی نیا ڈرائیور ہوں۔ تو اسے لگا جیسے وہ کوئی خواب دیکھ رہا ہو اور میری بات پر یقین کیے بغیر حیرانی کے عالم میں واپس لوٹ گیا۔ میں سکول آگیا۔ میں سارا سال خواتین کے حقوق پر آن، آف بات کرتا رہتا ہوں۔ عنایہ کے متعلق بھی بہت کچھ آپ کو پتا ہے۔ آج اس دن کی مناسبت سے بس اتنا کہوں گاکہ لڑکیوں کو کسی بھی فیلڈ میں انڈر ایسٹی میٹ نا کیا کریں۔ اپنی بیٹیوں کو اتنا با اعتماد کریں، اتنا کانفی ڈینس دیں جتنا آج میری مدد کرنے والی آپی میں تھا۔

اور گھر سے باہر کسی بھی وجہ سے اکیلی خواتین کو مرد بھی تحفظ اور عزت فراہم کریں۔ اور یہ کام ہم نے روز کرنا ہے کسی خاص دن نہیں اور خواتین بھی سب مردوں کو ایک جیسا نہ سمجھیں۔ یقین کریں اچھے لوگ برے لوگوں سے ابھی بہت ہی زیادہ ہیں۔

Check Also

Tanhai Ke So Saal

By Syed Mehdi Bukhari