Mukhtaran Mai, PTI Aik Hi Kahani?
مختاراں مائی، پی ٹی آئی ایک ہی کہانی؟
پاکستان کے سیاسی اُفق پر چند سال پہلے مدینہ کا چاند نظر آنے پرتشکیل ریاست مدینہ کا نعرہ بلند ہوا۔ آج تین سال بعد سیاست میں نئی جہت لانے والے کپتان نے ریاست مدینہ کی جانب گامزن قافلے کا رُخ ٹی وی ڈراموں اور سوشل میڈیا کی طرف موڑدیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل ایپ ٹک ٹاک جوائن کر لی جبکہ وزیر اعظم نے ریاست مدینہ کی تشکیل کے لیے کامیاب راستہ ٹی وی ڈراموں کو قرار دے دیا ہے چنانچہ پہلے ترکی ڈرامہ"ارطغرل" کو پی ٹی وی پر اردو ترجمعہ کے ساتھ پیش کیا گیا اور اب مغل سلطنت کے بانی شہنشاہ ظہیر الدین بابر پر ڈرامہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے بالکل اسی طرح نئے انداز کے ساتھ نئے پاکستان کے نئے سپہ سالار اپنے حامیوں اور مخالفین سے بھی خوب نمٹ رہے ہیں۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ آپ اپنے مخالفین پر غلط سیاسی فیصلوں، کرپشن، اقرباء پروری اور نااہلیت کی وجہ سے تنقید نہ کریں بلکہ اپنے عمدہ اقدامات، منصوبہ بندی اور سیاسی فیصلوں سے ثابت کریں کہ آپ ایک بہتر حکمران ہیں مگر پاکستانی سیاست میں تو اُلٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ دشمن کو ہر حال میں گرانا ہے، چاہے اس کے لیے اخلاقی گراوٹ کا شکار ہی کیوں نہ ہو نا پڑے۔
مزے کی بات یہ ہے کہ بات بات پر نبی پاکﷺ اور خلافت راشدہ کا بھاشن دینے والا خود ہر وقت اپنے سیاسی مخالفین اور اُن کے خاندان کی دھجیاں بکھیرتا نظر آتا ہے حد یہ ہے کہ مریم صفدر کے ابھی تک کے غیر سیاسی بیٹے جنید صفدر کو بھی اپنے بغض اور غضب کا نشانہ بنا ڈالا۔ اُس بچارے کا قصور یہ ہے کہ برطانیہ میں کبھی کبھی بادشاہوں والا کھیل "پولو" بھی کھیل لیتا ہے جس پر وزیراعظم کو اعتراض ہے کہ پولو" جیسا بادشاہی کھیل جنید صفدر کیونکر کھیل سکتاہے چنانچہ بقول وزیراعظم وہ اپنے وسائل بتائے جن کی بنیاد پر وہ یہ کھیل کھیلتا ہے۔ اس اعتراض کے جواب میں مریم صفدر نے کہا کہ جنیدمقامی پولوٹیم کا کپتان بھی ہے۔ مریم صفدرکے اس انکشاف کے بعدعوام کو عمران خان کی جنید صفدر پر تنقید سمجھ میں آ گئی کہ اصل معاملہ "کپتانی" کا ہے۔ جیسا کہ ایک کہاوت کے مطابق"ایک میان میں دو تلواریں نہیں رہ سکتی" اسی طرح پاکستانی سیاست کا کپتان عمران خان اپنے علاوہ کسی اور کو "کپتان" ماننے کو تیار نہیں چنانچہ اب یہ معاملہ خالصتاً ذاتیات کا بن گیا ہے۔ دوسری طرف مریم صفدر بھی کہاں ہمت ہارنے والی ہیں وہ ہمیشہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی بجائے ٹی ٹونٹی کھیلنا پسند کرتی ہیں چنانچہ مریم نے بھی کھل کر شاٹس کھیلی جن کے ردعمل میں جمائما اور مریم کا دنگل ٹوئٹر پر لاکھوں شائقین نے دیکھا۔
دوسری جانب عوام کے ابتر حالات کی وجہ سے پی ٹی آئی کے کارکن انتہائی مایوس ہیں۔ ناقص حکومتی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کپتان"اکیلا" ہے اُن کے بقول کپتان کے دائیں بائیں کھڑے افراد بھی عمران خان کی ناکامی کے خواہاں ہیں چنانچہ ان حالات میں کپتان کس کس کا اور کہاں کہاں مقابلہ کرے۔ ا ن کارکنوں کے بقول اگر ایسی صورت حال نہ ہوتی تو کپتان کب کا اپنی قوم کی قسمت بدل چکا ہوتا۔ اگرچہ کافی کارکن دل برداشتہ ہو کر عملی طور پر خاموش بھی ہیں جبکہ دیگر کارکنوں کا حکومتی ناکامیوں کو دوسروں کے کھاتے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ اپنی بے بسی پر رونا پیٹنا بھی جاری ہے مگر اب تشویش ناک بات یہ ہے کہ نااُمیدی کی وجہ سے کارکنوں کی آواز مدہم پڑتی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کی ملک گیر غیر فعال تنظیم اور کارکنوں کی مایوس شکلیں دیکھ کرمجھے کافی سال پہلے کے ایک دلخراش واقعہ کی یاد آگئی۔"مختاراں مائی" نامی ایک خاتون سے علاقے کے رسہ گیروں اور وڈیروں نے زبردستی زیادتی کر ڈالی۔ مختاراں مائی نے بھرپور طریقے سے اپنا کیس عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کیا چنانچہ اس واقعہ اور احتجاج کی خبر کسی طرح اخبارات میں بھی چھپ گئی۔
زیادتی کرنے والے نامی گرامی افراد تھے مگرچونکہ مختاراں مائی کو جلد ہی مغربی آقاؤں کی آشیر باد بھی مل چکی تھی چنانچہ اُس کا بیان ہر اخبار کے پہلے صفحے کی زینت بننے لگا اور جلد ہی پاکستان میں انسانی حقوق کی بحالی کی تحریک کی ایک موثر آواز "مختاراں مائی" کی شکل میں سامنے آگئی۔ ملزم پکڑے گئے اور اپنے انجام کو پہنچے۔ مختاراں مائی کے بیانات ایک عرصے تک اخبارات کی زینت بنتے رہے مگر پھر رفتہ رفتہ وہ پردہ سکرین سے مکمل غائب ہو گئے اور اب شاذ ہی کبھی اُن کا بیان کسی اخبار میں نظروں سے گزرتا ہے بالکل اسی طرح پاکستانی سیاست کے نامور پنڈتوں نے الیکشن 2018ء میں روایتی پیرا شوٹرز بن کر پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں کے ساتھ پہلے زیادتی کی اور جب کارکنوں کا شور اُٹھا تو کافی عرصے بعد صوبائی اور ضلعی سطح پرغیر موثر کمیٹیاں اور ونگز میں کارکنوں کو عہدے بانٹ کر اشوک شوئی کا سامان بھی کیا گیا تب سادہ لوح کارکن وقتی طور پر راضی ہو گیا مگر جب ان کمیٹیوں اور ونگز کی غیر فعالیت کی حقیقت کھلی تب تک مسلسل رونے پیٹنے اور احتجاج کرنے سے کارکن بھی تھک چکا تھا۔ اب تین سال گزرنے کے بعد ہمیں ملکی سطح پر پی ٹی آئی کے کارکنوں میں نہ وہ اتحاد نظر آتا ہے اور نہ جوش وجذبہ، جو کبھی اُن کا خاصہ تھا۔ اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا مختاراں مائی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ایک ہی کہانی تو نہیں؟