Century Day
سینچری ڈے
ستائس سالہ مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کے نام بہت سے ورلڈ ریکارڈ ہیں ابھی کچھ روز قبل انہوں نے ٹی ٹونٹی میں مسلسل دنیا کا ایک نمبر بلے باز رہنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا۔ اس قدر زبردست بلے باز ہونے کے باوجود بابر اعظم نے انانوے ایک روزہ میچوں میں صرف سترہ سنچریاں بنائیں۔
وہ ہر میچ میں سینچری کی آرزو بلکہ عزم لے کر نکلتے ہوں گے لیکن صرف بیس فیصد مواقع پر اپنے ارادوں میں کامیاب ہو سکے۔ اس کے باوجود وہ دنیا کے کامیاب ترین بلے باز ہیں۔
اگر آپ اس وجہ سے ہمت ہار چکے ہیں، یا کسی کام کے لیے ہمت کر نہیں پا رہے کہ آپ نے پہلے دو چار بار کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی تو یقیناً آپ کو اس مایوسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ سوچیں اگر دو چار میچوں میں ناکام رہنے کے بعد وہ اس میچ میں مایوس ہو کر گھر بیٹھ جاتے جس میں سینچری بنائی تو آج وہ نمبر ایک پر نہ ہوتے۔ اتنے بڑے، قابل اور زبردست بلے باز کو بھی نہیں پتہ ہوتا کہ کون سا دن ہو گا جب وہ سینچری بنا لے گا؟
تو ہم جیسوں کو جن کی مشق ہی آدھی ادھوری ہے کیسے پتہ ہو سکتا ہے، اٹھ جائیں ہمت پکڑیں کوئی بعید نہیں کہ آج ہی آپ کا سینچری ڈے ہو۔