Badalti Dunya Ki Maqbool Kahaniyan
بدلتی دنیاکی مقبول کہانیاں
وقت کے ہاتھوں میں زندگی کی ڈوریں تھمانے، ہواؤں کے رُخ پر بہنے اور اس بہتے پانی کا حصہ بننے سے شائد وقتی طور پر آسودگی کے چند ناپائیدار لمحات میسر آجائیں مگر مستقل کامیابی کے لیے چند دوسری حکمتیں اور تدبیریں کام آتی ہیں۔ ہمیشگی کا احساس ایک دلفریب نغمہ ہے جس کو سننے کو ہر کان بیتاب ہے مگر ہمیشگی کے حصول کے راستے پر چلنا، فی زمانہ پل صراط پر چلنے کے مترادف ہے۔ عارضی نفع اوردنیاوی آرام کی تلاش کا ایک نہ ختم ہونے والا بھیانک اور دلفریب سفر، موجودہ انسان کو ذلتوں کے عمیق اندھیروں میں دھکیل رہا ہے۔ مگر عجیب بات یہ ہے کہ حضرت انسان اپنی چند روزہ زندگی کے لمحات کو پُر مسرت بنانے کے چکر میں نقصان کا یہ سودابصد شوق خریدنے کو تیار بیٹھا ہے۔ چیختی، چنگاڑتی اور شور مچاتی بے ہنگم اور لامتناہی خواہشات کے سر سبز باغ، لالچ کے غلاف میں لپٹے فقط ایک فریب ہے۔ یہ نظر کا فریب بھی ہو سکتا ہے اور عقل کا بھی۔ بلکہ نہیں شائد شعور کا اندھا پن یا آپ اس کو سیرت کا اندھا پن کہہ لیں یا شایدکھوکھلے ذہن اورکھوکھلے کردا ر کا لیبل بہتر رہے گا۔ کیاعجب تماشہ ہے؟
مگریہ سچ ہے کہ یہ سب نام اور راستے ناکامی کے ہیں۔ جب کسی کو ایک پل کی بھی خبر نہیں تو سو برس کا سامان اکٹھا کرنے کی منطق سمجھ میں نہیں آتی۔ ایک شخص حضرت امام زین العابدینؒ کے پاس آیا اور زندگی کی کیفیت پر شکایت کرنے لگا۔ آپ ؒ نے فرمایا "بے چارہ فرزند آدم! ؑروزانہ تین طرح کی مصیبتوں میں گرفتار رہتا ہے مگر وہ اُن سے کوئی عبرت حاصل نہیں کرتا۔ اگر سبق حاصل کرتا تو اُس کی دنیا اور اُس کی مشکلات آسان ہو جاتیں۔ پہلی مصیبت یہ ہے کہ وہ اپنے مال کم ہونے پر غمگین ضرور ہوتا ہے جو ممکن ہے کسی روز دوبارہ واپس مل جائے۔ مگر ہرگزرنے والادن، جواُس کی زندگی کو کم کر رہا ہے۔ افسوس!اُس پر توجہ نہیں دیتا۔ دوسری مصیبت یہ ہے کہ اُس کو اپنی روزی کا حساب دینا ہو گا۔ اگر حلال ہے تو بچ جائے گا ورنہ حرام کی سزا پائے گا۔ تیسری مصیبت سب سے بڑی اور مشکل ہے کہ ہر دن ختم ہو نے کے ساتھ، وہ ایک قدم آخرت کے نزدیک چلا جاتا ہے اور آہستہ آہستہ اُس کا دنیا کاسفر ختم ہورہا ہے۔ لیکن وہ نہیں جانتا کہ وہ بہشت کی طرف جا رہا ہے یا جہنم کی طرف"۔ حدیث پاک ؐمیں ارشاد ہے"صدقہ کر کے اپنے اور اپنے رب کے درمیان تعلق پیدا کروگے تو تمہیں رزق دیا جائے گا، تمہاری مدد کی جائے گی اور تمہارے نقصان کی تلافی بھی کی جائے گی"۔
یہ سب حقیقت ایک طرف، مگر دنیا اپنی رنگینیوں کے جلوے بکھیر تی ہوئی اس بچارے فرزند آدم! کو اپنی جانب متوجہ کئے ہوئے ہے۔ دنیا دار لوگ اپنے کاروبارزندگی میں مصروف ہیں اور وقت کے جبر کے ہاتھوں، مہرے بنے وہ صرف اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ موجودہ وقت میں کھیلی جانے والی مقامی سیاسی شطرنج کے کھیل میں "شہنشاہ معظم"اور "سب پر بھاری"کی عزیز اور قیمتی جانوں پرکبھی پیادہ قربان ہوتا ہے تو کبھی گھوڑے کی باری آجاتی ہے۔ لائن میں کھڑے سارے درباری اورنورتن دھڑکتے دلوں کے ساتھ، اس قاتلانہ کھیل میں اپنی اپنی باری کے منتظر ہیں۔ کب کس کا وار چل جائے اور کون کس کی زد میں آ جائے، کسی کو کچھ خبر نہیں۔ چونکہ اس کھیل کے دواہم کھلاڑیوں، "جہاں پناہ اور مرد حُر" کی زندگیاں سب سے پیاری ہیں اس لیے کھیل طوالت کی طرف جارہا ہے۔ سوچ سمجھ کر چالیں کھیلی جا رہی ہیں زاد راہ وافر اور وسائل لا محدود نیز پیادوں، جیالوں اور جان نثاروں کی بھی کمی نہیں مگر حالات جس نہج پر چل پڑے ہیں وہاں "ظل الہی اور مردحُر"کے لیے اب مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آتا ہے۔ پاکستان میں سیاسی کشمکش اور جوڑ توڑ کی رسہ کشی ہمیں کوفہ کے دربار اورکربلا کے میدان کا نقشہ بنی نظر آتی ہے کہ جہاں قلیل تعداد بھی اکثریتی تعداد پر حاوی ہوجاتی ہے اور دوسری طرف یہ قلیل گروہ اپنی سیرت اور بلند کردار کی بدولت رہتی دنیا تک اپنا نام رقم کروا دیتا ہے۔ یزیدی قوتیں لوٹ مار اور چور بازاری میں اوّلیت والی، تعداد اور وسائل میں فوقیت والی، مگردراصل نصرت الہی سے محروم ہیں۔ جبکہ قافلہ حسینیت اگرچہ مشکلات میں گھراہوا ہے، تعداد میں بھی کم ہے، مال کی قلت ہے مگر مشیت الہی سے ہم آہنگ ہونے کا سفر جاری رکھے ہے اور بے شک اصل کامیابی کا سفر رضائے الہی کی جستجو میں ہی ہے۔
دوسری طرف بین الاقوامی سیاسی شطرنج کی بازی سجی ہوئی ہے اور ترجیحات کے بدلنے کا موسم آگیا ہے۔ نئے نقشوں، نئے راستوں اور نئے رفیقوں کی بات شروع ہو چکی ہے۔ حال ہی میں نئے امریکی صدر جان بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا ہے اور اب ساری دنیا کی نظریں واشنگٹن کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ ہمیں بھی اب اپنی سوچ بدلنا ہوگی چنانچہ اب اپنا گھر پہلے، اپنے لوگ پہلے، اپنا فائدہ پہلے ہوگا۔ لوگ پریکٹیکل پسندہو گئے ہیں وہ حقیقت، وقوع پذیر باتوں اور واقعات پر یقین رکھتے ہیں، اب جذباتی باتیں نہیں چلیں گی۔ لیلیٰ مجنوں کے قصے ہوئے پُرانے اور نیزوں بھالوں کی جنگ، تاریخ کے صفحوں میں کہیں گم ہو گئی ہے۔ یاد رہے!ہمیشہ وقت کے تقاضے ہی تعلقات اور گرم جوشی کا باعث ہوتے ہیں۔ نہ کوئی کسی کا مستقل دوست اور نہ مستقل دشمن ہوتا ہے۔ سمجھ جاؤ، سمجھنے والو۔ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ فیصلہ کر لو اور جھاڑ پونجھ کر آزاد ی حاصل کر لو۔ دولت کوئی اپنے ساتھ لیکرنہیں جاتا اور نہ وقت کسی کا انتظارکرتا ہے۔STITCH IN TIME SAVES NINE۔ ایسا نہ ہو کہ وقت کی لگام ہاتھ سے نکل جائے اور پھر ہاتھ ملتے رہ جاؤ۔ جغرافیائی حیثیت اور معیشت، بس یہ دو ترجیحات ہی آج کے دور کی دو مقبول کہانیاں ہیں۔ اب تو خاموش زبانوں پر بھی یہ کہانیاں ہی بولتی ہیں۔