Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Irfan Javed
  4. Chand Mutnaza Aur Qabil e Tawajo Aqwal

Chand Mutnaza Aur Qabil e Tawajo Aqwal

چند متنازعہ اور قابلِ توجہ اقوال

1) ایک خود پرداختہ/خودساختہ/سیلف میڈ آدمی جب اپنے مقام سے گِرتا ہے تو سب سے زیادہ خوشی اُس کے ابتدائی قریبی دوست کو ہوتی ہے۔ (منقول)

2) اگر تُم اپنے منگیتر سے مِلنے اپنی سہیلی کو لے کر جاؤ گی تو قوی امکان ہے کہ اگلی مرتبہ وہ دونوں تمھارے بغیر(یعنی تم سے چُھپ کر، تمھارے علم کے بغیر) آپس میں ملیں گے۔ (منقول)

3) جو جتنا پیچیدہ، مُشکل اور ناقابلِ فہم ادب لکھے گا وہ اتنا بڑا ادیب کہلائے گا (ماضی کے بڑے ادیبوں کے برعکس جو خاص و عام میں برابر مقبول اور قابلِ فہم تخلیقات پیش کرتے تھے)۔

4) بیوی کو محبت سے بڑھ کر عزت دو۔

5) عورت ذات کا فطرتاً وفا شعار اور قانع ہونے کا پرانا تصور آج اتنا ہی باطل اور بوسیدہ ہے جتنا مرد کے فطرتاً بہادر، بُردبار اور دانش مند ہونے کا۔ البتہ انفرادی سطح پر ایسا ہو سکتا ہے۔

6) شادی سے پہلے جس مرد یا عورت کا جسمانی تعلق جتنے زیادہ لوگوں سے رہا ہوگا، اُس کا شادی کے بعد بے وفائی کا امکان اتنا زیادہ ہوگا۔ (اس پر مستند ڈیٹا موجود ہے)۔

7) پیسہ خوشی کا بنیادی وسیلہ نہیں لیکن زندگی کو آسان ضرور کرتا ہے۔

8) فرشتوں کو عبادت گاہوں میں تلاش مت کرو، انہیں یتیم خانوں، اپاہج گھروں، ہسپتالوں میں دیکھو، نظر آ جائیں گے۔

9) جدید دور نے انسان کی حسِ سماعت اور حسِ شامہ جتنی کُند کی ہے، اُس سے کہیں زیادہ چھٹی حِس کُند کی ہے۔

10) ایک ہزار بندے ایک مُقام پر پہنچنے کا خواب دیکھتے ہیں، البتہ صرف ایک وہاں پہنچتا ہے، باقی سب کا مقدر مایوسی بنتی ہے۔ "جب تم کسی چیز کو سچے دل سے چاہتے ہو تو ساری کائنات تمہیں اسے حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے"۔ جیسے اقوال حوصلہ بڑھانے کو تو اچھے ہیں مگر غیر حقیقی ہیں سو منزل نہ پانے والوں کو قناعت سے دُور کرکے توڑ ڈالتے ہیں۔ لاکھوں لڑکیاں خواب دیکھتی ہیں، ملکہ صِرف ایک بنتی ہے۔

11) کسی مر جانے والے کے بارے میں تمھارا لکھا بولا سچ اسے تو کوئی فرق نہیں ڈالے گا، البتہ اس سے محبت کرنے والوں کو دُکھی کر دے گا اور دل توڑنا مہا پاپ ہے۔ اگر ریکارڈ درست کرنا ہے تو اتنی ہمت رکھو کہ اس کی زندگی میں اس کے منہ پر سچ بولو۔

12) تُم اپنی حقیقت خود بھی نہیں جانتے۔ یہ سخت تر حالات یا لالچ میں سامنے آتی ہے اور تمھیں بھی حیران کر سکتی ہے۔

13) جذبات میں کیا گیا جُرم آدمی نہیں کرتا، حالات اور وقت کرتے ہیں۔ وقت گُزر جانے کے بعد ایسا ہی بندہ چونک اُٹھتا ہے "یہ میں نے کیا کر دیا"۔ گویا اس لمحے میں اس کے تحت الشعور میں خوابیدہ کوئی اور ان جانا آدمی جاگ اُٹھتا ہے اور جرم کرکے سو جاتا ہے۔

14) جو تمھارے سامنے دوسروں کی برائی کرتا ہے، وہ دوسروں کے سامنے تمھاری برائی ضرور کرے گا۔ اس سے ہوشیار رہو۔

15) ایک مرتبہ پکڑا جانے والا بے وفا شریک حیات امکاناً دوبارہ بے وفائی کرے گا، کھارے سمندری پانی کا ذائقہ جانچنے کو ایک گھونٹ ہی کافی ہوتا ہے۔

16) اپنے بھائی، بیٹے کے لیے لڑکی کی اصل صورت دیکھنے کے لیے اُسے سوگ (مرگ وغیرہ) کے اکٹھ میں دیکھو تاکہ اُسے رد کیے جانے کا احساسِ توہین نہ ہو اور تُم اُسے بغیر سجے سنورے اصل صورت میں دیکھ لو۔

17) لڑائی جھگڑے کے بعد مصالحت کے لیے بالآخر اکٹھے بیٹھنا پڑتا ہے البتہ تب تک کافی نقصان ہو چُکا ہوتا ہے۔ بہتر ہے کہ لڑائی سے پہلے ہی اکٹھے بیٹھ جاؤ(اس کا انطباق مُلکوں پر بھی ہوتا ہے)۔

18) سب سے بڑے واہمے:

جو فرماں بردار ہوتا ہے اُسے فرماں بردار اولاد مِلتی ہے۔

اردو میں بین الاقوامی معیار کا نثری ادب تخلیق کیا گیا ہے (یعنی روسی، فرانسیسی، ہسپانوی ادب وغیرہ کی ٹکر کا)۔

Check Also

Pablo Picasso, Rangon Ka Jadugar

By Asif Masood