Behte Darya, Andhere Ghar
بہتے دریا، اندھیرے گھر

گلگت بلتستان کے عوام بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سراپہ احتجاج ہے تو دوسری طرف نو منتخب وزیر اعلیٰ حلف لینے کی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اب تک حلف نہیں اٹھایا ہے۔ دوسری طرف نگراں وزیراعلی کی بھی مکمل خاموشی نے عوام کے غصے میں اضافہ کیا ہوا ہے۔ الیکشن ہونے کے باوجود یہ صوبہ لاوارث ہے اگر ہم مسائل کو ایک طرف کرکے وسائل کی بات کریں تو گلگت بلتستان قدرت کے ان چند خطوں میں شامل ہے جہاں پانی کی کبھی کمی نہیں رہی۔ دنیا کے بلند ترین پہاڑ، وسیع گلیشیئرز اور ان سے نکلنے والے دریا اور نالے دن رات رواں دواں ہیں۔ یہی پانی پاکستان کے بڑے دریاؤں کو زندگی دیتا ہے، مگر ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ اسی خطے کے ہزاروں گھر آج بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ ایک ایسا تضاد ہے جسے سمجھنا مشکل نہیں، مگر قبول کرنا ضرور مشکل ہے۔ ایک طرف بے پناہ آبی وسائل ہیں اور دوسری طرف گرمیوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ کاروبار متاثر ہوتے ہیں، طلبہ کی پڑھائی رک جاتی ہے، اسپتالوں کو مشکلات پیش آتی ہیں اور چھوٹھی صنعتیں بھی اس بحران سے متاثر ہوتی ہے۔
اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ ان وسائل سے مؤثر انداز میں فائدہ نہ اٹھانا ہے۔ اگر پن بجلی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے، جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور نئے منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کیا جائے تو بجلی کے بحران میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ترسیلی نظام کو بھی بہتر بنانا ہوگا تاکہ پیدا ہونے والی بجلی عوام تک بلا تعطل پہنچ سکے۔
گلگت بلتستان صرف اپنی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا بلکہ مستقبل میں قومی توانائی کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے، بشرطیکہ منصوبہ بندی سائنسی بنیادوں پر ہو اور ترقیاتی منصوبے کاغذوں سے نکل کر عملی شکل اختیار کریں۔
آج ضرورت نعروں کی نہیں بلکہ فیصلوں کی ہے۔ ہر وہ منصوبہ جو تاخیر کا شکار ہے، اس کی قیمت عوام لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ قدرت کی اس نعمت کو محض بہتا ہوا پانی نہ سمجھا جائے بلکہ اسے ترقی، خوشحالی اور توانائی کے مستقل حل میں تبدیل کیا جائے۔
جب دریا بہہ رہے ہوں تو اندھیروں کا جواز کمزور پڑ جاتا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر ان کے حصے میں پانی آیا ہے تو روشنی کیوں نہیں؟

