Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ibn e Fazil
  4. Naveed Kho Naveed Ho

Naveed Kho Naveed Ho

نوید کو نوید ہو

کسی جگہ ایک دکان میں کچھ وقت کے لیے رکنا پڑا۔ صاف ستھری دکان میں میز پر کمپیوٹر اور ایل ای ڈی پڑی تھی اور ایک باریش جوان یو ٹیوب پر پرانے کرکٹ میچ دیکھ رہا تھا۔ ہم نے جان و آبرو کی امان طلب کرتے ہوئے کچھ عرض کرنے اجازت چاہی۔ پوچھا کیا کرتے ہو، کہنے لگے سٹیل فکسر مطلب چھتوں کے سریے کا کاریگر ہوں۔ پوچھا کہ دن میں کتنے گھنٹے فارغ رہ کر میچ دیکھتے ہو۔

جواب تھا کہ ہفتہ میں ایک دو دن کام آتا ہے باقی دن فراغت رہتی ہے۔ عرض کیا کہ جناب آپ یوٹیوب پر میچ دیکھنے کی بجائے اپنی فیلڈ سے متعلق معلومات کیوں نہیں حاصل کرتے۔ یہ کیوں نہیں دیکھتے کہ باقی دنیا کونسے اوزار استعمال کرکے یہ کام کرتی ہے اور ان کا کتنا وقت بچتا ہے اور ہماری نسبت کتنی آسانی سے کام کرلیتے ہیں۔ کہتے ایک تو کبھی خیال ہی نہیں آیا دوسرا انگریزی سے نابلد ہیں تو تلاش کرنا بھی مشکل ہے۔

انہیں بتایا کہ آپ Steel fixer gadgets لکھ کر تلاش کریں۔ لکھ کر دیا بہت سے چھوٹے چھوٹے گیجٹس مل گئے۔ شوق سے دیکھنے لگے۔ سریا کو انتہائی آسانی سے موڑنے کے لیے چھوٹا سا ایک اوزار تھا، کہا یہ نہیں بناسکتے۔ کہتے بنا سکتا ہوں۔ کہا اپنے لیے بھی بنائیں اور اپنے جیسے اور سریے کا کام کرنے والوں کو بھی بنا کر بیچیں۔ دن میں ایک بھی بک جائے تو کم از کم ایک ہزار روپے کی فالتو کمائی شروع ہو گئی۔

اسی طرح کے اور بہت سے ملتے جلتے کام شوق سے دیکھتے رہے۔ کہا کہ جو چھوٹے چھوٹے سریے کے ٹکڑے بچ رہتے ہیں۔ کسی کام نہیں آتے ان سے کلیاں اور ہک وغیرہ بنانے کا طریقہ سیکھیں۔ اس کے لیے چھوٹا سا کوئی اوزار بنائیں۔ کہا ضرور بنائیں گے۔ ہم نے وعدہ لیا کہ ایک ہفتہ بعد پوچھیں گے کم از پانچ سو روپے روزانہ کا کوئی نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہونا چاہیے، جی جان سے وعدہ کیا ہے اور شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

اب اگلے ہفتے جائیں گے ان کی کارکردگی دیکھنے، کوئی مشکل یا رکاوٹ ہوئی تو حل بتا آئیں گے، امید ہے دس بیس ہزار کی اضافی ماہانہ آمدن ہو جایا کرے گی۔ بس ذرا سی توجہ اور شوق سے ہم سب اپنے فارغ وقت کو بہتر طورپر استعمال کرکے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اپنی آمدن بڑھا سکتے ہیں، نوید صاحب نے تو وعدہ کیا ہے، آپ کیا کہتے ہیں؟

Check Also

Jab Aik Aurat Muhabbat Karti Hai

By Mahmood Fiaz