Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Javed Ayaz Khan
  4. Muqabla Column Naveesi Aur Parwarish e Loh o Qalam

Muqabla Column Naveesi Aur Parwarish e Loh o Qalam

مقابلہ کالم نویسی اور پرورش لوح و قلم

میں پچھلے چند سال سے ہی ڈیلی اردو کالمز سے وابستہ ہوا ہوں اور اب تک اس فورم پر شائع ہونے والے اپنے کالمز کی ایک سنچری مکمل کر چکا ہوں۔ پاکستان کے ایک دور دراز اور پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود اس سے قبل میرئے بےشمار مضامین اور کالم مختلف نیشنل اور مقامی اخبارات، رسائل، ڈائجسٹ اور میگزین میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ گو پرنٹ میڈیا کی اہمیت آج بھی اپنی جگہ مسلمہ حقیقت ہے لیکن اس سے بھی انکار کسی صورت نہیں کیا جاسکتا کہ سوشل میڈیا اور اسکرین میڈیا کا رجحان دن بدن بڑھ اور بدل رہا ہے جس کی وجہ وہ آسانیاں اور سہولتیں ہیں جو ایک قاری کو گھر بیٹھے مل رہی ہیں۔

گزشتہ دو دہائیوں میں اس شعبہ میں جو وسعت دیکھنے میں آئی ہے اس نے خبروں تبصروں، تجزیوں اور معلومات کو ریاستی سرحدی قیود سے آزاد کر دیا ہے گویا دنیا ایک چھوٹی سی اسکرین پر سمٹ چکی ہے۔ گو پرنٹ میڈیا کے پڑھنے والوں میں کمی ضرور ہوئی ہے لیکن اس کی اہمیت و حیثیت ایک مستند دستاویز کا درجہ آج بھی رکھتی ہے۔

پاکستان میں ڈیلی اردو کالمز نے بارہ سال قبل جب اردو زبان کی ترویج میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کیا تو محسوس ہوا کہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم موجود ہے جہاں بیک وقت پرنٹ میڈیا اور اسکرین میڈیا کا شوق پورا کرنا بہت آسان ہے۔ جو نہ صرف مستند دستاویز کا درجہ رکھتا ہے بلکہ چھوٹی سی اسکرین پر باآسانی میسر ہے۔ یہی کشش مجھے ڈیلی اردو کالمز کی دہلیز تک لے آئی۔ اس ضمن میں ڈیلی اردو کالمز کی انتظامیہ کا اردو زبان و ادب کی خدمت کا جذبہ اور اور قومی زبان کی ترقی میں کردار بڑی اہمیت کا حامل دکھائی دیتا ہے جو قابل تحسین اور قابل تعریف ہے۔ یہ فورم ناصرف پڑھنے والوں کے ذوق کی تسکین کا باعث بن رہا ہے بلکہ نئے قارئین اور لکھاریوں کی دلچسپی اور توجہ حاصل کرنے میں معاون بھی ثابت ہو رہا ہے۔

اردو زبان کی ترویج وترقی میں مضمون نویسی یا کالم نویسی ہی ایک ایسا راستہ ہے جو نئے لکھاریوں کو لکھنے کی تحریک دیتا ہے بلکہ ڈیلی اردو کالمز کا پلیٹ فارم نئے اور نوجوان لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہا ہے۔ اسی سلسلے کی کڑی ہے کہ اس فورم کی جانب سے ہمیشہ مقابلہ کالم نویسی اور مضمون نویسی کا انعقاد ہوتا ہے جو لکھنے والوں اور پڑھنے والوں کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔ کہتے ہیں کہ مقابلے صلاحیتوں کا امتحان ہوتے ہیں جو جذبوں کو جوان رکھتے ہیں۔ ایسا ہی ایک مقابلہ گزشتہ مارچ میں منعقد ہوا۔ جس میں لکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا اور ہر ایک نے دو کالم اس مقابلے کے لیے بھجواے۔

کہتے ہیں کہ میراتھن کی دوڑ میں ہزاروں لوگ حصہ لیتے ہیں وہ سب جیت کی امید لیے بھر پور محنت سے تیاری کرکے آتے ہیں لیکن پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر کوئی ایک ہی فرد پہنچ پاتا ہے لیکن باقی شرکاء کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں کیا جاسکتا۔ وہ سب کے سب قابل احترام اور باصلاحیت ہوتے ہیں جو کسی صورت بھی پہلے دوسرے یا تیسرے نمبر والے سے کم ہر گز نہیں ہوتے بلکہ وہی مستقبل کے چیمپین ہوتے ہیں۔ کوئی شخص ہمیشہ نہیں جیت سکتا جیت کے ہیرو بدلتے رہتے ہیں۔ جیتنے کے لیے ہارنا پڑتا ہے۔ جو ہار برداشت نہیں کرسکتا وہ جیت کا لطف نہیں لے سکتا۔ جیتنا یا ہارنا قطعی اہم نہیں ہوتا مقابلہ کرنا اہم ہوتا ہے حصہ لینا قابل فخر ہوتا ہے۔ مثبت تنقید بھی ادب کا حسن اور خوبصورتی ہوتی ہے اس لیے آپ کی تحریر کا موضوع کوئی بھی ہو مقصد صرف اردو زبان و ادب کی خدمت ہونا چاہیے۔

اس کالم نویسی کے مقابلے میں میرے مضامین کا اول آجانا ایک حسین اتفاق یا خوش قسمتی تو ہو سکتا ہے لیکن شاید میری قابلیت یا صلاحیت ہر گز نہیں کیونکہ اس فورم پر ملک بھر کے بہترین لکھاری اپنی بےپناہ صلاحیتوں کے ساتھ موجود ہیں جو میرئے لیے بھی رہنمائی کا باعث بن رہے ہیں۔ میں ڈیلی اردو کالمز کی انتظامیہ اور پوزیشن حاصل کرنے والے ساتھیوں کے ساتھ ساتھ ان لکھاریوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس مقابلے میں حصہ لے کر اسے کامیاب بنایا۔ کہتے ہیں کہ مقابلہ جیتنا اتنا اہم نہیں ہوتا جتنا اس میں شامل ہونے کا اعزاز ہوتا ہے۔

یہ ہمیشہ مقابلے ہوتے رہیں گے اور مختلف لوگ جیتتے رہیں گے لیکن اصل جیت ان کی ہے جو اس اردو زبان کی ترویج و ترقی اور فروغ کے اس مشن میں ڈیلی اردو کالمز کے ساتھ شامل ہو کر اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔ انعام کی کوئی قیمت نہیں ہوتی یہ تو اعزاز ہوتا ہے یہ پوری زندگی آپ کو جیت کا احساس دلاتا ہے اور ایک بار پھر سے جیتنے کی لگن پیدا کرتا ہے۔

ڈیلی اردو کالمز کی باصلاحیت انتظامیہ نے اردو زبان و ادب سے محبت کرنے والوں کی ایک خوبصورت ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ یعنی لکھاری برادری کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کردیا ہے۔ آئیں ہم سب مل جل کر اس عظیم مشن کی تکمیل میں ڈیلی اردو کالمز کا ساتھ دیں۔ آئیں ایک دوسرے سے سیکھیں ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ڈیلی اردو کالمز کے ساتھ محبتوں کے اس سفر میں آگے بڑھیں۔ کیونکہ کہیں دور ایک خوبصورت منزل ہماری منتظر ہے۔

ہم پرورش لوح وقلم کرتے رہیں گے
جو دل پہ گزرتی ہے رقم کرتے رہیں گے

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali